कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

احسان فراموشی سے بدخواہی تک: قرض معاملہ کے چند تلخ مشاہدہے افسوسناک رویّے

تحریر: ڈاکٹر محمد عبدالسمیع ندوی
اسسٹنٹ پروفیسر، شعبۂ عربی، مولانا آزاد کالج، اورنگ آباد
موبائل نمبر: 9325217306

قرض لینا اور دینا محض مالی لین دین نہیں، بلکہ باہمی اعتماد، اخلاقی ذمہ داری اور انسانی شرافت کا معاملہ ہے۔ اسلام نے ضرورت مند کو قرض لینے کی گنجائش دی ہے، لیکن اس کے ساتھ قرض کی ادائیگی، وعدے کی پاسداری اور حقوق العباد کی حفاظت کو بھی غیر معمولی اہمیت دی ہے۔
ہمارے معاشرے میں ایک عام رویہ یہ دیکھنے میں آتا ہے کہ قرض لینے والا رقم حاصل کرتے وقت بڑے پُراعتماد انداز میں کہتا ہے: ’’دس دن کے اندر ادا کردوں گا، گیارہواں دن نہیں آنے دوں گا۔‘‘ کوئی یہ یقین دہانی کراتا ہے کہ ’’آپ کی رقم پھولوں میں رکھ کر واپس کروں گا۔‘‘ لیکن جب ادائیگی کا وقت آتا ہے تو نہ وعدہ یاد رہتا ہے، نہ الفاظ کی پاسداری۔ بعض اوقات قرض دہندہ کو اپنی ہی رقم کا مطالبہ کرنے پر ایسے تلخ رویّے اور ناشائستہ جملوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے کہ مالی نقصان سے زیادہ اس کے دل کو پہنچنے والی چوٹ تکلیف دہ محسوس ہوتی ہے۔ گویا قرض لیتے وقت پھولوں کی باتیں کرنے والا واپسی کے وقت کانٹے بچھانے لگتا ہے۔
افسوس ناک صورتِ حال اس وقت پیدا ہوتی ہے جب بعض قرض دار اپنے محسن اور قرض دہندہ ہی کو اپنے راستے کا کانٹا سمجھنے لگتے ہیں۔ اس کی بیماری اور پریشانی پر ہمدردی کے بجائے بدخواہی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ اخلاقی پستی کبھی اس حد تک پہنچ جاتی ہے کہ قرض کی ذمہ داری سے بچنے کے لیے اس کی جان لینے کی سازش تک کر ڈالتے ہیں۔ بعض قتل کے واقعات کی تحقیقات میں مالی لین دین اور قرض کے تنازعات بھی قتل کا محرک بن کر سامنے آتے ہیں۔ یہ صورتِ حال اس حقیقت کی نشان دہی کرتی ہے کہ جب انسان کے دل سے خوفِ خدا، احساسِ احسان اور اخلاقی ذمہ داری ختم ہوجائے تو مالی مفاد اسے کس قدر سنگین جرائم تک لے جاسکتا ہے۔
قرض کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے شہادت جیسے عظیم مرتبے کے باوجود قرض کی ذمہ داری کو مستثنیٰ قرار دیا۔ آپ ﷺ نے فرمایا:
يُغْفَرُ لِلشَّهِيدِ كُلُّ ذَنْبٍ إِلَّا الدَّيْنَ
ترجمہ: شہید کے تمام گناہ معاف کردیے جاتے ہیں، سوائے قرض کے۔ (صحیح مسلم)
اسی طرح حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
نَفْسُ الْمُؤْمِنِ مُعَلَّقَةٌ بِدَيْنِهِ حَتَّى يُقْضَى عَنْهُ
ترجمہ: مؤمن کی جان اس کے قرض کی وجہ سے رکی رہتی ہے، یہاں تک کہ اس کی طرف سے قرض ادا کردیا جائے۔ (جامع ترمذی،)
ان احادیث سے قرض کی سنگینی اور اس کی ادائیگی کی اہمیت بخوبی واضح ہوتی ہے۔ جب شہادت جیسے عظیم عمل کے باوجود قرض کی ذمہ داری باقی رہتی ہے تو ایک عام انسان کو اس معاملے میں کس قدر محتاط ہونا چاہیے!
حدیث رسول صلی اللہ علیہ وسلم ہے
مَطْلُ الْغَنِيِّ ظُلْمٌ
ترجمہ: صاحبِ استطاعت شخص کا قرض کی ادائیگی میں ٹال مٹول کرنا ظلم ہے (صحیح بخاری،)
یعنی جس شخص کے پاس قرض ادا کرنے کی قدرت موجود ہو، اس کے لیے بلاوجہ تاخیر کرنا اور قرض دہندہ کو مسلسل پریشان کرنا صریح ظلم ہے۔ البتہ جو شخص واقعی تنگ دست ہو، اس کے ساتھ نرمی اور مہلت کا معاملہ کرنا اسلامی تعلیمات کا تقاضا ہے۔
قرض اور حقوق العباد کا معاملہ صرف دنیا تک محدود نہیں، بلکہ آخرت میں بھی اس کی بازپرس ہوگی۔ رسول اللہ ﷺ نے مفلس کی وضاحت کرتے ہوئے فرمایا کہ قیامت کے دن ایک شخص نماز، روزہ اور زکوٰۃ جیسے اعمال لے کر آئے گا، لیکن اس نے کسی کو گالی دی ہوگی، کسی پر تہمت لگائی ہوگی، کسی کا مال کھایا ہوگا، کسی کا خون بہایا ہوگا یا کسی کو مارا ہوگا۔ چنانچہ اس کی نیکیاں ان مظلوموں میں تقسیم کردی جائیں گی، اور اگر حقوق ادا ہونے سے پہلے اس کی نیکیاں ختم ہوگئیں تو ان مظلوموں کے گناہ اس پر ڈال دئیے جائیں گے، پھر اسے جہنم میں ڈال دیا جائے گا۔
اس حدیث کی روشنی میں غور کیجئے کہ اگر کسی شخص نے دنیا میں قرض لیا، واپس کرنے کی استطاعت بھی تھی، لیکن جان بوجھ کر ادائیگی سے گریز کیا، اور اسی حالت میں دنیا سے رخصت ہوگیا تو آخرت میں اس کے لیے کتنی دشواری ہوسکتی ہے! وہاں روپے پیسے سے معاملہ طے نہیں ہوگا، بلکہ حقوق کی ادائیگی نیکیوں اور برائیوں کے حساب سے ہوگی۔ اسی لیے حقوق العباد کو معمولی سمجھنا انتہائی خطرناک ہے۔
سوال یہ ہے کہ جو شخص ضرورت کے وقت کسی کے سامنے دستِ سوال دراز کرتا ہے، وہی شخص ادائیگی کے وقت اس کے ساتھ ناگواری اور بدتمیزی کیوں اختیار کرتا ہے؟ کیا کسی کی مجبوری سے فائدہ اٹھانا اور اس کے احسان کو فراموش کردینا اخلاقی دیانت کے منافی نہیں؟ قرض دہندہ کو بھی چاہئے کہ وہ اپنی رقم کا مطالبہ شائستگی اور وقار کے ساتھ کرے، لیکن قرض دار کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ اپنے وعدے کی خلاف ورزی کے بعد الٹا قرض دینے والے کو ہی شرمندہ کرے۔
یہ بھی ضروری ہے کہ قرض لیتے وقت اپنی حقیقی مالی حیثیت اور ادائیگی کی صلاحیت کو سامنے رکھا جائے، غیر ضروری وعدے نہ کئے جائیں، قرض کی مدت واضح ہو اور حتی الامکان تحریری دستاویز بھی تیار کی جائے۔ قرآن مجید نے سورۂ بقرہ کی آیت 282 میں قرض کے معاملات کو تحریر کرنے اور گواہ بنانے کی ہدایت دی ہے، تاکہ مستقبل میں اختلاف اور نزاع کی نوبت نہ آئے۔
آخر میں یہ بات ذہن نشین رہنی چاہئے کہ قرض کی رقم واپس کردینا مالی ذمہ داری کی تکمیل ہے، لیکن اسے خوش دلی، حسنِ اخلاق اور وعدے کی پاسداری کے ساتھ ادا کرنا اعلیٰ انسانی کردار کی دلیل ہے۔ قرض لیتے وقت الفاظ کے پھول برسانے سے بہتر ہے کہ واپسی کے وقت کردار کے پھول پیش کئے جائیں؛ کیونکہ قرض کی رقم تو واپس کی جاسکتی ہے، لیکن کسی کے دل میں پیدا ہونے والی چبھن اور احسان فراموشی کا زخم دیر تک باقی رہتا ہے۔
قرض لیجئے تو ادائیگی کی نیت اور قدرت کے ساتھ، اور قرض دیجئے تو حسنِ سلوک کے ساتھ؛ اس لئے کہ مالی معاملات کا اصل حسن صرف رقم کی لین دین میں نہیں، بلکہ امانت، دیانت، وعدے کی پابندی اور انسانی شرافت میں پوشیدہ ہے۔
پیغامِ خیر خواہی اور دعوتِ دین:
دین خیر خواہی کا نام ہے۔ اس تحریر کو پڑھنے والے احباب سے مؤدبانہ درخواست ہے کہ اس کے اہم پیغام کو کم از کم دس افراد تک پڑھ کر سنائیں، اور سننے والے احباب بھی اسے مزید دس افراد تک پہنچانے کی کوشش کریں، تاکہ یہ پیغام زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچے، دعوتِ دین کی ذمہ داری ادا ہو اور ہم سب اس کارِ خیر کے اجر و ثواب میں حصہ دار بن سکیں۔

 

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے