कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

کیا ہم اپنے اسلاف کے عظیم ورثے کو بھول گئے؟

تحریر:محمد عادل ارریاوی

وقف کا لغوی معنیٰ ٹھہرنا، رکنا یا توقف اختیار کرنا ہے۔(معجم المعانی)
وقف کا مطلب ہے کسی چیز کو اللہ کے لیے مخصوص کردینا، جیسے زمین، مال یا جائیداد، تاکہ اس کا فائدہ ہمیشہ جاری رہے اور اس سے نیکی کا کام کیا جائے جیسے مسجد، مدرسہ، ہسپتال وغیرہ۔ (موسوعۃ الفقہ الإسلامی ص۔۶۸۴)۔
اسلام ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے جس نے انسانوں کے سامنے دونوں جہاں کی کامیابی و کامرانی کا نظریہ بھر پور اور جامع طریقہ سے پیش کیا ہے، اور ایک اسلامی فلاحی معاشرہ تشکیل دینے کے متعلق ایسی واضح ہدایات، جامع تعلیمات اور آفاقی اصول ہمیں عطا کئے ہیں جنہیں بروئے کار لاکر صحیح معنوں میں ایسا اسلامی فلاحی معاشرہ قائم کیا جاسکتا ہے جہاں قرآن و سنت کی بالا دستی کے ساتھ انسانیت کی فلاح و بہبود کے اداروں کو بھی اولویت حاصل ہو اور جہاں حقوق اللہ کی مکمل پاسداری کے ساتھ ساتھ حقوق العباد سے وابستہ اداروں کی بھی منتظم شکل موجود ہو۔
ان اصولوں میں سے ایک اصول وقف ہے، جو اسلامی فلاحی معاشرہ کے بنیادی ستونوں میں سے ایک اہم ستون ہے، اور اپنی اس منظم شکل کے اعتبار سے اسلام ہی کا خاصہ ہے، اسلام کے علاوہ دوسرے ادیان اور مذاہب میں ہمیں اس قدر منظم شکل میں وقف کا نظام نظر نہیں آتا۔
نظام وقف کے ذریعہ اسلام کے اعلیٰ اخلاق واقدار کی حقیقت نمایاں ہوتی ہے اور یہی نظام اسلام کی ترقیاتی اقدار اور عبادت و عقیدہ کی اقدار کے درمیان ہم آہنگی کو ظاہر کرنے کی اصل اور حقیقی شکل ہے، اس کے ذریعہ مسلم معاشرہ کواپنے مختلف طبقات اور گروہوں سے مربوط رہنے کا حقیقی موقع ملتا ہے، وقف کے ذریعہ مسجدیں آباد ہوتی ہیں، مدارس اور تعلیم گاہیں قائم کی جاتی ہیں، بیماروں کے علاج و معالجہ کے لئے ہسپتال و شفا خانے کھولے جاتے ہیں، معذوروں اور قوم کے کمزور افراد کے لئے تعلیم و تربیت کے ادارے کام کرتے ہیں۔
اسلامی اوقاف کا سلسلہ جناب نبی کریم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے دور سے چل رہا ہے آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے خود بھی اپنی بعض زمینیں وقف کیں اور حضرات صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کو بھی اس کی ترغیب دی۔ حضرت جابر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ حضرات صحابہ کرام میں سے جو بھی صاحب استطاعت تھے انہوں نے بقدر استطاعت اپنی جائیدادیں راہ خدا میں ضرور وقف کیں ۔ امام بیہقی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ مجھے معلوم ہوا ہے کہ تقریبا اسی صحابہ کرام نے اپنی جائیدادیں وقف کیں بعد میں خلافت بنوامیہ اور خلافت عباسیہ کے زمانہ میں پورے عالم اسلام میں اتنی جائیداد میں وقف کی گئیں کہ وقف کا ایک وسیع نظام وجود میں آگیا، ایک دور تو وہ آیا کہ جب انسان تو انسان جانوروں کے لئے بھی مسلمانوں کے یہاں متعدد اوقاف موجود تھے، ایک زمانہ تھا کہ ہر مسجد و مدرسہ کے ساتھ وسیع و عریض اوقاف موجود ہوتے اور ہر آنے والا حکمران ان میں اضافہ ہی کرتا تھا ، وقف کا یہ سلسلہ الحمد للہ آج تک چلا آرہا ہے لیکن افسوس اس میں روز بروز کمی آتی جارہی ہے۔ (اسلام کا نظامِ وقف و جائداد)۔
قرآن کریم میں اللہ ربّ العزت کا ارشاد ہے کہ جو لوگ اپنا مال اللہ تعالیٰ کی راہ میں خرچ کرتے ہیں اس کی مثال اس دانے جیسی ہے جس میں سے سات بالیاں نکلیں اور ہر بالی میں سے سو دانے ہوں، اور اللہ تعالیٰ اسے چاہے اور بڑھا دے اور اللہ تعالیٰ کشادگی والا اور علم والا ہے۔(البقرہ۲۶۲)۔
حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے وہ کہتے ہیں کہ مجھے خیبر میں (حصہ میں) ایک زمین ملی، میں رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے پاس آیا اور آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم سے کہا مجھے بہت اچھی زمین ملی ہے، مجھے اس سے زیادہ محبوب و پسندیدہ مال (کبھی) نہ ملا تھا، آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایا اگر چاہو تو صدقہ کر سکتے ہو تو انہوں نے اسے بایں طور صدقہ کردیا کہ وہ زمین نہ تو بیچی جائے گی اور نہ ہی کسی کو ہبہ کی جائے گی اور اس کی پیداوار فقیروں، محتاجوں اور قرابت داروں میں، گردن چھڑانے (یعنی غلام آزاد کرانے میں)، مہمانوں کو کھلانے پلانے اور مسافروں کی مدد و امداد میں صرف کی جائے گی اور کچھ حرج نہیں اگر اس کا ولی، نگراں، محافظ و مہتمم اس میں سے کھائے مگر شرط یہ ہے کہ وہ معروف طریقے (انصاف و اعتدال) سے کھائے (کھانے کے نام پر لے کر) مالدار بننے کا خواہشمند نہ ہو اور دوسروں (دوستوں)کو کھلائے۔
(صحیح مسلم ۱۶۳۳)
بعد کے ادوار میں بھی مسلمانوں نے اس روایت کو زندہ رکھا۔ مختلف اسلامی سلطنتوں اور معاشروں میں اوقاف کے ذریعے مساجد، مدارس، کتب خانوں، شفاخانوں، مسافر خانوں اور دیگر فلاحی اداروں کا ایک وسیع سلسلہ قائم ہوا۔ ان اداروں نے نہ صرف دینی و علمی سرگرمیوں کو فروغ دیا، بلکہ معاشرے کے کمزور اور محروم طبقات کو بھی سہارا فراہم کیا۔ تاریخ کے صفحات اس حقیقت کے گواہ ہیں کہ مسلمانوں نے اپنے اوقاف کے ذریعے علم و ادب، طب و علاج، تعلیم و تربیت اور خدمتِ خلق کے ایسے ایسے کارنامے انجام دیے جن کے اثرات مدتوں تک باقی رہے۔
لیکن افسوس کہ آج ہم اس عظیم اسلامی ورثے کی اہمیت سے بڑی حد تک غافل ہوتے جارہے ہیں۔ وقف کی حقیقی روح، اس کے مقاصد اور اس کی ذمہ داریوں سے واقفیت کم ہوتی جارہی ہے، جب کہ اس نظام کو محفوظ رکھنے، اس کی آمدنی کو صحیح مصرف میں لانے اور اس کے ذریعے معاشرے کی ضروریات پوری کرنے کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔ ہم وقف کو صرف زمین، مکان یا جائیداد کا مسئلہ سمجھنے کے بجائے اسے امت کی علمی، دینی، سماجی اور معاشی ترقی کا ایک اہم ذریعہ سمجھیں۔
بلاشبہ نظامِ وقف امتِ مسلمہ کا ایک عظیم امانت دارانہ سرمایہ ہے۔ اس کی حفاظت، اس کے مقاصد کی تکمیل اور اس کے فوائد کو عام کرنا صرف چند افراد یا اداروں کی ذمہ داری نہیں، بلکہ پوری امت کا اجتماعی فریضہ ہے۔ اگر اس نظام کو اس کی اصل روح کے ساتھ زندہ کیا جائے تو یہ آج بھی معاشرے میں تعلیم، خدمت، کفالت اور فلاح و بہبود کے بے شمار دروازے کھول سکتا ہے۔
وقف ایک عظیم اسلامی عبادت ہے جو معاشرتی فلاح و بہبود، تعلیم، صحت اور دینی خدمات کو فروغ دیتا ہے، یہ نہ صرف آخرت میں ثواب کا ذریعہ ہے بلکہ دنیا میں بھی انسانیت کی خدمت کا بہترین ذریعہ ہے، عام انسانی ضروریات کی تکمیل کی کوشش، اس کے لیے اوقاف قائم کرنا اور کرانا، اس کی دیکھ بھال، حفاظت اور اس کو ترقی دینا اس دور کی بڑی دینی ضرورت ہے ، یہ سب اجتماعی کفالت کے طریقے ہیں جن میں مسلمانوں کو آگے آنا چاہیے اور اوقاف کرکے اس کو ترقی دینا اور اس کے مصارف میں خرچ کرنا ہمارا شیوہ ہونا چاہیے۔
اللہ ربّ العزت ہمیں اپنے اسلاف کے عظیم ورثے کی قدر کرنے اس کی حفاظت کرنے اور اسے زندہ رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔
12 نومبر 2026ء بروز جمعرات ۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے