कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

سیاست سے خانقاہ تک ایک جائزہ

از قلم شیخ محمود علی
8055402819

سیاست سے خانقاہ تک: مذہبی شخصیت سازی اور سماجی اقتدار کا سوال:
ہمارے معاشرے میں ایک ایسا رجحان بھی دیکھنے میں آتا ہے جس کا سماجیاتی مطالعہ ضروری ہے۔ بعض افراد پہلے سیاست کے میدان میں اپنا اثر و رسوخ قائم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انتخابی سیاست، سیاسی جماعتوں سے وابستگی، عوامی تقریبات اور مختلف سیاسی عہدوں کے ذریعے اپنی شناخت بنانے کی جدوجہد کرتے ہیں۔ لیکن جب انہیں سیاسی میدان میں مطلوبہ کامیابی یا عوامی قبولیت حاصل نہیں ہوتی تو بعض اوقات وہ مذہبی اور روحانی میدان کی طرف متوجہ ہوجاتے ہیں۔ خانقاہوں کی تعمیر، مذہبی اجتماعات کا انعقاد، روحانی نسبتوں کا اظہار اور عقیدت مندوں کا حلقہ قائم کرکے اپنی ایک نئی سماجی شناخت بنانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ یہاں بنیادی سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا روحانیت واقعی باطنی تبدیلی اور تزکیۂ نفس کا نام ہے یا بعض حالات میں یہ سماجی شہرت، اثر و رسوخ اور شخصی اقتدار کے حصول کا ایک متبادل ذریعہ بھی بن جاتی ہے؟
اس رجحان کو سمجھنے کے لیے میکس ویبر (Max Weber) کا نظریۂ کرشماتی اقتدار (Charismatic Authority) خاص اہمیت رکھتا ہے۔ ویبر کے مطابق کسی شخصیت کا سماجی اختیار صرف اس کی حقیقی صلاحیتوں سے نہیں بلکہ اس کے پیروکاروں کے اعتقاد اور اجتماعی قبولیت سے بھی تشکیل پاتا ہے۔ اسی طرح فرانسیسی سماجی مفکر پیئر بوردیو (Pierre Bourdieu) کا تصورِ علامتی سرمایہ (Symbolic Capital) بھی اس بحث کو سمجھنے میں مدد دیتا ہے۔ مذہبی وقار، سماجی عزت، مذہبی شناخت اور عوامی عقیدت بعض حالات میں ایسی علامتی طاقت بن جاتے ہیں جنہیں سماجی اثر و رسوخ میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔
اس سلسلے میں راقم الحروف کو تقریباً بائیس تئیس سال قبل ناندیڑ کا ایک واقعہ یاد آتا ہے۔ ایک معروف سیاسی رہنما کے انتقال کے بعد ٹیلی ویژن پر ایک مذہبی و فکری جماعت جو حکومت الہیہ کے قیام کی بات کرتی ہے اسی جماعت سے وابستہ بعض افراد کو انتہائی عقیدت اور بھرپور انداز میں مرحوم کو خراجِ عقیدت بھاو بھینی شردھانجلی پیش کرتے ہوئے دیکھا۔ اس وقت یہ منظر میرے لیے قدرے حیرت انگیز تھا کیونکہ ان افراد کی مذہبی و فکری شناخت اور مرحوم رہنما کی سیاسی شناخت کے درمیان ایک واضح فاصلہ محسوس ہوتا تھا۔ تاہم چند سال بعد انہی میں سے بعض افراد کو اسی مکتبِ فکر کے ایک اہم تنظیمی اور صدارت کے منصب پر فائز دیکھنے کا موقع ملا۔ اس مشاہدے نے میرے ذہن میں مذہبی شناخت، سیاسی مصلحت، سماجی تعلقات اور شخصی اقتدار کے باہمی رشتوں کے بارے میں کئی سوالات پیدا کیے۔ یقیناً کسی ایک واقعے کی بنیاد پر کسی فرد کی نیت یا کردار کے بارے میں حتمی فیصلہ نہیں کیا جاسکتا، لیکن ایسے واقعات معاشرے میں مذہب اور سیاست کے باہمی تعلق کا تنقیدی جائزہ لینے کی دعوت ضرور دیتے ہیں۔
یہاں ایک بنیادی سوال اپنی جگہ قائم رہتا ہے کہ اگر سیاست میں اثر و رسوخ حاصل کرنے کی کوشش کے بعد مذہبی میدان کو شخصی شناخت اور سماجی مرتبے کے حصول کا ذریعہ بنایا جائے تو پھر روحانیت کی اصل روح کہاں باقی رہ جاتی ہے؟ خانقاہ کی تعمیر یقیناً بذاتِ خود کوئی منفی عمل نہیں، لیکن خانقاہ کی عمارت سے زیادہ اہم اس کا مقصد، وہاں ہونے والی تربیت، اخلاقی اصلاح اور خدمتِ خلق ہے۔ روحانی عظمت عمارتوں، القاب، مریدوں کی تعداد یا سیاسی شخصیات سے قربت میں نہیں بلکہ کردار اخلاص عاجزی اور انسان دوستی میں پوشیدہ ہے۔
اسی فکری کشمکش اور معاشرتی تضاد کے پس منظر میں ایک شعر یاد آتا ہے، جسے علامہ اقبال سے منسوب کیا جاتا ہے
یہ مال و دولتِ دنیا، یہ رشتہ پیوند
بتانِ وہم و گماں، لا الٰہ الا اللہ
امیری بھی عیاری ہے، فقیری میں مکاری ہے
اے خدا! تیرے سادہ دل بندے کہاں جائیں؟
اس کلام کا مفہوم ہمارے معاشرے کے ایک اہم اخلاقی مسئلے کی طرف اشارہ کرتا ہے: اگر دولت کے نام پر استحصال ہو اور فقیری کے نام پر مصلحت و مفاد پرستی، اگر سیاست میں اقتدار کی خواہش ہو اور روحانیت میں شہرت کی طلب، تو عام انسان اعتماد کس پر کرے؟ اس لیے ضروری ہے کہ ہم روحانیت کو شخصی مفادات، سیاسی عزائم اور سماجی نمود و نمائش سے الگ کرکے دیکھیں۔ کیونکہ خانقاہ کی اصل عظمت اس کی عمارت میں نہیں بلکہ وہاں پیدا ہونے والے انسانوں کے کردار میں ہوتی ہے۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے