कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

تبصرہ بر کتاب "دعوت فکر و اصلاح”

تبصرہ نگار: مفتی فضیل اختر قاسمی بھیروی
خادم التدریس، دارالعلوم رحیمیہ، پیلیر، آندھرا پردیش

انسانی زندگی کی تمام تر کامرانیوں کا دارومدار دل کی صفائی، فکر کی پاکیزگی اور اعمال کی درستگی پر ہے۔ مادی چکاچوند اور مصروفیات کے اس دور میں جب انسان اپنے باطن سے غافل ہوتا جا رہا ہے، ایسے وقت میں اسلافِ امت کے علوم و معارف اور اکابر کی صحبتوں کے فیضان کو سمیٹ کر عام فہم، دل نشیں اور مؤثر انداز میں پیش کرنا ایک عظیم دینی و اصلاحی خدمت ہے۔ زیرِ نظر کتاب "دعوتِ فکر و اصلاح” اسی مبارک سلسلے کی ایک نہایت وقیع اور روح پرور کڑی ہے، جسے ممتاز عالمِ دین اور بہترین قلمکار مولانا مفتی خلیل الرحمن صاحب قاسمی برنی نے بڑی محنت، عرق ریزی اور اخلاص کے ساتھ مرتب فرمایا ہے۔ یہ کتاب اپنی ضخامت، وسعتِ موضوعات اور حسنِ ترتیب کے اعتبار سے بڑی عمدہ اور لاجواب ہے۔ 472 صفحات پر پھیلی ہوئی اس جامع تالیف میں تیس (30) مرکزی عناوین قائم کیے گئے ہیں، جن کے تحت 251 ذیلی عناوین کی صورت میں زندگی کے اہم گوشے کا احاطہ کیا گیا ہے۔ کتاب کے مطالعے سے اندازہ ہوتا ہے کہ مرتب موصوف نے خشک وعظ و نصیحت کی راہ اختیار کرنے کے بجائے قرآنی آیات، احادیثِ نبویہ، اقوالِ سلف اور عبرت آموز تاریخی واقعات کا ایسا گلدستہ سجایا ہے کہ قاری کی دلچسپی اول تا آخر برقرار رہتی ہے۔
کتاب کی ورق گردانی کرتے ہوئے پڑھنے والا ایمان کی حلاوت، رحمتِ عالم ﷺ کے سراپا، امر بالمعروف و نہی عن المنکر کی اہمیت اور اسلام میں اذان کی روح پرور صدا کے اسرار و رموز سے آشنا ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی حالاتِ حاضرہ اور ارشاداتِ نبوی کی روشنی میں عصرِ حاضر کے فتنوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ تصوف و سلوک کی حقیقت، اہلِ اللہ سے اصلاحی تعلق کی ضرورت، بیعت کا شرعی ثبوت اور مرشد کی صحبت کے اثرات کو جس سادگی اور مدلل انداز میں بیان کیا گیا ہے، وہ عام قارئین کے ذہنوں سے تمام شکوک و شبہات کو دور کر دیتا ہے۔ کتاب کا ایک نہایت اہم اور حساس حصہ باطنی امراض اور اخلاقی خرابیوں کے علاج پر مشتمل ہے۔ بدگمانی کے اسباب و نقصانات، بدنظری کی تباہ کاریاں اور اس سے بچنے کی عملی تدابیر، اور حسد جیسی مہلک روحانی بیماری کی تاریخ، اقسام اور اس کے تدارک پر جس تفصیل اور درد مندی سے قلم اٹھایا گیا ہے، وہ سیدھا دل میں اترتا ہے۔
کتاب کی سب سے بڑی خوبی اس کا اندازِ بیان ہے؛ زبان نہایت شگفتہ، رواں اور ادبی چاشنی سے بھرپور ہے، مگر کہیں بھی دقیق الفاظ کی بھرمار سے عبارت کو بوجھل نہیں بنایا گیا۔ اس میں درج واقعات اس قدر مؤثر اور سبق آموز ہیں کہ بعض مقامات پر انسان ٹھہر جاتا ہے اور ایک ہی واقعے کو بار بار پڑھنے کو جی چاہتا ہے تاکہ اس کی تاثیر روح کی گہرائیوں میں جذب ہو جائے۔ اس کتاب کی مقبولیت اور استناد کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ اس پر اکابرِ امت اور نامور علماء نے اپنے قیمتی تاثرات رقم فرمائے ہیں۔ استاذِ حدیث حضرت مولانا عبدالرحمن صاحب مظاہری (استاذِ حدیث مدرسہ منبع العلوم گلاؤٹھی و خلیفہ حضرت مولانا مفتی مظفر حسین صاحبؒ) کے دعائیہ کلمات اور دارالعلوم دیوبند کے استاذِ تجوید و قراءت حضرت مولانا قاری شفیق الرحمن صاحب بلند شہری کے تشجیعی کلمات (جو کہ مصنف کے والدِ محترم ہیں) اس کتاب کی افادیت اور ثقاہت پر مہرِ تصدیق ثبت کرتے ہیں۔
ظاہری حسن و جمال کے اعتبار سے بھی یہ کتاب ایک شاہکار ہے۔ ادارہ علمی مرکز بنگلور کی جانب سے شائع کردہ اس کتاب کی طباعت نہایت عمدہ اور اندرونی کمپوزنگ بے حد دیدہ زیب ہے۔ ہر صفحے پر خوبصورت حاشیے، جلی و واضح خط اور عناوین کی دلکش ترتیب قاری کو مطالعے کی جانب کھینچتی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ یہ کتاب ہر گھر، ہر لائبریری اور ہر طالبِ حق کے مطالعے کی میز پر ہونی چاہیے۔ یہ ہر اس شخص کے لیے ایک بہترین زادِ راہ ہے جو اپنی زندگی میں انقلاب لانا چاہتا ہے، اپنے باطن کو سنوارنا چاہتا ہے اور رضائے الٰہی کی راہ پر گامزن ہونے کا متمنی ہے۔ اللہ تعالیٰ مرتب موصوف کی اس مخلصانہ کاوش کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے اور اسے امتِ مسلمہ کے لیے ہدایت و اصلاح کا ذریعہ بنائے۔ آمین۔
ادارہ علمی مرکز بنگلور محلہ ولیمس ٹاؤن ایکسٹنشن سیکنڈ کراس بلڈنگ نمبر 18 بنگلور 46
9611021347
14 نومبر 2026ء بروز سنیچر

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے