कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

مجھے کبھی کبھی بیٹھ کر یہ خیال آتا ہے، کہ ہمارے معاشرے کے لوگوں کو کیا ہو گیا ہے …؟

تحریر: آفرین شیخ، شولاپور

ہم کسی کی برائی کرنے بیٹھیں، تو گھنٹوں بولتے چلے جاتے ہیں، ہمارے اندر الفاظ کا ایک سمندر موجزن ہو جاتا ہے، مگر جب کسی کی سچی تعریف کرنی ہو، تو ہماری زبان جیسے تالو سے چپک جاتی ہے۔ ہمارے پاس لفظ ختم ہو جاتے ہیں، اور ہمارے دل کی وسعت جیسے اچانک سمٹ جاتی ہے۔
میری خوبی پہ رہتے ہیں یہاں اہلِ زباں خاموش
میرے عیبوں پہ چرچا ہو تو گُونگے بول پڑتے ہیں
ہمیں دوسروں کی خوشی ہضم کیوں نہیں ہوتی؟
کسی کے چہرے کی مسکراہٹ دیکھ کر ہمارے اپنے چہرے کا رنگ کیوں اُڑ جاتا ہے؟
جب کوئی زندگی میں ایک قدم آگے بڑھاتا ہے، تو ہم اس کی پیٹھ تھپتھپانے کی بجائے، اس کی ٹانگ کھینچنے کا بہانہ کیوں ڈھونڈتے ہیں؟
دیکھا جائے تو یہ کہانی ہر گھر، ہر گلی کی ہے، اگر کوئی طالب علم دن رات ایک کر کے اچھے نمبر لے آئے، تو لوگ یہ نہیں کہیں گے کہ بچہ بڑا ذہین ہے، وہ کہیں گے، آج کل تو پیپر ہی اتنے آسان آتے ہیں، سبھی پاس ہو رہے ہیں، یا پھر کہیں گے، قسمت اچھی تھی، رٹا لگ گیا ہو گا۔ اگر کوئی اپنی حلال کی کمائی سے نئی گاڑی خرید لے، تو مبارکباد دینے والوں کے لہجے میں ایک عجیب سا چبھتا ہوا سوال ہوتا ہے، وہ گاڑی کو اندر باہر سے دیکھیں گے اور کہیں گے، گاڑی تو اچھی ہے، پر اس ماڈل کا ری سیل نہیں ہے یا مسکرا کر پوچھیں گے، "اتنا پیسہ کہاں سے آ رہا ہے بھائی؟
کوئی یہ نہیں دیکھتا کہ اس گاڑی کے پیچھے کتنے سالوں کی بھوک، پیاس اور تھکن چھپی ہے۔
ہم کسی کو پورا کریڈٹ دینے سے اتنے ڈرتے کیوں ہیں؟
اگر کوئی اچھا لگ رہا ہے، تو یہ کہنے میں کیا برائی ہے کہ تم اچھے ہو۔ اس میں یہ شرط لگانا کیوں ضروری ہے کہ تصویر اچھی ہے، تم نہیں۔
کیا ہمارے اندر کا حسد اتنا بڑا ہو چکا ہے، کہ وہ سامنے والے کی معمولی سی خوشی بھی برداشت نہیں کر پاتا؟
ہمیں عادت ہو چکی ہے ہر میٹھی چیز میں زہر ملانے کی۔ جب تک ہم کسی کی تعریف کے ساتھ ایک طنز کا تڑکا نہ لگا دیں، تب تک ہمارا دل مطمئن نہیں ہوتا۔ ہمیں دوسروں کو نیچا دکھا کر، ان کا مذاق اڑا کر نہ جانے کون سی تسکین ملتی ہے۔ ہم یہ بھول جاتے ہیں کہ الفاظ کے یہ تیر سامنے والے کے دل پر کیا زخم چھوڑ جاتے ہیں، یہ تو وہی بات ہوئی ناں کہ
عیادت کو میری آ کے وہ یہ تاکید کرتے ہیں
تمہیں تو ہم ہی ماریں گے ذرا سا ٹھیک ہو جاؤ
کاش ہم بدل سکیں، کاش ہم کسی کی خوشی میں سچے دل سے خوش ہونا سیکھ لیں۔ کاش جب ہم کسی کی تعریف کریں، تو وہ اتنی صاف ہو، کہ اس میں کوئی "اگر مگر، لیکن” یا کسی قسم کا طنز چھپا ہوا نہ ہو۔ کیونکہ دنیا پہلے ہی بہت اداس ہے، اور اسے منافقت کی نہیں، سچی محبت کی ضرورت ہے۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے