कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

ہماری زندگی کے قیمتی شب و روز کہاں صرف ہو رہے ہیں؟

تحریر: محمد عادل ارریاوی

آج ہم نے ذرا غور و فکر کیا کہ آخر ہم زندگی میں کہاں سے کہاں پہنچ گئے ہیں اور کس دور سے گزر رہے ہیں؟ آج سے چند سال پہلے کا زمانہ کیسا تھا اور آج کا زمانہ کس قدر بدل چکا ہے؟ جدید دور میں کتنی چیزیں بآسانی میسر ہوگئی ہیں، زندگی میں کتنی سہولتیں پیدا ہوگئی ہیں، لیکن اس کے باوجود ہم نے کیا پایا اور کیا کھو دیا؟ آج جب ہم ماضی اور حال کا موازنہ کرتے ہیں تو محسوس ہوتا ہے کہ سہولتیں تو بے شمار بڑھ گئی ہیں، مگر زندگی میں وقت اور برکت کی کمی ہوتی جا رہی ہے۔
آپ دیکھیں ہوں گے کہ پہلے زمانے میں ایسے بہت سے کام اپنے ہاتھ، پاؤں وغیرہ سے کرنے پڑتے تھے جو آج مشینوں کے ذریعہ سے انجام پارہے ہیں، اور پہلے وقتوں میں ان کاموں کی انجام دہی میں بہت وقت خرچ ہوتا تھا، لیکن اس کے باوجود اس زمانے میں لوگوں کی زندگی اور اوقات میں برکت تھی۔
لیکن آج جدید ٹیکنالوجی کے دور میں ہمارے بے شمار کام کاج مشینوں کے ذریعہ سے برق رفتاری کے ساتھ انجام پانے کے باوجود، نہ تو ہماری زندگیوں میں برکت دکھائی دیتی ہے اور نہ ہی کاموں میں قابل ذکر برکت محسوس ہوتی ۔
پہلے زمانہ میں عام طور پر گندم کا آٹا گھروں میں ہی چکی کے ذریعہ سے پیسا جاتا تھا لیکن اب بازار سے پیسا ہوا آٹا ملتا ہے، پہلے زمانہ میں بازار سے چاول خریدنے کے بجائے گھر میں اس کو چکی پر پیسا جاتا تھا، اور اب تیار شدہ چاول اپنی مرضی کے بآسانی خرید لیے جاتے ہیں، پہلے زمانہ میں گھروں میں ہی کھانا تیار کرنے سے پہلے مسالہ پیسا جاتا تھا، جس میں مرچ، ہلدی، وغیرہ سب کو پیسنا پڑتا تھا، لیکن اب اس طرح کی چیزیں بازار سے پسی ہوئی بآسانی حاصل کر لی جاتی ہیں۔
پہلے زمانہ میں کپڑے ہاتھ سے دھوئے جاتے تھے، خاص خاص لوگ رؤساء وغیرہ ہی خاندانی دھوبیوں سے دھلواتے تھے، اور کپڑوں کی دھلائی کا عمل بڑی محنت اور جد و جہد کا شمار ہوتا تھا، لیکن آج کے دور میں مشین سے بآسانی دھو لیے جاتے ہیں۔
پہلے زمانے میں پانی کو ہینڈ پمپ یا کنویں وغیرہ سے کھینچ کر حاصل کیا جاتا تھا، اور کنویں بھی گھر گھر میں اور ہر جگہ نہیں ہوتے تھے، بلکہ خاص خاص جگہوں میں ہوتے تھے جس کی وجہ سے پانی حاصل کرنے کے لیے بڑی جدو جہد اور مشقت برداشت کرنی پڑتی تھی، لیکن آج کے زمانہ میں بجلی اور موٹر وغیرہ کے ذریعہ سے یا سرکاری لائنوں سے پانی بآسانی حاصل ہو جاتا ہے۔
پہلے زمانے میں عام طور پر آمد و رفت پیدل ہوتی تھی، اور اس میں بہت زیادہ وقت صرف ہو جایا کرتا تھا، لیکن اب آمد ورفت اور سفر واسفار کے مختلف تیز ترین رفتار ذرائع میسر ہیں، جن کے ذریعے تھوڑے وقت میں دور دراز کا سفر غیر معمولی تھکاوٹ و مشقت کے بغیر طے کر لیا جاتا ہے۔
پہلے زمانے میں کسی دور کے شخص سے کوئی بات کرنی ہو، تو اس کے پاس خود چل کر جانا پڑتا تھا، یا کسی کو بھیجنا پڑتا تھا، جس میں بہت وقت خرچ ہو جاتا تھا لیکن آج کے دور میں اس کے بجائے کے ٹیلی فون نیٹ فون وغیرہ کے ذریعہ سے دور دراز بیٹھے ہوئے شخص سے بآسانی رابطہ کر کے ذرا سی دیر میں یہ مقصد پورا کر لیا جاتا ہے، پہلے زمانہ میں پیشاب پاخانہ کی ضروریات کے لیے گھروں سے باہر دور جنگل کھیت وغیرہ میں جانا پڑتا تھا، اسی طرح کھانا وغیرہ پکانے اور آگ جلانے کا عمل بھی مشقت پر مبنی تھا، لیکن اب ان چیزوں میں غیر معمولی سہولت ہو چکی ہے۔
ان حالات کا تقاضا یہ تھا کہ آج کے دور میں لوگ اکثر اوقات میں فارغ رہا کرتے زندگی کے اوقات میں برکت نظر آتی لیکن اس کے برعکس ہم دیکھتے ہیں کہ موجودہ زمانہ میں ہر شخص ہمہ وقت اور ہمہ تن مصروف دکھائی دیتا ہے، اور اس کے پاس ضروری کاموں کے لیے بھی وقت نہیں ہوتا، جس کی شکایت زبان زدعام ہے۔
اس کی کیا وجہ ہے؟ کیا دن اور رات کی رفتار کم ہوگئی ؟ ظاہر ہے کہ ایسا نہیں ہے، سورج اور چاند اپنی پہلی مقررہ رفتار کے مطابق چل رہے ہیں ، ان میں ایک منٹ کی بھی کمی نہیں ہوئی۔ لیکن اس کے باوجود آج ہم دیکھتے ہیں کہ ہر شخص ہمہ دم مصروف نظر آتا ہے، اور وقت کی تنگی کا رونا روتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔
ہمارے معاشرے میں کئی چیزیں فضول مہمل، بلکہ منکر ایسی رائج ہو گئی ہیں کہ جن کی وجہ سے ہماری معاشرت میں بہت بگاڑ اور فساد پیدا ہو رہا ہے، اور زندگی کی انمول گھڑیاں شب و روز ان چیزوں کی نذر ہو رہی ہیں۔ادھر اُدھر کی فضول باتوں کے علاوہ ٹیلی ویژن اور انٹرنیٹ پر گھنٹوں گھنٹوں فضولیات بلکہ منکرات میں مشغول رہا جاتا ہے، تھوڑی تھوڑی دیر بعد دنیا جہاں کے فضول اور گناہ پر مشتمل قصوں کے نیوز سنے اور دیکھے جاتے ہیں، موبائل فون پر ستے پیکیج لگا کر گھنٹوں گھنٹوں اس طرح کی باتوں میں وقت گزارا جاتا ہے۔
اخبار کے لایعنی اور منکرات پر مشتمل مضامین کو صبح سے شام تک یا غیر معمولی وقت لگا کر مطالعہ و ملاحظہ کیا جاتا ہے۔
فیس بک واٹسپ انسٹاگرام ریلس اور یوٹوب وغیرہ پر گھنٹوں منہمک رہ کر فضولیات بلکہ منکرات پر مشتمل چیزوں کو نہایت انہماک سے پڑھا دیکھا اور سنا جاتا ہے، اور خود بھی اس طرح کی چیزیں دوسروں کو انٹرنیٹ موبائل فون وغیرہ کے ذریعہ ارسال کی جاتی ہیں۔
اس طرح کے حالات اور ماحول میں پھر زندگی اور وقت میں برکت کہاں سے آئے گی، جب اپنے ہی ہاتھوں سے زندگی اور اس کی انمول ساعتوں کو ضائع کیا جارہا ہے۔
لہذا زندگی کے اوقات میں برکت نہ ہونے کا رونا رونے کے بجائے اپنے آپ کو مذکورہ اور ان جیسی دوسری فضولیات و منکرات سے بچانے کا اہتمام کرنا چاہیے۔
اس کے بعد دیکھیے کہ زندگی اور اوقات میں کیسی برکت ہوتی ہے، بلکہ امید ہے کہ ان شاء اللہ تعالٰی اس کی وجہ سے زندگی سکون و طمانیت سے بھی بھر جائے گی اور دنیا کے ضروری کاموں کے علاوہ، آخرت کے کاموں کے لیے بھی وقت بچے گا جس سے دنیا کے ساتھ ساتھ آخرت کا بھی معاملہ درست ہوگا۔
اللہ ربّ العزت ہمارے اوقات میں خوب برکت عطا فرمائے۔ آمین۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے