कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

سالارِ سخنِ دکن ڈاکٹر زرتاج ہاشمی سحر کی آٹھویں برسی پر رفیع الشان مشاعرہ

پربھنی: 14؍ستمبر ( محمد سرور شریف ضلع نامہ نگار) اردو رائٹرس فورم، پربھنی کے زیرِ اہتمام سالارِ سخنِ دکن ڈاکٹر زرتاج ہاشمی سحر کی آٹھویں برسی کے موقع پر 13 ستمبر 2026 بروز اتوار، برائٹ انگلش اسکول، اقبال نگر، پربھنی میں ایک رفیع الشان مشاعرے کا انعقاد عمل میں آیا۔ مشاعرے کی صدارت استاد شاعر جناب طٰہٰ صدیقی نے کی، جبکہ مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے جناب الحاج شیخ عبدالرب، موظف ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر، پربھنی و کارگزار صدر اردو رائٹرس فورم، حافظ و قاری مجیب الرحمن حسینی، امام و خطیب مالی بیس مسجد، پربھنی، اور ڈاکٹر محمد عبدالرافع، پرنسپل وسنت راؤ کالے سینیئر کالج، ناندیڑ، شریک ہوئے۔مشاعرے کے کنوینر ڈاکٹر سید نورالامین، شعبۂ اردو، شاردہ مہا ودیالیہ، پربھنی، اور جناب منور جامی نے اورنگ آباد، ناندیڑ، پربھنی اور دیگر علاقوں سے معروف شعرائے کرام اور محبانِ اردو کو مدعو کیا۔ تقریب کا آغاز حافظ و قاری مجیب الرحمن حسینی کی تلاوتِ کلامِ پاک اور دعائے مغفرت سے ہوا۔ بعد ازاں ڈاکٹر سید نورالامین نے ڈاکٹر زرتاج ہاشمی سحر کی حیات، شخصیت اور ادبی خدمات، بالخصوص ان کی شاعری، پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔جناب الحاج شیخ عبدالرب نے اپنے اظہارِ خیال میں ڈاکٹر نورالامین کی جانب سے اپنے دیرینہ رفیق ڈاکٹر زرتاج ہاشمی سحر کو ہر سال ان کی برسی کے موقع پر محبت و خلوص کے ساتھ یاد کرنے کو قابلِ قدر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں جب بعض اوقات خونی رشتے بھی اپنی ذمہ داریوں سے غافل نظر آتے ہیں، ایسے میں ایک دوست کا اپنے مرحوم رفیق کو مسلسل یاد رکھنا اور ان کی ادبی خدمات کو زندہ رکھنا قابلِ تحسین عمل ہے۔اس موقع پر ڈاکٹر محمد عبدالرافع نے اپنے ڈی ایڈ کالج، جالنہ کے استاد جناب شیخ عبدالرب کی شال پوشی اور گل پوشی کرتے ہوئے اپنے پی ایچ ڈی مقالے پر مبنی کتاب ’’خواجہ حسن نظامیؒ دہلوی: حیات و ادبی کارنامے‘‘ بطورِ تحفہ پیش کی۔ اس طرح انہوں نے اپنے استاد کی پذیرائی اور احترام کا عملی اظہار کیا۔ ڈاکٹر عبدالرافع نے اورنگ آباد سے تشریف لائے شاعر جناب احمد اورنگ آبادی کا بھی گل پیش کرکے استقبال کیا اور انہیں اپنی کتاب پیش کی۔ڈاکٹر محمد عبدالرافع نے اپنے خطاب میں ڈاکٹر زرتاج ہاشمی سحر کے مجموعۂ کلام ’’مظہرِ عشق‘‘ پر تفصیلی تبصرہ کرتے ہوئے ان کی شعری خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے مشاعرے کے کامیاب انعقاد پر کنوینر ڈاکٹر سید نورالامین کو مبارک باد دی اور مدعو کرنے پر اظہارِ تشکر کیا۔مشاعرے میں پربھنی شہر کے علاوہ بیرونِ اضلاع سے تشریف لانے والے شعرائے کرام اور محبانِ اردو کا گل پیش کرکے استقبال کیا گیا۔ مشاعرے میں طٰہٰ صدیقی، کلیم شاداب آکوٹ، احمد اورنگ آبادی، شفیع احمد شفیع، واحد جاذب، ڈاکٹر منیب حنفی، سلیم رشیدی، منور شاہ، وسیم راہی، فیروز سروش، زبیر گوہر، معاویہ عبد الکلام، سید رضوان راوی، جنید اقبال فاروقی، عامر خان عامر، محمد یوسف، انور خان اور دیگر شعرائے کرام نے اپنا منتخب کلام پیش کیا اور سامعین سے خوب دادِ تحسین حاصل کی۔مشاعرے کی نظامت معروف شاعر جناب انصاری جاوید نے اپنے منفرد اور دل نشیں انداز میں انجام دی۔ شہر اور بیرونِ شہر سے بڑی تعداد میں محبانِ اردو نے شرکت کرکے شعراء کی حوصلہ افزائی کی اور مشاعرے کو کامیاب بنایا۔ آخر میں معتمد اردو رائٹرس فورم جناب یونس انور نے تمام مہمانان، شعرائے کرام، سامعین اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ یوں ڈاکٹر زرتاج ہاشمی سحر کی یاد میں منعقدہ یہ پُروقار اور یادگار مشاعرہ دیر رات گئے اختتام پذیر ہوا۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے