कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

دوحہ میں 11 سالہ سمارا مومن کی ادبی دنیا میں شاندار پیش رفت!

پہلی کہانی کی کتاب ’EMMA AND THE HIDDEN TREASURE‘ کی رسمِ رونمائی؛ ’CERTIFICATE OF EXCELLENCE – YOUNG AUTHOR‘ کے اعزاز سے سرفراز

سولاپور: 3؍نومبر(محمد سمیع مومن کھیڈ، ضلع رتناگری)عزیزہ داؤد نائک ہائی اسکول، رتناگری کے سابق پرنسپل ڈاکٹر سراج احمد مومن کی پوتی اور سیتوڑا، ضلع رتناگری کے ساکن جناب راحت حسن مالیم کی نواسی، جناب سہیل احمد سراج مومن اور محترمہ صنم سہیل احمد مومن کی صاحبزادی، کمسن سمارا سہیل احمد مومن نے اپنی غیر معمولی تخلیقی صلاحیتوں اور ادبی ذوق کے ذریعے ایک نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنے خاندان، ملک و ملت کا نام روشن کیا ہے۔ سمارا کی خود تصنیف کردہ پہلی کہانی کی کتاب ’EMMA AND THE HIDDEN TREASURE‘ کی رسمِ رونمائی بروز جمعہ، 30 اکتوبر 2026ء کو دوحہ، قطر کی معروف قطر نیشنل لائبریری (Qatar National Library) کے ایک وسیع و عریض ہال میں منعقدہ پروقار تقریب میں قطر کی ممتاز سماجی اور ادبی شخصیات کے دستِ مبارک انجام پائی۔
اس تقریب کا اہتمام Learner Circle کے اشتراک سے ’YOUNG AUTHORS CONCLAVE‘ کے عنوان سے کیا گیا تھا، جس میں ’MEET THE AUTHOR – SAMARA SUHAIL AHMAD MOMIN‘ کے تحت سمارا کی ادبی کاوش اور اس کی پہلی کتاب کو خصوصی طور پر متعارف کرایا گیا۔ یہ تقریب شام 4 بجے سے 7:30 بجے تک جاری رہی۔ اس موقع پر سمارا کو اپنی کہانی کی اشاعت اور ادبی صلاحیتوں کے اعتراف میں ’CERTIFICATE OF EXCELLENCE – YOUNG AUTHOR‘ کے اعزاز سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز Learner Circle کی جانب سے پیش کیا گیا، جو اس کی کم عمری میں حاصل کی گئی نمایاں ادبی کامیابی کا اعتراف ہے۔
سمارا اس وقت قطر کے معروف تعلیمی ادارے Loyola International School, Doha, Qatar میں چھٹی جماعت (VI Standard) کی طالبہ ہے۔ کم سنی ہی سے درسی تعلیم کے ساتھ ساتھ ڈرائنگ، کھیل کود اور مختلف تخلیقی سرگرمیوں میں اس کی دلچسپی نمایاں رہی ہے۔ اس کی شخصیت میں فنکارانہ صلاحیتیں، قوتِ تخیل اور نئے خیالات کو الفاظ کا روپ دینے کا غیر معمولی وصف بدرجۂ اتم موجود ہے۔
مومن خاندان کی علمی، ادبی اور فنکارانہ روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے سمارا نے کم سنی ہی میں ایک خوبصورت کہانی تصنیف کرکے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا بہترین ثبوت پیش کیا ہے۔ اس کی پہلی کتاب ’EMMA AND THE HIDDEN TREASURE‘ ایک دلچسپ، طلسماتی اور پُرتجسس کہانی پر مشتمل ہے، جس کے ذریعے اس نے اپنی سوچ، مشاہدے اور تخلیقی قوت کو تحریر کا روپ دیا ہے۔ کم عمری میں کہانی لکھنا، اس کا کتابی شکل میں شائع ہونا اور بین الاقوامی سطح پر ایک مصنفہ کی حیثیت سے متعارف ہونا یقیناً ایک غیر معمولی اور قابلِ ستائش کامیابی ہے۔
سمارا کے اس شاندار ادبی سفر میں اس کے اساتذہ کے ساتھ ساتھ اس کی والدہ محترمہ صنم سہیل احمد مومن، والد جناب سہیل احمد سراج مومن اور دادا محترم ڈاکٹر سراج احمد مومن کا کردار بھی نہایت اہم اور قابلِ تحسین رہا ہے۔ ان سبھی نے بچپن ہی سے سمارا کی پوشیدہ تخلیقی صلاحیتوں کو پہچانا، انہیں پروان چڑھانے پر خصوصی توجہ دی اور ہر قدم پر اس کی حوصلہ افزائی کرتے رہے۔ بالخصوص دادا محترم ڈاکٹر سراج احمد مومن کی سرپرستی، رہنمائی اور حوصلہ افزائی نے اس کے ادبی ذوق کو مزید جِلا بخشنے میں اہم کردار ادا کیا۔ والدین اور دادا دادی کی محبت، توجہ، رہنمائی اور بھرپور تعاون ہی کا نتیجہ ہے کہ سمارا نے تصنیف و تالیف کے میدان میں یہ قابلِ فخر مقام حاصل کیا ہے۔ بلاشبہ بچوں کی صلاحیتوں کو بروقت پہچان کر انہیں مناسب مواقع فراہم کرنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہی ان کے روشن مستقبل کی بنیاد بنتا ہے۔
اس پروقار تقریب میں ہندوستان کی معروف شخصیت اور کوکن ٹیلنٹ فورم کے چیئرمین محترم کمال مانڈلیکر صاحب کی شرکت بھی خصوصی اہمیت کی حامل رہی۔ ان کی موجودگی اور حوصلہ افزائی نے بیٹی سمارا اور اس کے والدین کی خوشیوں کو دوبالا کردیا۔ ان کی شرکت سے تقریب کی رونق اور وقار میں مزید اضافہ ہوا اور اہلِ خاندان کے لیے یہ موقع مزید یادگار بن گیا۔
سمارا کی اس غیر معمولی ادبی کامیابی کی خبر منظرِ عام پر آتے ہی سولاپور اور کوکن کے علمی و ادبی حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ کم سنی میں اس قدر اہم ادبی کارنامہ انجام دینے پر سمارا کی صلاحیتوں کی خوب پذیرائی ہونے لگی۔ ادبی، تعلیمی اور سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے اس کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے اس کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
پرواز فاؤنڈیشن سولاپور کے تمام عہدیداران، اراکین، شعراء، ادباء، معززین، دوست احباب اور رشتہ داروں نے سمارا اور اس کے والدین کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنی نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا ہے۔ سبھی نے اس امید کا اظہار کیا کہ سمارا مستقبل میں بھی اپنی تخلیقی و ادبی صلاحیتوں کے ذریعے کامیابیوں کی نئی منزلیں طے کرے گی اور اپنے خاندان کی علمی و ادبی روایت کو مزید آگے بڑھائے گی۔
سمارا کی یہ کامیابی نہ صرف اس کے والدین اور قریبی اہلِ خانہ بلکہ پورے مومن و مالیم خاندان کے لیے باعثِ فخر و مسرت ہے۔ اس کی یہ ادبی کامیابی دیگر بچوں اور طالب علموں کے لیے بھی ایک خوش آئند مثال اور تحریک کا ذریعہ بن سکتی ہے۔ یہ کامیابی اس حقیقت کی بھی عکاس ہے کہ بچوں کی صلاحیتوں کی بروقت شناخت، والدین اور بزرگوں کی سرپرستی اور اساتذہ کی رہنمائی انہیں کامیابی کی نئی منزلوں تک پہنچانے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ سمارا کی علمی و ادبی صلاحیتوں میں مزید نکھار عطا فرمائے، اس کے علم و ہنر میں برکت دے اور اسے مستقبل میں بھی کامیابیوں کی نئی بلندیوں سے ہمکنار کرے۔ وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے اپنے خاندان، اپنے گاؤں، اپنے ملک و ملت کا نام بین الاقوامی سطح پر روشن کرے۔
کمسن مصنفہ سمارا سہیل احمد مومن کو اس عظیم ادبی کامیابی پر دلی مبارکباد اور اس کے والدین، دادا دادی، نانا نانی اور تمام اہلِ خاندان کو پُرخلوص تبریک و تہنیت!
اللہ کرے زورِ قلم اور زیادہ!

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے