कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

’’میاں صاحب ‘‘کا تعارف

’’میاں صاحب‘‘ سیریز: (قسط:01)

میاں صاحب کا نام یوں تو مہتاب تھا۔ وہ تھے بھی گھر اور اپنی ماں کے چاند بیٹے تھے۔ ان کا پیشہ یہ تھا کہ وہ اپنے چھوٹے سے مکان میں کرانہ سامان، بسکٹ اور چاکلیٹ کی دکان کے مالک تھے۔ ان کے نسل و نسب کے متعلق کہا جائے تو میاں صاحب، جسمانی، روحانی اور فطری طور پر چچا چھکن کے حقیقی پرپوتے تھے، یا ضرور شیخ چلی کے رشتہ دار ہوں گے، یا چارلی چیپلن ان کے نانا جان ہی ہوں گے۔۔۔
میاں صاحب کا حلیہ: ایک لمبا سا کرتا، جسے دو یا تین دنوں بعد بھی بدلنے کی ضرورت محسوس نہیں کرتے۔ پاجامہ کی بجائے وہ پینٹ یا کبھی جینز ہی پہن لیا کرتے ہیں۔ لمبے اور گھنگریالے بال اور باوائے آدم کے دور کے جوتے۔ معمولی سی گھڑی ہاتھ میں پہنے ہوئے، رنگ سانولا سا، تھوڑی سی گھنگریالی داڑھی اور قد خوب اونچا۔ آنکھوں پر تین یا چار سال پرانی عینک، جس عینک کو دیکھ کر ہی دوسروں کی آنکھیں تکلیف دہ ہو جائیں، لیکن میاں صاحب ایسے کہ عینک کو صاف کرنے کی توفیق بھی کیوں کر ہوتی!!!
اپنے تین کمروں والے مکان میں ایک صحن بھی تھا۔ میاں صاحب اپنی بیوی، تین بچے اور اپنی ضعیف ماں کے ساتھ رہتے تھے۔ ماں کو بہت چاہتے، ماں کی خدمت کے لیے پیش پیش رہا کرتے، لیکن اپنی چھوٹی سی عقل اور کمزور ذہن کا استعمال کرتے اور ساری گڑبڑ ہو جاتی، اور میاں صاحب کی ماں ناراض ہو جاتیں۔ میاں صاحب کا بچوں کو ڈانٹنے کا طریقہ بھی بہت برا تھا۔ ایک مرتبہ کوئی غلطی ہو گئی تو عمر بھر اس کا پیچھا نہ چھوڑتے۔ اگر محبت اور پیار پر اتر آئے تو بچے بھی موقع کا فائدہ اٹھاتے۔
میاں صاحب تو ایک معمولی سے دکان دار تھے، لیکن وہ اپنے آپ کو بہت بڑا انسان سمجھتے تھے۔ میاں صاحب کے خود کے خیال کے مطابق وہ سب سے بہتر انسان ہیں۔ وہ تجرباتی طور پر معالج ہیں، وہ ایک مقرر ہیں، وہ کچھ قرآن مجید کی تلاوت کرتے ہیں تو سارے جہاں کو یہی ترغیب دیا کرتے ہیں۔ وہ کفایت شعاری کے نام پر کنجوسی کیا کرتے ہیں، لیکن انھیں اس بات کا بالکل اندازہ نہیں ہوتا، اور وہ محلے کے سارے افراد کو کفایت شعاری کے فوائد سنایا کرتے ہیں۔ ایک مرتبہ انھوں نے منے میاں کا پھٹا کرتا ہی کیا سی دیا، اپنے آپ کو درزی ہی سمجھنے لگے۔ میاں صاحب کو نعتِ مقبول صلی اللہ علیہ وسلم اور حمدِ باری تعالیٰ سننے اور گنگنانے کا بہت شوق تھا۔ یہی شوق نے انھیں نعت اور حمد پڑھنے کا حوصلہ دیا تھا۔ وہ ہمیشہ گنگنانے لگے۔ اور ان کی آواز تو کوئی کوے جیسی تھی، لیکن وہ ہر وقت گاتے رہتے تھے۔ میاں صاحب ان لوگوں میں سے تھے کہ جنھیں سوال کرنے کی عادت ہو۔ ہر معمولی سی بات پر بھی درجنوں سوال کیا کرتے تھے۔
میاں صاحب کو حلال جانوروں سے بہت محبت تھی۔ کبھی اپنے چھوٹے سے ڈربے نما گھر میں مرغیوں کا ڈربہ بنا دیا، کبھی بکریوں کی آمد، کبھی کچھوے، خرگوش اور مچھلیوں سے محبت۔ ان مچھلیوں کی دیکھ بھال ٹھیک سے نہ کر پانے پر مچھلیاں وقت سے پہلے ہی اپنی آنکھیں موند لیا کرتیں۔ اس کے علاوہ انھیں پرندوں سے بھی گویا عشق تھا۔ کبھی چڑیا اور کبوتر کو قید کیا کرتے اور ان پرندوں کی بو سے پورا گھر مہک اٹھتا۔ بیگم صاحبہ کو بلی سے بہت محبت تھی، لیکن میاں صاحب کے وہم و گمان میں بھی نہ آتا کہ وہ بیگم صاحبہ کی طرف داری کریں، اس لیے وہ بلیوں سے نفرت کیا کرتے، اور اس بات کو لیے دونوں میں بارہا لڑائی چھڑ جاتی۔ میاں صاحب بلی کے لیے موت کا فرشتہ بنے پھرتے تو بیگم صاحبہ بھی پرندوں کو آزاد کیا کرتیں۔
میاں صاحب یوں تو ہر وقت کوئی نہ کوئی آؤٹ پٹانگ حرکتیں کیا کرتے ہیں، لیکن ان سب سے وقت نکال کر غزلیں، نظمیں اور اشعار پڑھ لیا کرتے ہیں، اور تو اور اب انھوں نے اشعار بھی لکھنا شروع کیے ہیں۔۔۔ اور وہ اپنے آپ کو اقبال اور غالب سے کم نہیں سمجھتے، اور اپنے غریب اور لاچار اشعار پڑوسیوں، گلی کے بچوں، نوجوان نسل اور بیگم صاحبہ کو سنا سنا کر پریشان کیا کرتے ہیں۔ بیگم صاحبہ کا حال تو چوٹی کا پسینہ ایڑی تک ہوتا، لیکن ہمارے کفایت شعار میاں صاحب نے کبھی نوکرانی یا کام والی کا انتظام نہیں کیا۔ بیگم صاحبہ اگر کہہ دیتیں یا بڑبڑانے لگتیں تو میاں صاحب خود ان کی مدد کے لیے تشریف لے آتے اور بیگم کی پریشانی میں مزید اضافہ ہو جاتا۔ اور یوں تو میاں بازار سے بے کار چیزیں اٹھا لاتے، جیسے پرانی الماری، پھٹی ہوئی بوسیدہ سی کتابیں، جلانے کے لیے لکڑیاں وغیرہ۔ میاں صاحب کھانوں پر بہت سا پیسہ خرچ کیا کرتے۔ ان کا غصہ تو ہمیشہ ناک پر ہی ہوتا اور وہ بیگم صاحبہ کی نذر کر دیتے۔ میاں صاحب بہت منفی خیالوں کے مالک تھے۔
میاں صاحب کی زندگی کے کچھ واقعات کہ وہ کس طرح اپنی بے وقوفی کو عقلمندی سمجھا کرتے تھے۔۔۔
(جاری)

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے