कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

دعا کے بعد برسنے لگی رحمتِ الٰہی: بساڑ میں نمازِ استسقاء کے بعد اچانک بارش، قدرتِ خداوندی کا ایمان افروز منظر

جمعہ میں کھام گاؤں ناندورہ اور ملکاپور میں بھی کیا گیا دعاؤں کا اہتمام

ملکاپور : 11/ ستمبر ( محمد احسان سر ) انسان اپنی تدبیروں، وسائل اور طاقت پر کتنا ہی ناز کیوں نہ کرے، اصل قدرت اللہ تعالیٰ ہی کے ہاتھ میں ہے. جب بندہ اپنی کمزوری کا اعتراف کرتے ہوئے سچے دل سے اپنے رب کے حضور جھک جاتا ہے تو رحمتِ الٰہی کے دروازے کھلنے میں دیر نہیں لگتی. بلڈھانہ ضلع تعلقہ ناندورہ کے بساڑ گاؤں میں جمعہ کے روز پیش آنے والا ایک ایمان افروز واقعہ اسی حقیقت کی یاد تازہ کر گیا. تعلقہ ناندورہ سے تقریباً 8 تا 10 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع بساڑ گاؤں میں 11 ستمبر 2026 بروز جمعہ بارش نہ ہونے اور فصلوں کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیشِ نظر بارانِ رحمت کے لیے خصوصی دعا اور نمازِ استسقاء کا اہتمام کیا گیا. گزشتہ تقریباً ڈیڑھ ماہ سے بلڈھانہ ضلع اور اطراف کے کئی علاقوں میں بارش نہ ہونے کے باعث کسان شدید پریشانی میں مبتلا ہیں. کھیتوں میں کھڑی فصلیں پانی کی قلت کے باعث تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہیں. ایسے نازک حالات میں بساڑ کے لوگوں نے ظاہری اسباب کے ساتھ ساتھ اپنے حقیقی رب کے حضور رجوع کرنے کا فیصلہ کیا. بعد نمازِ جمعہ گاؤں کے لوگ بڑی تعداد میں اپنے جانوروں کو ساتھ لے کر نمازِ استسقاء کی ادائیگی کے لیے اور نماز کی شرائط کے مطابق نماز کی ادائیگی کے لئے جابر خان سعید خان کے خشک اور سیاہ پڑ چکے کھیت کی جانب روانہ ہوئے. اس موقع پر امام مولوی ندیم امباسی نے نہایت مؤثر اور سبق آموز خطاب کیا. انہوں نے لوگوں کو گناہوں سے سچی توبہ، اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع، حقوق العباد کی ادائیگی اور زندگی کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کی تلقین کی.
اس کے بعد نمازِ استسقاء ادا کی گئی. نماز کے اختتام پر جب لوگوں نے عاجزی و انکساری کے ساتھ اپنے گناہوں کی معافی مانگتے ہوئے بارانِ رحمت کے لیے دعا کی تو ماحول انتہائی رقت آمیز ہوگیا۔ کئی افراد کی آنکھوں سے آنسو جاری تھے اور لوگ اپنے رب کے حضور گڑگڑا کر رحمت طلب کر رہے تھے.
قدرتِ الٰہی کا حیرت انگیز منظر اس کے فوراً بعد دیکھنے کو ملا, لوگ ابھی وہاں سے کچھ ہی دور پہنچے تھے کہ اچانک آسمان پر بادل چھا گئے اور بارش شروع ہوگئی. دیکھتے ہی دیکھتے وہ لوگ جو کچھ دیر قبل چلچلاتی دھوپ میں پسینے سے شرابور تھے، بارش کے پانی میں بھیگ گئے. جس زمین پر چند لمحے پہلے خشکی اور بے بسی کا منظر تھا، وہاں رحمتِ الٰہی برسنے لگی. گاؤں والوں نے اس بارش کو اللہ تعالیٰ کی قدرت اور اپنی دعا کے بعد ملنے والی رحمت سے تعبیر کرتے ہوئے شکر ادا کیا. بلاشبہ بارش کا نزول اللہ تعالیٰ کے اختیار میں ہے، اور اس واقعے نے لوگوں کو یہ احساس ضرور دلایا کہ انسان کی تدبیر محدود ہے، مگر اللہ کی قدرت بے حد و حساب ہے.
انسان کے لیے ایک بڑا سبق:
آج انسان مادی ترقی، دولت، ٹیکنالوجی اور اپنی طاقت پر بھروسہ کرتے ہوئے اپنے خالق کو بھولتا جا رہا ہے. حالانکہ قرآن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہر وقت، ہر لمحہ اور مصیبت و بے بسی کے وقت حقیقی سہارا صرف اللہ تعالیٰ کی ذات ہے. اس لیے ضرورت صرف بارش مانگنے کی نہیں بلکہ اپنے اعمال کا جائزہ لینے، گناہوں سے توبہ کرنے، ظلم و زیادتی سے بچنے، حقوق العباد ادا کرنے اور اللہ تعالیٰ سے اپنا تعلق مضبوط کرنے کی بھی ہے. بساڑ کا یہ واقعہ لوگوں کے لیے ایک پیغام بن گیا کہ جب انسان اپنی انا چھوڑ کر عاجزی کے ساتھ اپنے رب کے سامنے جھکتا ہے تو اس کے دل میں امید پیدا ہوتی ہے. بارش صرف زمین کو زندہ نہیں کرتی، بلکہ توبہ انسان کے دل کو بھی زندہ کر دیتی ہے. آج جمعہ کے دن جمعہ کی نماز کے بعد ملکاپور، کھام گاؤں، ناندورہ اور اطراف کے علاقوں میں بھی بارش کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا. طویل عرصے سے بارش نہ ہونے کے سبب کسانوں کی مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں اور فصلوں کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے. کسانوں اور شہریوں کی جانب سے مہاراشٹر حکومت سے علاقے کی صورتحال کا جائزہ لے کر قحط/خشک سالی سے متعلق مناسب سرکاری اقدام اور ضروری امداد فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے.
پیغام یہی ہے کہ اسباب اختیار کرنا ہماری ذمہ داری ہے، مگر نتائج کا اختیار اللہ تعالیٰ کے پاس ہے. زمین خشک ہو تو پانی کے لیے بادلوں کی طرف دیکھنے سے پہلے دل کو اپنے رب کی طرف موڑنا چاہیے.

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے