कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

حسنِ اخلاق زندگی کا حسین ترین وصف

تحریر:محمد عادل ارریاوی

حسنِ اخلاق کا مفہوم نہایت وسیع ہے مگر ہم نے اسے چند ظاہری آداب تک محدود کردیا ہے حالاں کہ یہ انسان کے افکار کردار معاملات اور زندگی کے ہر شعبے کو اپنے دامن میں سمیٹے ہوئے ہے۔
آج کل لوگوں نے حسنِ اخلاق کے مفہوم کو بہت محدود اور خاص کر دیا ہے اور وہ اس غلط نہی کا شکار ہیں کہ حسن اخلاق کا مطلب صرف لوگوں سے خندہ پیشانی اور بشاشت کے ساتھ ملنا مہربانی اور شفقت کا معاملہ کرنا مسکرا کر بات کر لینا اور ہمدردی کے الفاظ کہہ دینا ہے۔ جب کہ حقیقت یہ ہے کہ اخلاق کا مفہوم بہت وسیع ہے اور اپنے اندر پوری انسانی زندگی کو سمیٹے ہوئے ہے وہ صرف مذکورہ چیزوں ہی کو شامل نہیں ہے بلکہ اس کے بہت سے شعبے ہیں شیریں و میٹھے بول ، عفو و درگزر، رفق و نرمی ، شفقت و مہربانی، انس و محبت ، اکرام و اعز از حلم و بردباری، حیا و شرم ، وسعت ظرفی و سخاوت، صلہ رحمی و حاجت روائی، تعاون و امداد، صبر و شکر، متانت و سنجیدگی ، عدل و انصاف، امانت و دیانت، ماں باپ، بھائی بہن ، عزیز واقارب، بیوی بچے ، تیموں مسکینوں، پڑوسی مسلمان اور غیر مسلم حتی کہ جانوروں اور پرندوں کے ساتھ بھی حسن سلوک و حسن معاملہ وغیرہ، یہ تمام حسن اخلاق کے شعبے ہیں، جن کی شریعت مطہرہ میں تعلیم دی گئی ہے اور ان تمام شعبوں میں اچھا رویہ اختیار کرنے والا ہی اچھے اخلاق کا حامل اور اس عظیم صفت سے متصف کہلانے کا مستحق ہوگا ۔
شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب دامت برکاتہم اخلاق کے مفہوم میں وسعت کو بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں۔
آج کل عرف عام میں اخلاق کا مطلب یہ سمجھا جاتا ہے کہ آدمی دوسرے سے خندہ پیشانی سے پیش آئے، مسکرا کر اس سے ملے اور نرمی سے بات کر لے، ہمدردی کے الفاظ اس سے کہہ دے، بس اسی کو اخلاق سمجھا جاتا ہے۔ خوب سمجھ لیجیے کہ شریعت کی نظر میں اخلاق کا مفہوم بہت وسیع اور عام ہے، اس مفہوم میں بیشک یہ باتیں بھی داخل ہیں کہ جب انسان دوسرے سے ملے تو خندہ پیشانی سے ملے، اظہار محبت کرے اور اس کے چہرے پر ملاقات کے وقت بشاشت ہو، نرمی کے ساتھ گفتگو کرے لیکن اخلاق صرف اس طرز عمل میں منحصر نہیں ہے، بلکہ اخلاق در حقیقت دل کی کیفیات کا نام ہے، دل میں جو جذبات اٹھتے ہیں اور جو خواہشات دل میں پیدا ہوتی ہیں ان کا نام اخلاق ہے۔ پھر اچھے اخلاق کے معنی یہ ہیں کہ انسان کے جذبات میں اچھی اور خوشگوار باتیں پیدا ہوتی ہوں اور برے اخلاق کے معنی یہ ہیں کہ اس کے دل میں خراب جذبات اور غلط خواہشات پیدا ہوتی ہوں ۔ لہذا شریعت کا بہت اہم حصہ یہ ہے کہ انسان اپنے اخلاق کی اصلاح کرے اور دل میں پرورش پانے والے جذبات کو اعتدال پر لائے. (اصطلاحی خطبات اچھے اخلاق کا مطلب ج ۵ ص ۸۵)
اللہ رب العزت کو غصہ پینے والے اور معاف کرنے والے پسند ہیں۔
قرآن کریم میں اللہ رب العزت ارشاد فرماتے ہیں
وَسَارِعُوا إِلَى مَغْفِرَةٍ مِنْ رَبِّكُمْ وَجَنَّةٍ عَرْضُهَا السَّمَاوَاتُ وَالْأَرْضُ أُعِدَّتْ لِلْمُتَّقِينَ . الَّذِينَ يُنفِقُونَ فِي السَّرَّاءِ وَالضَّرَّاءِ وَالْكَاظِمِينَ الْغَيْظَ وَالْعَافِينَ عَنِ النَّاسِ وَاللَّهُ يُحِبُّ الْمُحْسِنِينَ (آل عمران۱۳۴ ،۱۳۳)
اور اپنے رب کی طرف سے مغفرت اور وہ جنت حاصل کرنے کے لیے ایک دوسرے سے بڑھ کر تیزی دکھاؤ جس کی چوڑائی اتنی ہے کہ اس میں تمام اور زمین سما جائیں وہ ان پر ہیز گاروں کے لیے تیار کی گئی ہے۔ جو خوشحالی میں بھی اور بدحالی میں بھی اللہ کے لیے مال خرچ کرتے ہیں، اور جو غصے کو پی جانے اور لوگوں کو معاف کر دینے کے عادی ہیں ۔ اللہ ایسے نیک لوگوں سے محبت کرتا ہے۔
بعض لوگ محفلوں میں نہایت خوش اخلاق دکھائی دیتے ہیں، لیکن گھر کی چار دیواری میں ان کا رویّہ اس کے بالکل برعکس ہوتا ہے بعض کی زبان پر مٹھاس ہوتی ہے، مگر دل میں دوسروں کے لیے کینہ، حسد اور بغض پرورش پاتا ہے بعض دوسروں کو نصیحت تو بہت کرتے ہیں، مگر خود اپنے معاملات میں عدل و انصاف کا دامن چھوڑ دیتے ہیں۔ حالاں کہ حسنِ اخلاق کا تقاضا یہ ہے کہ انسان کا ظاہر و باطن، قول و عمل اور انفرادی و اجتماعی زندگی حتی الامکان اچھے اخلاق سے آراستہ ہو۔
یاد رکھیے عبادت انسان کو اللہ ربّ العزت سے جوڑتی ہے اور حسنِ اخلاق اس کے کردار کو خوب صورت بناتا ہے۔ دین کا تقاضا یہ ہے کہ ہماری عبادات کے ساتھ ہمارے معاملات بھی درست ہوں، ہماری زبان کے ساتھ ہمارے دل کی بھی اصلاح ہو اور ہماری نیکی صرف ہماری ذات تک محدود نہ رہے، بلکہ اس کے اثرات ہمارے گھر، خاندان اور پورے معاشرے تک پہنچیں۔ یہی وہ حسنِ اخلاق ہے جو انسان کو لوگوں کے دلوں میں محبوب اور اللہ ربّ العزت کے نزدیک پسندیدہ بنا دیتا ہے۔
اللہ ربّ العزت ہم سب دین کی صحیح سمجھ عطافرماۓ اور عمل کی توفیق دے آمین یارب العالمین ۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے