कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

مفتی امتیاز احمد فلاحی صاحب کا اجمالی تعارف

(ناظمِ تعلیمات دارالعلوم محمدیہ و امام و خطیب مسجد حضرت عکرمہ رضی اللہ عنہ)

از قلم مفتی محمد اسلم جامعی
(امام و خطیب مسجد آصفہ ابراہیم مالدہ شیوار مالیگاؤں)
پیش کش مولانا سفیان احمد جمالی صاحب
(صدر مجلس ابنائے قدیم مدرسہ اسلامیہ مالیگاؤں)

دشت کو دریا صحرا کو شہر نہیں لکھا
دیدہ لکھا ہے ہم نے شنیدہ نہیں لکھا
درس تدریس، تعلیم و تعلُّم اور امامت و خطابت کی مسندِ ہدایت پر جلوہ گر ہوکر طالبانِ علوم نبوت کے قلوب و اذہان میں علوم اسلامیہ کے نقش و نگار کندہ کرنا اور لوگوں کی شرعی رہنمائی کرنا سب سے بڑی نیکی اور بلند ترین ذمہ داری ہے، بل کہ تدریس کارِ پیغمبری اور امامت راہِ ولایت و منصبِ خلافت ہے، کیوں کہ یہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز میں نیابت ہے، شَرْفُ الْمَکِیْنِ بِالْمَکَانِ، الصَّاحِبُ سَاحِبٌ کے مصداق ہے چوں کہ ان شعبوں سے وابستہ افراد بھی بلند ترین نسبت کی وجہ سے عالی قدر ہیں شَرْفُ الْمَرْءِ بالْعِلْمِ وَالْاَدَبِ لَا بِالْمَالِ وَالنَّسَبِ زیرِ نظر تحریر میں راقم السطور اپنے ایک ہم تدریس رفیقِ محترم مفتی امتیاز احمد فلاحی صاحب کا اجمالی تعارف نوکِ قلم سے صفحہ قرطاس پر ثبت کرنے کا خواہاں ہے کیوں کہ مفتی صاحب نے ایک طویل تسلسل کے ساتھ تدریسِ کُتب امامت و خطابت اور درسِ قرآن کے ذریعے اپنی علمی رعنائی اور فکری توانائی سے ان گنت لوگوں کو فائدہ پہنچایا ہے تقریباً دو جگہ درسِ قرآن کی تکمیل کی ہے، جس پر مجلس ابنائے قدیم مدرسہ اسلامیہ کی جانب سے 10 دسمبر 2026 بروز جمعرات بعدِ نماز مغرب فوراً مدرسہ اسلامیہ میں ایک استقبالیہ تقریب منعقد ہوگی اور اس میں حضرت مفتی صاحب کا اعزاز و استقبال کیا جائے گا اسی مناسبت سے یہ تعارفی تحریر حوالۂ قرطاس کی گئی ہے اور چوں کہ تعارف نویسی سے ہی شخصیت کے فضل و کمال، تدریسی خدمات اور چیدہ خوبیوں سے پردہ اُٹھتا ہے جو دوسروں کے لیے مشعلِ راہ اور آگے بڑھنے کا ذریعہ بنتا ہے اردو و عربی کے صاحبِ طرزِ ادیب حضرت مولانا نور عالم خلیل لامینی صاحب رح نے ” پسِ مرگ زندہ اور جانے پہچانے لوگ کے مقدمہ میں” اسی جانب اشارہ کیا ہے (جو وجہ راقم نے اوپر ذکر کی )
⬜تاریخ پیدائش و نام⬜ مفتی صاحب کا پورا نام امتیاز احمد بن محمد صادق بن غفران إبن حاجی نصر اللہ کمایت ہے پردادا مرحوم حاجی نصر اللہ صاحب کمایت فیض آباد کے تاریخی علاقے مچھلی پور سے ہجرت کر کے مالیگاؤں تشریف لائے تھے، پیدائش 1 اپریل 1985 مطابق ١٠ رجب المرجب ١٤٤٥ھ بروز پیر شہر کے معروف علاقے نیا پورہ میں ہوئی۔
⬜ عصری تعلیم⬜
علمی زندگی کا آغاز مکتبی تعلیم سے ہوا چناں چہ مدنی مسجد میں جاری شبینہ مکتب، مدرسہ فرقانیہ میں قاری محمد حسن صاحب رح اور قاری محمد اسحاق صاحب رح کے پاس 12 دسمبر 1998 مطابق ١٢ شعبان المعظم ١٤١٩ھ بروز سنیچر ناظرہ قرآن مجید کی تکمیل کی، اور اسی مکتبی تعلیم کے ساتھ ساتھ عام روج کے مطابق مالیگاؤں ہائی اسکول میں آٹھویں جماعت تک عصری تعلیم حاصل کی،
⬜دینی تعلیم اور حفط⬜مشیتِ ایزدی میں یہ امر طے پا چکا تھا کہ آپ نسبتِ علمی سے آشنا ہوں گے اس لیے دینی تعلیم کے حصول کے لیے 1999 مطابق ١٤١٩ھ میں مدرسہ انوار العلوم (شاخ جامعہ اشاعت العلوم اکل کوا) مہرون جلگاوں کی طرف رختِ سفر باندھا اور ایک سال ناظرہ قرآن اور ایک سال فارسی پڑھ کر ٩ شوال المکرم ١٤٢١ھ میں درجہ حفظ میں داخلہ لیا اور دو سال سات ماہ کی قلیل مدت میں ١٤٢٤ھ میں حافظ اسحاق مکرانی صاحب کے پاس حفظ قرآن پاک کی تکمیل کی،
⬜عالمیت سے فراغت⬜
تکمیلِ حفظِ قرآن پاک کے بعد 7 دسمبر2003 مطابق ١١ شوال المکرم ١٤٢٤ھ میں علوم اسلامیہ کی تحصیل کے لیے صوبۂ گجرات کی نامور دینی و علمی و تربیتی دانش گاہ دارالعلوم فلاح دارین ( ترکیسر سورت گجرات) میں درجۂ فارسی اوّل میں داخلہ لیا اور اپنی محنت لگن داخلی و خارجی مطالعہ تکرار اسباق و اوقات کی پابندی اور حلِّ عبارت سے درسِ نظامی کی تمام کتب کو پڑھ کر ١٠ شعبان المعظم ١٤٣٣ھ 30 جون 2012 میں دورہ حدیث سے سندِ عالمیت اور سندِ قرأت حفص و سبعہ سے فراغت حاصل کی جستجوئے علم میں آپ کو دیگر طلباء پر امتیازی حیثیت حاصل رہی، راقم السطور کا سندِ فراغت بھی یہی سال ہے
⬜ تعلیمِ افتاء و قضاء ⬜عالمیت سے فراغت کے معاً بعد اپنے علمی ذوق کو مزید تاباں و درخشندہ کرنے اور علمی تعلیم میں مزید پختگی پیدا کرنے کے لیے ٨ شعبان المعظم ١٤٣٤ھ 7 جون 2013 کو علم و فقہ پر غیر معمولی استحضار اور درسِ نظامی پر گہری نظر رکھنے والے فقیہ العصر حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب کا قائم کردہ ادارہ المعھد العالی الاسلامی (حیدرآباد) کے شعبہ افتاء میں داخلہ لیکر حضرت فقیہ العصر دامت برکاتہم العالیہ کی نگرانی میں فقہ و فتاویٰ اور فتویٰ نویسی میں مہارت تامہ حاصل کی اور سندِ افتاء سے بہرہ ور ہوئے اور پھر تین ماہ تک امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ بہار میں چھٹے امیرِ شریعت حضرت مفتی نظام الدین قاسمی صاحب رح کے وقت میں قاضی جسیم الدین صاحب رح اور قاضی انظار صاحب قاسمی دامت برکاتہم العالیہ ( حالیہ صدر قاضی) اور دیگر قاضی حضرات کے زیرِ نگرانی تربیتِ قضاء کا کورس مکمل کرکے سندِ قضاء سے بہرہ ور ہوئے گویا آپ مفتی اور قاضی دونوں ہیں علامہ علاء الدين حصکفی رح اور علامہ شامی نے فرمایا کہ لَا فَرْقَ بینَ الْمفتی و القاضی اِلّا أَنَّ المفتی مخبر عن الحکمِ و القاضی ملزم بہ (عقود رسم المفتی و دُرِّ مختار )
⬜اساتذۂ کرام کے نام⬜دارالعلوم فلاح دارین ترکیسر میں دورہ حدیث میں جن اصحاب علم و فضل کے سامنے زانوئے ادب طے کرکے احادیث نبویہ کے انوار و برکات سے اپنے قلب و جگر کو معطر کیا ان کے اسماء گرامی درج ذیل ہیں (1)حضرت مولانا شیر علی صاحب قاسمی افغانی (شاگرد رشید شیخ الاسلام مولانا حُسین احمد مدنی صاحب رح) (2)حضرت مولانا ابراہیم قاسمی صاحب اندوری رح (3) حضرت مولانا یوسف صاحب ٹنکاروی(4) حضرت مولانا احمد صاحب ٹنکاروی(5) حضرت مولانا اقبال مدنی صاحب (6) حضرت مولانا ایوب سورتی صاحب (7) حضرت مولانا ابوبکر موسالی صاحب (8) اور حضرت قاری صدیق صاحب سانسرودی دامت برکاتہم العالیہ قابلِ ذکر ہیں اس اعتبار سے آپ کی سندِ حدیث بھی بڑی عالی ہے گزشتہ زمانے میں عالی سند کی بہت اہمیت تھی چناں چہ امام بخاری رح کی 22 ثلاثیاتِ حدیث اسی قبیل سے ہیں
⬜تدریس خدمات⬜
تحصیلِ فراغت کے معاً بعد مدرسہ فیضان القرآن (نئی مسجد اسلام پورہ) میں حفظ کی تدریس سے وابستہ ہوئے پھر 16 اگست 2014 ٢٠ شوال المکرم ١٤٣٥ھ میں حضرت مولانا مفتی شکیل ظفر قاسمی صاحب رح کے توسط سے دارالعلوم محمدیہ (قدوائی روڑ مالیگاؤں ) میں عالمیت کی تدریس کے لیے تقرر ہوا، تدریسی کتب میں کتاب الصرف سے لیکر ہدایہ تک کی کتب زیرِ درس ہیں عربی اوّل سے عربی ششم (مشکوة) تک پیریڈ ہے یعنی علوم آلیہ اور علوم عالیہ دونوں طرح کی کتابیں آپ سے وابستہ ہیں بچوں پر آپ کا رعب بھی خوب ہے فی الحال آپ دارالعلوم محمدیہ میں ناظمِ تعلیمات ہیں جو ایک بڑی ذمہ داری ہے اور فضلِ خداوندی ہے کیوں کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا وَ اِنْ اَعْطیتَھَا عَنْ مَسْألة اعنتَ عَلَیْھا ( بخاری شریف) اور چوں کہ احساسِ ذمہ داری ہی انسان کو ترقیات کی طرف رواں دواں رکھتی ہے لِکُلِّ مُجْتَھِدٍ نَصِیْبٌ
⬜امامت و خطابت⬜
دارالعلوم محمدیہ میں تقرر کے چار ماہ بعد 6 دسمبر 2014 مطابق ١٣ صفر المظفر ١٤٣٦ھ بروز سنیچر قاری حفیظ الرحمن صاحب شمسی کے توسط سے مسجد عکرمہ رضی اللہ عنہ (ہنگلاج نگر) میں نمازِ فجر کی امامت سے امامت و خطابت کے لیے تقرر ہوا آں وقت سے ایں دم استقامت و ثبات قدمی کے ساتھ اس عالی قدر منصب سے وابستہ ہیں حالاں کہ درمیان میں تیز و تند حالات بھی رہے مگر استقامت و ثبات قدمی سے جلد ہی شبنم کے قطروں کی طرح ہوا میں تحلیل ہوگئے چند سال قبل مسجد کے ذمہ داران، مصلیان اور مدرسہ حضرت عکرمہ کے ذمہ داران کی جانب سے آپ کو سفرِ عمرہ کا تحفہ پیش کیا گیا تھا یقیناً یہ تحفہ آپ کے تئیں مصلیان اور محبین کے دلوں میں جاگزیں عظمت و رفعت کو اُجاگر کرتا ہے
⬜تکمیلِ درس قرآن پاک⬜موجودہ دور میں علمی استعداد کو پختہ کرنے اور خُفتہ و خوابیدہ صلاحیتوں کو پروان چڑھانے میں درسِ قرآن کا مشغلہ انتہائی اہم ہے کیوں کہ درسِ قرآن کے لیے مطالعہ اور تیاری انتہائی ناگزیر ہے بغیر تیاری کے آدمی درس نہیں دے سکتا اور جتنا مطالعہ میں انہماک ہوگا اُتنا ہی علوم و معارف کی شکل میں لعل و گوہر ہاتھ لگے گے عربی کا شعر ہے جمیع العلوم فی القرآن لکن تقاصر عنه افھام الرجال ( احاطہ دارالعلوم میں بیتے ہوئے دن ١١٨ ) مفتی صاحب نے بقرعید حاجی مسجد میں حضرت مولانا مختار ازہری صاحب رح کی اجازت سے ان کے بعد اکیسویں پارہ سے درس شروع کیا اور 9 جنوری 2019 بروز جمعرات درس قرآن کی تکمیل ہوئی جس کی خوشی میں ایک دلفروز بزمِ بہاراں منعقد ہوئی تھی، اسی طرح اپنی جائے امامت مسجد عکرمہ رضی اللہ عنہ میں مفتی عبداللہ ثاقب ملی صاحب کی مصروفیات کی وجہ سے ساتویں پارہ سے درسِ قرآن کا آغاز کیا اور الحمد للہ! 20 مئی 2026 مطابق ٢ ذی الحجہ ١٤٤٧ھ بروز بدھ اس مقام پر بھی درس قرآن کی تکمیل ہوئی اس موقع پر بھی ایک دلکش محفل منعقد ہوئی تھی جس میں عالمِ اسلام کی مایہ ناز شخصیت نمونہ سلف، صالحین کی زندگی کے عکسِ جمیل حضرت مولانا محمد قمر الزمان الہ آبادی دامت برکاتہم العالیہ نے خصوصی طور پر شرکت فرمائی تھی، فی الحال از سرِ نو درس قرآن کو شروع کیا ہے
⬜تصنیفی کاوش⬜
رفیقِ محترم مفتی امتیاز احمد فلاحی صاحب نے چند سال قبل ایک صاحب کی تحریض پر معاشرت کے عنوان سے ذخیرہ احادیث سے مذکورہ بالا عنوان پر بہت ساری روایات تلاش کرکے ایک ضخیم مجموعہ تیار کیا ہے اس میں روایت کے تحت سادہ ترجمہ اور مختصر عام فہم انداز میں تشریح بیان کی گئی تھی، اسی مجموعہ سے چالیس احادیث کا انتخاب کرکے معارفِ محمدیہ کے نام سے ایک مختصر سا رسالہ طلباء کے یاد کرنے کے لیے شائع کیا ہے کاش اوپر ذکر کردہ مجموعہ جلد ہی منصّہ شہود پر جلوہ گر ہوجائے تاکہ دیگر لوگوں کو بھی استفادہ کا موقع ملے
⬜جمعیتِ علماء سے تعلق⬜
درس تدریس اور امامت و خطابت سے وابستہ افراد کے لیے کسی تنظیم، تحریک یا جماعت کے لیے وقت نکالنا انتہائی مشکل اور پریشان کن ہوتا ہے راقم السطور کو اس کا بخوبی تجربہ ہے مگر تمام تر مصروفیات کے باوجود مفتی صاحب اسلاف کی قائم کردہ جماعت جمعیتِ علماء ہند سے مربوط ہوئے اور اس کے تحت اپنے علاقے ہنگلاج نگر میں کچھ کام وغیرہ بھی انجام دے رہے ہیں، فی الحال اُسی حلقے کے صدر ہیں اس تنظیم سے پرے بعض اصلاحی و فلاحی کام بھی انجام دیتے ہیں
⬜نکاح اور خانگی ذمہ داری⬜
مفتی صاحب کا نکاح شہرِ عزیز مالیگاؤں کے نامور عالم دین ابو نبیلہ حضرت مولانا زبیر احمد ملی ندیمی صاحب( استاذ مدرسہ معھد ملت) کی دختر سے 9 جنوری 2016 میں ہوا مجموعی طور پر دیکھا جائے تو مفتی صاحب انتہائی مصروف ترین انسان ہیں
⬜مجلسِ ابنائے قدیم کا قابلِ قدر اقدام⬜
موجودہ دور میں کسی کی حوصلہ افزائی کرنا یا سراہنا کرنا، گویا اس کو دینی کام کے لیے مزید مضبوط و مستحکم کرنے کے مترادف ہے کیوں کہ بہت ساری ایسی صلاحیتیں ہیں جن کو حوصلہ شکنی کے دلفگار الفاظ اور بے جا تنقیدات نے گمنامی کے بھنور میں ڈھکیل دیا ہے اور کئی ایسی قابلیتیں ہیں جن پر بے جا تنقیدات اور حوصلہ شکنی کی پرتیں جمی ہوئیں ہیں حالاں کہ حوصلہ افزائی کرنا انبیاء کی سنت اور صالحین کا شیوہ ہے اس لیے بے جا تنقیدات سے پرے ہوکر حوصلہ افزائی کو اختیار کرنا چاہیے چناں چہ مجلس ابنائے قدیم مدرسہ اسلامیہ کے صدر و اراکین اور سرپرستان خصوصاً مولانا سفیان احمد جمالی صاحب مبارک باد کے مستحق ہیں کہ وہ وقتاً فوقتاً اہلِ علم حضرات کی قدر شناسی کرتے ہوئے ان کا اعزاز و استقبال کرتے ہیں 10 دسمبر 2026 بروز جمعرات مجلس کی جانب سے مفتی صاحب کا اعزاز و استقبال ہوگا۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے