कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

سی ای ای کے زیرِ اہتمام بیل ایڈجسٹمنٹ ٹیسٹ کے ذریعے اساتذہ کے لیے خود آگاہی پروگرام کا انعقاد

پربھنی:3؍نومبر( ضلع نامہ نگار اعتبار نیوز محمد سرور شریف )یکم نومبر 2026ء: سینٹر فار ایجوکیشنل ایکسیلنس (CEE)، پربھنی کی جانب سے بروز اتوار، یکم نومبر 2026ء کو مؤید المسلمین ہائی اسکول، پربھنی میں اساتذہ کی خود آگاہی اور شخصیت کی بہتر تفہیم کے مقصد سے ایک خصوصی تربیتی پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام میں مؤید المسلمین ہائی اسکول، مؤید المسلمین پرائمری اسکول، حاجی محمد پیڈیلا اردو اسکول اور حاجی محمد پیڈیلا جونیئر کالج کے اساتذہ اور لیکچررز نے شرکت کی۔پروگرام کی صدارت جناب غلام محمد میٹھو صاحب، صدر سینٹر فار ایجوکیشنل ایکسیلنس نے کی۔ پروگرام کی نظامت اور تربیتی سرگرمیوں کی ذمہ داری سی ای ای کے کیریئر کونسلر جناب محمد اکبر صاحب اور ڈائریکٹر سی ای ای جناب نجم فاروقی صاحب نے انجام دی۔پروگرام کا آغاز صبح 10 بجے تعارفی نشست سے ہوا، جس میں اس پروگرام کے اغراض و مقاصد اور اساتذہ کی پیشہ ورانہ و شخصی زندگی میں خود آگاہی کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔ اس کے بعد صبح 10:15 سے 11:55 بجے تک اساتذہ سے Bell’s Adjustment Test (بیل ایڈجسٹمنٹ ٹیسٹ) لیا گیا۔اس ٹیسٹ کا بنیادی مقصد اساتذہ کو اپنی شخصیت، رویّوں، جذبات اور زندگی کے مختلف حالات سے مطابقت پیدا کرنے کی صلاحیتوں کو سمجھنے کا موقع فراہم کرنا تھا۔تربیت کے دوران واضح کیا گیا کہ زندگی میں بہت سے مسائل صرف حالات کی وجہ سے نہیں بلکہ ہماری سوچ، توقعات، رویّوں اور ردِعمل کی وجہ سے بھی پیدا ہوتے ہیں۔ خود آگاہی انسان کو اپنی خوبیوں اور کمزوریوں کو پہچاننے، اپنے رویّوں کا جائزہ لینے اور زندگی میں مثبت تبدیلی لانے میں مدد دیتی ہے۔ اساتذہ کے لیے یہ صلاحیت مزید اہم ہے کیونکہ ان کی شخصیت، جذباتی کیفیت اور سماجی رویّے طلبہ کی تربیت اور تعلیمی ماحول پر براہِ راست اثر انداز ہوتے ہیں۔صبح 11:55 سے دوپہر 12:25 بجے تک ٹیسٹ کی جانچ اور نتائج کی جانچ و تشریح کے لیے وقت مختص کیا گیا، جبکہ 12:25 سے دوپہر 1 بجے تک شرکاء کی کارکردگی اور ٹیسٹ کے نتائج کی روشنی میں گروپ کونسلنگ اور رہنمائی کا اہتمام کیا گیا، تاکہ اساتذہ اپنی ایڈجسٹمنٹ کی سطح کو بہتر طور پر سمجھ سکیں اور اپنی شخصیت و عملی زندگی میں بہتری کے لیے مناسب رہنمائی حاصل کرسکیں۔اس موقع پر صدر سی ای ای جناب غلام محمد میٹھو صاحب نے اپنے صدارتی خطاب میں اساتذہ کی شخصیت سازی، خود احتسابی اور مسلسل سیکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات کی ضرورت پر روشنی ڈالی کہ ایک کامیاب استاد صرف علم منتقل کرنے والا نہیں ہوتا بلکہ وہ اپنی شخصیت، کردار، جذباتی توازن اور مثبت رویّوں کے ذریعے طلبہ کی زندگیوں پر گہرے اثرات مرتب کرتا ہے۔
پروگرام کے تعارفی سیشن میں ڈائریکٹر سی ای ای جناب نجم فاروقی صاحب نے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے پروگرام کے اغراض و مقاصد، مختلف سرگرمیوں کی ترتیب اور طریقۂ کار سے واقف کروایا۔ انہوں نے طلبہ کے ذہنوں میں موجود سوالات اور شبہات کو دور کرتے ہوئے انہیں پروگرام میں بھرپور شرکت کے لیے رہنمائی فراہم کی۔اس موقع پر کیریئر کونسلر جناب محمد اکبر صاحب نے خود آگاہی ٹیسٹ (Self-Awareness Test) کے طریقۂ کار، اس کی اہمیت اور مختلف پہلوؤں کی وضاحت کی اورشرکا کو ٹیسٹ میں حصہ لینے کے لیے ضروری ہدایات دیں۔
ٹیسٹ کی تکمیل کے بعد جناب نجم فاروقی صاحب نے تقریباً ایک گھنٹے پر مشتمل ایک معلوماتی اور رہنما پریزنٹیشن پیش کی، جس میں انہوں نے ایسی مفید اور معیاری کتابوں کا تعارف کروایا جو انسان کی سماجی، جذباتی، صحت اور گھریلو زندگی میں بہتری لانے میں معاون ثابت ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے ہر کتاب کے مرکزی موضوع، اس کے پیغام اور عملی افادیت کو تفصیل سے بیان کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان کتابوں کے مطالعے سے کس طرح افراد اپنی جذباتی ذہانت، مثبت سوچ، رویّوں اور سماجی تعلقات کو بہتر بنا سکتے ہیں، اپنی صحت کا مؤثر انتظام کرسکتے ہیں اور گھریلو معاملات کو خوش اسلوبی سے انجام دے سکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خود آگاہی کے ساتھ اچھی کتابوں کا مطالعہ شخصیت سازی اور زندگی کے مختلف شعبوں میں کامیابی کے لیے نہایت اہم ہے۔
پروگرام کو کامیاب بنانے میں متعلقہ اسکولوں کے ہیڈ ماسٹرز جناب باسط صاحب، جناب خالد صاحب, جناب اشتیاق صاحب اور جونیئر کالج کے پرنسپل جناب جاوید صاحب نے خصوصی دلچسپی لی اور بھرپور تعاون کیا۔ اسی طرح جناب عاصم سر اور جناب ریاض سر نے پروگرام کی تصویری کوریج اور نیوز کی تیاری میں تعاون پیش کیا۔ تمام اسکولوں کے ٹیچر کوآرڈینیٹرز نے بھی اساتذہ کی شرکت، انتظامات اور پروگرام کے کامیاب انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔پروگرام کے اختتام پر سی ای ای کی جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ ان کی شخصی نشوونما، ذہنی و جذباتی توازن اور خود آگاہی کے فروغ کے لیے اس طرح کے تربیتی پروگرام مستقبل میں بھی جاری رکھے جائیں گے۔یہ پروگرام اساتذہ کو اپنی ذات کو سمجھنے، اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور ایک مثبت، متوازن اور مؤثر تعلیمی ماحول تشکیل دینے کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہوا۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے