कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

’’ اقبالِ جرم‘‘ کی رسم ِ اجرا پر بالاپور میں یادگار کل ہند مشاعرہ

بھساول:4؍نومبر(صلاح الدین ادیب) معروف شاعر جناب منظور ندیم (سابق سیشن جج) کے دوسرے شعری مجموعے ” اقبالِ جرم ” کی رسمِ اجرا کے موقع پر ان کے آباٸ وطن بالاپور میں انجمن تحفظِ اردو ادب کی جانب سے ایک کل ہند مشاعرے کا انعقاد یکم نومبر اتوار کی شب عمل میں آیا۔اکولہ روڈ پر نٸے تعمیر شدہ وسیع و عریض ستّار خان فنکشن ہال میں منعقدہ اس عظیم الشان مشاعرےکی صدارت ملک کے معروف شاعر اور 87 سالہ مشہور صحافی ڈاکٹر محسن جلگانوی ( حیدر آباد) نے فرماٸ۔کتاب کی رسمِِ اجرا پنجابی یونیورسٹی مالیر کوٹلہ پنجاب کے صدر شعبٸہ اردو پروفیسر زینت اللہ جاوید کے ہاتھوں انجام دی گٸ۔مشاعرے سے قبل معروف بزرگ شاعر الحاج فصیح اللہ خان نقیب ( سابق پرنسپل ) نے شعری مجموعہ اقبالِ جرم کے تعلق سے ایک تفصیلی خاکہ بعنوان ” اقبالِ جرم ایک منصف کا ” پیش کیا۔
ابتداٸ نظامت کے فراٸض میزبان انجمن کے صدر اور پروگرام کے روحِ رواں جناب عارف زماں اور مہمان شاعر فہیم اختر نے انجام دٸے۔بطور مہمانانِ خصوصی علاقٸہ برار کے نامور سینیر شاعر و ڈاکٹر قاضی سعید افسر اچلپوری،جواں سال صحافی و شاعر جناب سعد اللہ خاں سبیل ( حیدر آباد ) نیز معروف مزاح نگار جناب شکیل اعجاز اکولوی شریکِ بزم رہے۔
اس موقع پر صاحبِ کتاب جناب منظور ندیم کو مختلف اصحاب کی جانب سے شالوں اور گلہاٸے عقیدت کے علاوہ علاقے کی گنگا جمنی تہذیب کی حامل معروف ادبی تنظیم سحرِ غزل اکیڈمی کی جانب سے جیون گورو پرسکار سے بھی نوازا گیا۔
انجمن کے مختلف اراکین کی جانب سے تمام مہمانان و شعراء کی گلپوشی کے بعد ودربھ کے مشہور شاعر و ہر دلعزیز ڈاکٹر گنیش گاٸیکواڑ ( آغاز بلڈانوی ) نے شمع افروزی کی رسم انجام دی نیز مقبول ناظمِ مشاعرہ جناب مستقیم ارشد کی پرکیف نظامت میں ایک کل ہند مشاعرے کا آغاز کا ہوا۔مذکورہ بالا شعراء کے علاوہ جن منتخب بیرونی شعراء نے اپنے کلامِ بلاغت آمیز سے سامعین کے جمّ ِ غفیر کو فیضیاب کیا ان میں نعیم اختر خادمی فرحان دل مقصود اشرف فاروق رضا التمش شمس عبدالاحد امجد ناز پرواٸ نفیسہ حیا ڈاکٹر انجم عروج ڈاکٹر محب وفا خبیب تابش عاقب ضمیر غلام جاوید عمران ثانی اسد تابش شہزاد انور اظہار راشد اشفاق احمد اشفاق اور عقیل ساحر قابلِ ذکر ہیں۔
پروگرام کو مثالی کامیابی سے ہمکنار کرنے میں صدرِ انجمن عارف زماں کے علاوہ سکریٹری ذاکر حسین نیز دیگر اراکین غلام معیزالدین اشفاق احمد اشفاق ابراہیم شوق فاروق شیخ محمد عاصم سید عنیق محمد قمر محمد اسماعیل نیز ڈاکٹر محمد مزمّل پیش پیش رہے۔رات ساڑھے چار بجے انجمن کے خازن فاروق شیخ نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور اسطرح صبح ہوتے ہوتے یہ یادگار تقریب اختتام پذیر ہوٸ۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے