कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

ایس آئی آر کے نام پر ووٹرلسٹ سے لاکھوں مسلم نام غائب!

تحریر:سرفرازاحمدقاسمی حیدرآباد
رابطہ: 8099695186

الیکشن کمیشن کی جانب سے ایس آئی آر کے بعد کئی ریاستوں میں اب نئے نئے انکشافات سامنے آرہے ہیں اور اس پربحث و مباحثہ جاری ہے،ایسا لگتا ہے کہ جہاں جہاں ایس آئی آر ہوا وہاں اسکے مقاصد کچھ اورتھے جو یقینا تشویشناک ہے،مہاراشٹر میں ایس آئی آر سے متعلق جاری ایک تحقیقی رپورٹ نے نئی بحث چھیڑدی ہے،رپورٹ کے مطابق ریاست میں ایس آئی آر کے بعدتقریبا 2.07 کروڑ ووٹرس کے نام نئے ووٹر لسٹ میں شامل نہیں ہیں،جس کا اثر اسمبلی کی 190 سیٹوں پر پڑ سکتا ہے،اس میں دعوی کیا گیا ہے کہ کئی سیٹوں پر حذف ووٹرس کی تعداد کامیاب امیدوار کی جیت کے فرق سے بھی زیادہ ہے۔اس رپورٹ میں ممبئی کی قلابہ سیٹ کا بھی ذکر کیا گیا ہے،اس سیٹ پرحذف کیے گئے ووٹرز کی تعداد 2024 کے انتخابات میں ڈالے گئے مجموعی ووٹوں سے بھی زیادہ ہے،حذف شدہ ناموں میں شیخ،پاٹل اور پوار خاندانی نام رکھنے والے ووٹرس کی تعداد زیادہ ہے،اس کے علاوہ خواتین کے حذف ہونے کی تعداد مردوں سے دوگنا بتائی گئی ہے،رپورٹ کے مطابق اسمبلی کے 190 حلقوں میں ایسے ووٹرس کی تعداد،جن کے نام موت کے علاوہ دیگر وجوہات کی بنا پر حذف کیے گئے 2024 کے انتخابات میں کامیاب امیدوار کی جیت کے فرق سے زیادہ ہے،95 سیٹوں پر ایسے ووٹرس کے نام حذف کیے گئے ہیں جن کا پتہ نہیں چل سکا یا جواپنے پتے پرموجود نہیں ملے، ان کی تعداد بھی جیت کے فرق سے زیادہ ہے،مہاوکاس اگھاڑی کی جیتی ہوئی سیٹوں پر 18.5 فیصد اور مہا یوتی کی جیتی ہوئی نشستوں پر 17.6 فیصد ووٹرس کے نام ڈرافٹ ووٹرلسٹ میں شامل نہیں ہیں،اعداد و شمار کے مطابق مہاراشٹر میں شیخ،خاندانی نام والے 7.54 لاکھ،پاٹل نام والے 4.84لاکھ،خان نام والے 3.69 لاکھ،جادھو نام والے 3.40 لاکھ اور پوار نام والے 2.75 لاکھ ووٹرس کے نام مسودہ فہرست میں شامل نہیں ہیں۔رپورٹ میں دعوی کیاگیا ہے کہ ڈرافٹ ووٹر لسٹ سے حذف ووٹرس میں سے 83.2 فیصد لوگ زندہ ہیں،ان میں 46 فیصد ووٹر 40 سال سے کم عمر کے ہیں،ممبئی میں 34.7 فیصد اورتھانے میں 35.4 فیصد ووٹرس کے نام حذف کیے گئے ہیں،مہاراشٹر کے دیگر حصوں میں یہ تعداد 19.5 فیصد ہے،حذف شدہ ناموں میں 14.6 فیصد ایسے ووٹرس ہیں جن کے نام مسلم ہیں،جبکہ ریاست کی مجموعی ووٹرلسٹ میں ان کا تناسب 11.8 فیصد ہے،ممبئی شہرمیں یہ تناسب 28.4 فیصد اورممبئی کے مضافاتی علاقوں میں24.1 فیصد بتایا گیا ہے،مسلم نام والے ووٹروں کے نام،پہلے سے کسی دوسری جگہ درج ہونے کی وجہ سے حذف ہونے کا خدشہ دیگر ووٹروں کے مقابلے میں2.07 گنا زیادہ ہے،رپورٹ میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ ممبئی سے باہر18 سے 29 سال کی عمر کے جن ووٹرس کو مستقل طور پر دوسری جگہ منتقل بتایا گیا ہے ان میں 8 لاکھ 22ہزار 798 خواتین اور3 لاکھ 79ہزار991 مرد شامل ہیں۔یعنی مردوں کے مقابلے میں خواتین کے نام حذف ہونے کی تعداد 2.2 فیصدزیادہ ہے۔رپورٹ میں اس کی وجہ شادی کے بعد خواتین کا پتہ تبدیل ہونا اورنئے پتے پر ووٹرلسٹ میں دوبارہ نام درج نہ ہونا بتایا گیا ہے،ضلع وار اعداد و شمارپرنظر ڈالیں تو پونے میں 28.7 لاکھ،تھانے میں 28.6 لاکھ،ممبئی کے مضافاتی علاقوں میں 26.6 لاکھ،ناگپور میں 14.4 لاکھ اور ناسک میں 10.3 لاکھ ووٹرس کے نام فہرست میں شامل نہیں ہیں،واضح رہے کہ کولکاتہ کے صابر انسٹیٹیوٹ نے مہاراشٹر میں ایس آئی آر کے عمل پر سوال اٹھائے ہیں،ادارے کے سربراہ صابراحمد کا الزام ہے کہ ووٹرلسٹ تیار کرنے میں استعمال سافٹ ویئر کی تکنیکی خامیوں کے باعث بڑی تعداد میں اہل ووٹروں کے نام حذف ہو گئے۔ادارے نے الیکشن کمیشن سے پورے عمل کی جانچ کا مطالبہ کیا ہے،صابر احمد کا کہنا ہے کہ ووٹر شناختی کارڈ کا استعمال کئی سرکاری اور انتظامی کاموں میں بھی ہوتا ہے،ایسے میں ووٹرلسٹ سے نام حذف ہونے کی وجہ سے پاسپورٹ کی تجدید،مقامی رہائشی سرٹیفکیٹ،سرکاری سکیموں اورطلباء کے داخلوں پربھی اثر پڑسکتا ہے،ان الزامات پرمہاراشٹر کے چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر نے کہا کہ ایس آئی آر کا عمل ابھی مکمل نہیں ہواہے،نئی ووٹرلسٹ میں نام شامل نہ ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ ووٹر کا نام ہمیشہ کے لیے حذف ہوا ہے،ایسے ووٹروں کی معلومات جمع کرنے اور دوبارہ جانچ کا کام جاری ہے، کمیشن کے مطابق ریاست کے تقریبا 21 فیصد ووٹروں کے نام نئے ووٹرلسٹ میں شامل نہیں ہیں۔
مہاراشٹرمیں 2 کروڑ 6 لاکھ سے زائد ووٹروں کے نام نئے مسودہ فہرست سے خارج کردیے گئے ہیں،حذف شدہ ناموں میں تقریبا 83 فیصد ایسے ووٹروں کے ہیں جنہیں فوت شدہ قرار نہیں دیا گیا تھا،رپورٹ میں مسلم ناموں والے ووٹروں کے اندراجات کے ساتھ امتیازی صورتحال کی نشاندہی کی گئی ہے،مہاراشٹر میں ایس آئی آر سے قبل انتخابی فہرستوں میں 9 کروڑ 78 لاکھ 54 ہزار ووٹرس درج تھے،تاہم نظرثانی کے بعد جاری کردہ مسودہ فہرست میں صرف 7 کروڑ 71 لاکھ 65 ہزار 562 ووٹروں کے نام برقرار رکھے گئے،اس طرح مجموعی طور پر 2 کروڑ 6لاکھ 88ہزار487 نام حذف ہوئے جو پہلے سے درج ووٹروں کا 21.1 فیصد ہے،تحقیق کے مطابق حذف کیے گئے ناموں میں صرف 16.8 فیصد ووٹروں کو فوت شدہ قرار دیا گیا جبکہ باقی تقریبا 83 فیصدیعنی ایک کروڑ 72 لاکھ سے زائد اندراجات کو مستقل طور پرمنتقل ہو جانے،لاپتہ ہونے،دستیاب نہ ہونے یا کسی دوسری جگہ پہلے سے درج ہونے کی بنیاد پرخارج کیا گیا ہے۔رپورٹ میں سب سے زیادہ تشویش ناک پہلو مسلم نام والوں والے ووٹروں کے اندراجات سے متعلق ہے۔تحقیق میں ایسے 30 لاکھ،20ہزار173 نام حذف ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے،جومجموعی حذف شدہ ناموں کا 14.6 فیصد ہیں،محققین نے مردم شماری 2011 کےضلعی اعداد و شمار کی بنیاد پر ریاست کی آبادی میں مسلمانوں کا تخمینی تناسب 12.1 فیصد قرار دیاہے۔رپورٹ کے مطابق مسلم ناموں والے ووٹروں کے 12.3 فیصد حذف شدہ اندراجات کو دوسری جگہ پہلے سے رجسٹرڈ قرار دیا گیا،جبکہ دیگر ووٹروں میں یہ شرح 7.9 فیصد رہی،محققین نے ایک ہی اسمبلی حلقے اور یکساں دس سالہ عمر کے گروپ سے تعلق رکھنے والے ووٹروں کا تقابلی جائزہ لیا تو مسلم ناموں والے ووٹروں کے اندراجات کو دوسری جگہ پہلے سے درج قرار دیے جانے کا امکان دیگر ووٹروں کے مقابلے میں 2.07 گنا زیادہ پایا گیا،اسی طرح انہیں لاپتہ یا دستیاب نہ ہونے کی فہرست میں شامل کیے جانے کا امکان 1.40 فیصد زیادہ اور مستقل طور پرمنتقل شدہ قرار دیے جانے کا امکان 1.18 فیصد زیادہ رہا،تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اورنگ آباد میں حذف شدہ ناموں میں مسلم ناموں والے ووٹروں کا تناسب 27.3 فیصد،پربھنی میں 26.4 فیصد اور آکولہ میں 24.6 فیصد رہا،ممبئی میں یہ تناسب 22.6 فیصدتھا،رپورٹ کے مطابق ممبئی میں حذف شدہ ناموں میں مسلم ناموں والے ووٹروں کاحصہ21.3 فیصد رہا،جبکہ ریاست کے دیگر علاقوں میں یہ 13.2 فیصد تھا،محققین نے اس امتیاز کی ایک ممکنہ وجہ ناموں کی بنیاد پر ووٹروں کی شناخت اور دوہرے اندراجات کی نشاندہی کے طریقہ کار کو قرار دیا ہے،رپورٹ کے مطابق شیخ،خان سید اور پٹھان جیسے عام مسلم خاندانی ناموں کے باعث ناموں کی مماثلت کو غلطی سے دوہرے اندراج کا معاملہ سمجھاگیاہے،ممبئی اور اس کے اطراف کے علاقوں میں ووٹروں کے نام حذف ہونے کی غیرمعمولی شرح پربھی توجہ دلائی گئی ہے،ممبئی کے 36 اسمبلی حلقوں میں حذف شدہ ناموں کی شرح 34.7 فیصد رہی،جبکہ ریاست کے باقی علاقوں میں یہ شرح 19.5 فیصد تھی،ممبئی کے ان حلقوں میں ریاست کے مجموعی ووٹروں کا تقریبا 11 فیصد رہتا ہے لیکن حذف شدہ ناموں میں ان کا حصہ 17 فیصد سے زائد ہے،اس تحقیقی رپورٹ میں قلابہ اسمبلی حلقے کی مثال بھی پیش کی گئی ہے جہاں ایک لاکھ 19ہزار 606 ووٹروں کے نام حذف کیے گئے،جبکہ 2024 کے اسمبلی انتخابات میں وہاں ایک لاکھ 18ہزار 499 ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا تھا۔
اوپر کی یہ رپورٹ مہاراشٹر کی تھی،آئیے اب ذرا کرناٹک کا حال دیکھتے ہیں،کرناٹک میں انتخابی فہرستوں کی خصوصی اور تفصیلی نظر ثانی ایس آئی آر کے عمل کے دوران بنگلور کے باہردیگر رائے دہندوں کے مقابلے مسلمان ووٹروں کی تعداد میں زیادہ بڑی کمی دیکھی گئی ہے،یہ بات کرناٹک میں قائم سیاسی تحقیقی مشاورتی ادارے سنکلپ کی ایک تحقیق میں سامنے آئی ہے،جس کے تجزیے کی رپورٹ فرنٹ لائن نے شائع کی ہے،بنگلور کے باہر اسمبلی کی 196 نشستوں پرمسلمان ووٹروں کی تعداد 57.89 لاکھ سے کم ہو کر 49.02 لاکھ رہ گئی جو کہ 15.32 فیصد کی کمی ہے،انہی نشستوں پرغیرمسلم ووٹروں کی تعداد 3.94 کروڑ سے کم ہو کر 3.46 کروڑ رہ گئی،یعنی اس میں 12.18 فیصد کی کمی واقع ہوئی،اس کا مطلب یہ ہے کہ اس عمل کے بعد ان 196 نشستوں پر انتخابی فہرستوں سے تقریبا 8.87 لاکھ مسلمان ووٹر غائب ہو گئے ہیں،چونکہ انتخابی فہرستوں میں ووٹر کے مذہب کا اندراج نہیں ہوتا،اس لیے سنکلپ کی جانب سے مذہب کی بنیاد پرپیش کردہ یہ اعداد و شمارمحض تخمینے ہیں،بنگلور میں جہاں کرناٹک کی 224 اسمبلی نشستوں میں سے 28 نشستیں آتی ہیں،صورتحال اس کے برعکس رہی،وہاں غیرمسلم ووٹروں کی تعداد 89 لاکھ سے کم ہو کر 50 لاکھ رہ گئی،جبکہ مسلمان ووٹروں کی تعداد 13.67 لاکھ سے کم ہو کر 9.06 لاکھ رہ گئی(یعنی 33.72 فیصد کی کمی) سیاسی تجزیہ کارسندیپ شاستری نے میڈیا کوبتایا کہ بنگلور کی انتخابی فہرستوں میں تاریخی طور پر ایسے ووٹروں کی شمولیت کی وجہ سے تعداد بڑھا چڑھا کر دکھائی جاتی رہی ہے جویا توبیرون ملک،مقیم ہیں یا پھر اپنے آبائی علاقوں میں ووٹ ڈالنے کوترجیح دیتے ہیں،انہوں نے کہا کہ 2024 کے ایک مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ بنگلور کےمخصوص علاقوں میں تقریبا ایک تہائی ووٹرس اسی زمرے میں آتے ہیں،یہی وجہ ہے کہ شہرمیں مختلف برادریوں سے تعلق رکھنے والے ووٹروں کے نام بڑی تعداد میں فہرستوں سے خارج ہوئے ہیں،ناموں کے اخراج کا عمل خاص طور پر ان حلقوں میں زیادہ شدید رہا جن کی نمائندگی کرناٹک کے 10 مسلم ارکان اسمبلی رضوان ارشد،این اے حارث،بی زیڈضمیر احمدخان،ایچ اے اقبال حسین،تنویرسیٹھ،یوٹی قادر، یاسر احمد خان پٹھان،آصف(راجو) سیٹھ، رحیم خان اور کنیز فاطمہ کرتے ہیں،ایس آئی آر کے عمل سے قبل ان 10 حلقوں میں مسلم ووٹروں کی تعداد 9.62 لاکھ تھی،ایس آئی آر کے بعد یہ تعداد کم ہو کر 7.52 لاکھ رہ گئی ہے،یعنی 2.10 لاکھ مسلم ووٹر کم ہوگئے ہیں جو کہ تقریبا 21.8 فیصد بنتا ہے،یہ شرح پوری ریاست میں مسلم ووٹروں کی تعداد میں ہونے والی 18.84 فیصد کمی سے کہیں زیادہ ہے۔
بنگال الیکشن کے بارے میں سابق چیف الیکشن کمشنر ایس وائی قریشی نے مغربی بنگال کے انتخابات کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے نزدیک یہ انتخابات قانونی طور پر درست نہیں تھے،انہوں نے زور دیا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے فیصلے کسی ایک عہدے دار کی مرضی سے نہیں بلکہ اکثریتی بنیاد پرہونے چاہییں،قریشی نے کہا کیا مغربی بنگال کے انتخابات قانونی طور پر درست تھے؟ میری رائے میں ایسا نہیں تھا،میں پہلے بھی کئی مرتبہ یہ بات کہہ چکا ہوں اور اب بھی کہہ رہا ہوں،یہ معاملہ سپریم کورٹ کے سامنے ہے اور مجھے امید ہے کہ عدالت اس پر درست فیصلہ کرے گی،انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات کے بعض حصے درست ہو سکتے ہیں لیکن جن علاقوں میں مسلم ووٹروں کی بڑی تعداد کے نام مشتبہ طور پرحذف کیے جانے کا خدشہ ہے،وہاں دوبارہ جانچ ہونی چاہیے اورضرورت پڑنے پردوبارہ انتخابات کرائے جانے چاہییں،قریشی نے یہ بات 5 نومبر کو کولکاتہ میں منعقدہ ہاشم عبدالحلیم میموریل لیکچر سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے انتخابی فہرستوں کی خصوصی نظرثانی ایس آئی آر کے عمل اورمغربی بنگال کے انتخابات میں مبینہ بے ضابطگیوں پربھی سوالات اٹھائے،الیکشن کمیشن کے طریقہ کار پروضاحت کرتے ہوئے سابق چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر،سی ای سی،تنہا الیکشن کمیشن نہیں ہوتا قواعد کے مطابق،پہلے اتفاق رائے سے فیصلے کیے جانے چاہیں، اور اگر ایسا ممکن نہ ہوتو الیکشن کمیشن کے تینوں ارکان کی اکثریت کی بنیاد پر فیصلہ ہونا چاہیے،سی ای سی کا اکیلے کیا گیا فیصلہ حتمی نہیں ہوسکتا،ان کا یہ بیان انڈین ایکسپریس کی اس رپورٹ کے تناظرمیں سامنے آیا جس میں دعوی کیا گیا تھا کہ الیکشن کمشنروں سکھبیرسنگھ سندھو اور ویویک جوشی نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کی جانب سے مبینہ طور پریکطرفہ طور پرکیے گئے مختلف فیصلوں پر کم از کم 14 مرتبہ اعتراضات اٹھائے تھے،قریشی نے کہا کہ ووٹ دینے کا حق حاصل کرنے کے لیے کسی ووٹر کومنت،سماجت کرنے کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے،ماضی میں روایت تھی کہ ووٹر کارڈ،ہرشہری کے گھر پہنچایا جاتا تھا اور کسی کو انتخابی فہرست میں نام شامل کرانے کے لیے تگ و دو نہیں کرنی پڑتی تھی لیکن آج بہت آسانی کے ساتھ لوگوں کو ووٹرلسٹ سے خارج کیا جا رہا ہے۔
سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اورسابق چیف منسٹراکھلیش یادو نے بی جے پی پر ووٹرلسٹ اورشہریت کو لے کرسازش کرنے کا الزام لگایا ہے،انہوں نے کہا کہ بی جے پی چاہتی ہے کہ صرف اس کے ارکان ہی ہندوستان کے شہری ہوں اورفہرست رائے دہندگان میں اس کے ہی ارکان شامل ہوں،ملک اور دستور کی حفاظت کی بڑی ذمہ داری اب سماج وادی پارٹی اور اس کے کارکنوں کے کندھوں پر ہے،انہوں نے یہ بات اتوار کودیوالی کے موقع پر پارٹی دفتر سیفائی میں ریاست بھر سے آئے ہوئے لیڈروں،عہدے داروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی،اکھلیش یادو نے کہا کہ آج پورے ملک کی نظریں اتر پردیش اورسماج وادی پارٹی پرلگی ہوئی ہیں،اتر پردیش میں بی جے پی کو شکست ہوئی تو اس کا خاتمہ یقینی ہے،بی جے پی کواندازہ ہو گیا ہے کہ وہ الیکشن ہارنے والی ہے،اس لیے وہ کسی بھی طرح کا سہارا لے گی جس کے لیے اب یہ باہر سے لوگوں کو بلانے پرمجبور ہے،انہوں نے کہا کہ ایس پی کا مقصد نہ صرف قانون کی حکمرانی قائم کرنا ہے بلکہ سماجی انصاف بھی قائم کرنا ہے،ہماری حکومت بنی تو متاثرین کو ان کے مکمل حقوق دیے جائیں گے اورمعاشرے کے ہرطبقے کواس کی آبادی کے تناسب سے عزت اورحقوق فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
سوال یہ ہے کہ ایس آئی آر کا مقصد آخر کیا ہے؟ کیا ایس آئی آر کسی سازش کےتحت کرایا جارہا ہے؟ جسکے ذریعے لاکھوں مسلم ووٹروں اور مسلم ناموں کو لسٹ سے باہر کردیا جائے اور ملک بھر کے مسلمانوں سے ووٹنگ کا حق چھین لیاجائے؟اگرمسلمانوں کے خلاف یہ پلاننگ ہورہی ہے تو پھرہرطرف سناٹا کیوں ہے؟مسلم تنظیمیں اپنے حقوق کی بازیابی کے لئے اسطرح کے سنگین مسئلے پرخاموش کیوں ہیں؟ ملک بھر کی مختلف ریاستوں میں 13 کروڑ سے زائد لوگوں کوووٹ کے حق سے محروم کردیا گیاہے اورسپریم کورٹ کہتا ہے کہ کیا ہوگیا اگر اس بار آپ نے ووٹ نہیں دیا تو اگلے الیکشن میں دے دیجئے۔
*(مضون نگارمعروف صحافی اور کل ہندمعاشرہ بچاؤ تحریک کے جنرل سکریٹری ہیں)*
sarfarazahmedqasmi@gmail.com

 

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے