कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

علماء کی اصل عظمت علم، تقویٰ، اخلاص اور کردار میں ہے: مولانا محمد سلمان بجنوری

تربیت العلماء والائمہ کے تحت جمعیۃ علماء شہر میرٹھ کی اصلاحی مجلس، تقریباً 300 علماء، ائمہ اور مدرسین کی شرکت؛ علماء ربانیین کی دس بنیادی صفات پر فکر انگیز خطاب

میرٹھ: 24 نومبر (قاری محبوب الحسن مظفرنگری )جمعیۃ علماء شہر میرٹھ کے شعبۂ اصلاحِ معاشرہ کے زیر اہتمام ’’تربیت العلماء والائمہ‘‘ کے عنوان سے مکتب امام اعظم ابوحنیفہ، مومن نگر، نزد ہمایوں نگر میرٹھ میں ایک عظیم الشان اصلاحی و تربیتی مجلس منعقد ہوئی، جس میں استاذِ حدیث دارالعلوم دیوبند، نائب صدر جمعیۃ علماء ہند اور مدیر ماہنامہ دارالعلوم دیوبند حضرت مولانا محمد سلمان صاحب بجنوری دامت برکاتہم نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے علماء ربانیین کی صفات، دینی خدمات میں اخلاص و استقامت، تزکیۂ نفس اور رزقِ حلال کی اہمیت پر نہایت جامع اور بصیرت افروز گفتگو فرمائی۔ مجلس میں تقریباً تین سو علماء، ائمہ، مدرسین، ارباب مدارس اور فضلاء نے شرکت کی۔
گزشتہ روز بعد نمازِ عشاء منعقدہ اس مجلس کا آغاز قاری عنایت الرحمن صاحب کی پرسوز تلاوتِ کلام پاک اور نعتِ رسول مقبول ﷺ سے ہوا، جب کہ مولانا محمد ثوبان نے بھی نعتیہ کلام پیش کیا۔ نظامت کے فرائض مفتی محمد سرتاج نے انجام دیے۔
اس موقع پر مفتی محمد ارشد قاسمی جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء شہر میرٹھ و ناظم مدرسہ حسینیہ ولایت الاسلام نے حضرت مولانا محمد سلمان بجنوری کی خدمت میں مجلس کے پس منظر اور اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ شعبۂ اصلاح معاشرہ کے تحت ’’تربیت العلماء والائمہ‘‘ کے نام سے ایک خصوصی تربیتی سلسلہ شروع کیا گیا ہے، جس کا مقصد علماء، ائمہ اور دینی خدمات انجام دینے والے حضرات کی علمی، فکری، اخلاقی اور روحانی تربیت کے لیے اکابر اہلِ علم و اہلِ نسبت کی رہنمائی حاصل کرنا ہے۔
علماء ربانیین کی دس بنیادی صفات
حضرت مولانا محمد سلمان بجنوری نے اپنے خطاب میں قرآن کریم کی آیت مبارکہ ’’وَلٰكِنْ كُونُوا رَبَّانِيِّينَ‘‘ کی روشنی میں علماء ربانیین کی صفات اور ان کی عظیم ذمہ داریوں کو واضح کرتے ہوئے فرمایا کہ ایک حقیقی عالم دین کے اندر علمی رسوخ و پختگی، سنت نبوی اور منہج سلف سے وابستگی، فقہ و بصیرت، مطالعہ و تدبر، خشیت الٰہی و تقویٰ، اخلاصِ نیت، علم کے مطابق عمل، صبر و یقین، حلم اور حکمت جیسی دس بنیادی صفات کا ہونا ضروری ہے۔ ان صفات کے بغیر علم کا حقیقی فیض اور دینی خدمات کا مطلوبہ اثر پیدا نہیں ہوسکتا۔
حضرت نے امیرالمؤمنین حضرت علی رضی اللہ عنہ کا حکیمانہ قول نقل کرتے ہوئے فرمایا کہ جو شخص بغیر مال کے غنا، بغیر اقتدار کے ہیبت اور بغیر خاندان و قبیلے کے عزت و سربلندی چاہتا ہے، اسے اللہ تعالیٰ کی نافرمانی کی ذلت سے نکل کر اس کی اطاعت کی عزت اختیار کرنی چاہیے۔
اپنے خطاب کو مؤثر بنانے کے لیے حضرت نے اکابر علماء و مشائخ کے متعدد سبق آموز واقعات بھی بیان فرمائے، جن میں حضرت شیخ الہند مولانا محمود حسن مدنی، علامہ انور شاہ کشمیری، حکیم الامت مولانا اشرف علی تھانوی، مفتی محمود صاحب، علامہ ابن تیمیہ اور حضرت گنگوہی کے پوتے حکیم صاحب کے واقعات خصوصیت سے قابل ذکر تھے۔
رزقِ حلال، توکل اور قناعت میں ہے حقیقی برکت
حضرت مولانا نے حضرت عمر بن عبدالعزیز رحمۃ اللہ علیہ اور ہشام بن عبدالملک کی اولادوں کا ایک نہایت سبق آموز واقعہ بیان کرتے ہوئے رزقِ حلال، تقویٰ، قناعت اور توکل علی اللہ کی برکت کو واضح فرمایا۔ آپ نے بتایا کہ حضرت عمر بن عبدالعزیز رحمۃ اللہ علیہ نے وفات کے وقت صرف اکیس دینار کا ترکہ چھوڑا، جب کہ ہشام بن عبدالملک نے اپنی اولاد کے لیے لاکھوں دینار چھوڑے؛ لیکن وقت نے یہ منظر بھی دکھایا کہ حضرت عمر بن عبدالعزیز کے ایک صاحبزادے نے اللہ کے راستے میں جہاد کے لیے سو گھوڑے پیش کیے، جب کہ ہشام کی اولاد میں سے ایک فرد لوگوں کے سامنے دستِ سوال دراز کرنے پر مجبور نظر آیا۔
اس واقعے سے یہ سبق ملتا ہے کہ حقیقی کامیابی مال و دولت کی فراوانی میں نہیں، بلکہ حلال رزق، تقویٰ، اللہ تعالیٰ کی رضا اور اعمال کی برکت میں ہے۔
حضرت نے علماء کرام کو نصیحت کرتے ہوئے فرمایا کہ انسان کے مقدر میں جتنا رزق لکھ دیا گیا ہے، وہ اسے مل کر رہے گا؛ اس لیے رزق کے حصول کی غیر ضروری فکرمندی میں اپنی دینی ذمہ داریوں کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ علماء اپنی زندگی کا اصل مقصد دین کی حفاظت، اشاعت اور خدمت کو بنائیں اور رزق کے معاملے میں اللہ تعالیٰ پر کامل اعتماد رکھیں۔
دینی خدمت شہرت نہیں، ایثار و قربانی کا راستہ ہے
حضرت مولانا نے مزید فرمایا کہ دین کی حفاظت اور خدمت کے لیے اس میدان کا انتخاب کیا ہے تو اس راستے میں پیش آنے والی مصیبتوں، پریشانیوں اور آزمائشوں پر صبر و استقامت اختیار کرنا ہوگا۔ دینی خدمت شہرت، منصب اور دنیاوی مفادات حاصل کرنے کا ذریعہ نہیں، بلکہ ایثار، قربانی، اخلاص اور استقامت کا راستہ ہے۔
آپ نے علماء کو تزکیۂ نفس کی طرف خصوصی توجہ دلاتے ہوئے فرمایا کہ اپنے دلوں سے حسد، کینہ، حبِ جاہ اور حبِ مال جیسی باطنی بیماریوں کو نکالنا ضروری ہے۔ کسی دوسرے کی شہرت، مقبولیت، منصب یا دینی خدمات کو دیکھ کر دل میں حسد اور جلن پیدا نہیں ہونی چاہیے، بلکہ ہر دینی کام کرنے والے کے لیے خیر خواہی کا جذبہ ہونا چاہیے۔ دوسروں کی کامیابی پر خوش ہونا اور اپنی ذمہ داریوں کو اخلاص کے ساتھ انجام دینا ایک عالم دین کا امتیاز ہونا چاہیے۔
جمعیۃ علماء شہر میرٹھ کے سرکردہ رہنما جناب قاری وثیق الرحمن رشیدی کے مطابق حضرت کے خطاب کا بنیادی پیغام یہ تھا کہ علماء کی اصل عظمت ان کے علم، تقویٰ، اخلاص، کردار اور اللہ تعالیٰ سے مضبوط تعلق میں ہے۔ جب یہ صفات کسی عالم کی زندگی میں جمع ہوجاتی ہیں تو اس کی ذات معاشرے کے لیے ہدایت، اصلاح اور خیر کا ذریعہ بن جاتی ہے۔
مجلس مفتی محمد شعیب کنوینر شعبۂ اصلاح معاشرہ جمعیۃ علماء شہر میرٹھ کی نگرانی اور خصوصی کاوشوں سے منعقد ہوئی۔ حضرت مولانا محمد سلمان بجنوری کی رقت آمیز دعا پر مجلس اختتام پذیر ہوئی۔ دعا کے بعد بعض حاضرین نے حضرت کی رہنمائی میں بیعت، توبہ و استغفار کے کلمات ادا کیے اور حضرت نے تزکیۂ باطن کے سلسلے میں ان کی رہنمائی فرمائی۔
آخر میں مفتی محمد شعیب کی جانب سے حضرت مولانا محمد سلمان بجنوری کی علمی و دینی خدمات کے اعتراف اور اظہارِ عقیدت کے طور پر ’’نشانِ عقیدت‘‘ کے نام سے ایک خوب صورت شیلڈ پیش کی گئی۔
تقریباً تین سو علماء و ائمہ کی شرکت سے یہ مجلس علمی، اصلاحی اور تربیتی اعتبار سے نہایت اہم رہی۔ امید ہے کہ حضرت کے قیمتی ارشادات علماء کرام کی عملی زندگی، دینی خدمات اور اصلاحِ معاشرہ کی جدوجہد میں مؤثر رہنمائی فراہم کریں گے۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے