कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

استاد کے منصب کا عملی احساس؛ ننھے اساتذہ نے اپنی صلاحیتوں سے سب کو کیا متاثر

یومِ اساتذہ پر دہم جماعت کے طلبہ و طالبات نے سنبھالی تدریسی و انتظامی ذمہ داریاں، اساتذہ و معلمات کی بھرپور رہنمائی نے پروگرام کو بنایا یادگار

پربھنی: 5 ستمبر: (ضلع نامہ نگار اعتبار نیوز محمد سرور شریف پربھنی)دی میمن مرچنٹس اسوسی ایشن کے زیرِ انتظام چلنے والے معروف تعلیمی ادارے مؤیدالمسلمین ہائی اسکول، عثمانیہ کالونی، پربھنی میں یومِ اساتذہ نہایت جوش و خروش، خوشگوار ماحول اور منفرد تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر دہم جماعت کے طلبہ و طالبات نے ایک روز کے لیے اساتذہ اور اسکول انتظامیہ کی مختلف ذمہ داریاں سنبھال کر اپنی تدریسی، انتظامی اور قائدانہ صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔ یومِ اساتذہ کے موقع پر اسکول کا منظر یکسر مختلف دکھائی دے رہا تھا۔ دہم جماعت کے طلبہ و طالبات ننھے معلمین و معلمات کے روپ میں مختلف جماعتوں میں پہنچے اور پورے اعتماد، سنجیدگی اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ درس و تدریس کے فرائض انجام دیے۔ انہوں نے طلبہ کو اسباق پڑھائے، سوالات کیے اور مختلف تعلیمی سرگرمیوں میں ان کی شرکت کو یقینی بنایا۔دہم جماعت کے طلبہ و طالبات کو یومِ اساتذہ کے لیے تیار کرنے اور انہیں مختلف ذمہ داریوں سے آگاہ کرنے کی اہم ذمہ داری اسکول کی معلمات محترمہ نجمہ کوثر صاحبہ اور سپروائزر محترمہ عطیہ فاروقی صاحبہ نے سنبھالی۔ دونوں معلمات نے طلبہ کی بھرپور رہنمائی، تربیت اور حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں اس منفرد سرگرمی کے لیے تیار کیا۔
اساتذہ و معلمات کا بھی رہا بھرپور تعاون:
اس پروگرام کی کامیابی میں اسکول کے تمام معلمین و معلمات کا تعاون، رہنمائی اور حوصلہ افزائی بھی قابلِ ذکر رہی۔ طلبہ و طالبات کی تیاری سے لے کر مختلف جماعتوں میں تدریس اور انتظامی ذمہ داریوں کی انجام دہی تک اساتذہ نے قدم قدم پر ان کی رہنمائی کی۔اساتذہ نے ننھے معلمین و معلمات کو ضروری ہدایات فراہم کیں، ان کی حوصلہ افزائی کی اور ہر مرحلے پر بھرپور تعاون پیش کیا۔ اس باہمی تعاون نے طلبہ میں خود اعتمادی پیدا کی اور انہیں استاد کے منصب کی ذمہ داریوں کو عملی طور پر سمجھنے کا موقع فراہم کیا۔
صبح کی اسمبلی سے ہوا پروگرام کا آغاز:
یومِ اساتذہ کی سرگرمیوں کا آغاز صبح کی اسمبلی سے ہوا، جس کی ذمہ داری بھی دہم جماعت کے طلبہ و طالبات نے سنبھالی۔ ننھے معلمین و معلمات نے نہایت اعتماد اور عمدہ نظم و ضبط کے ساتھ اسمبلی کے مختلف مراحل مکمل کیے۔اسمبلی کے بعد صدرِ مدرس جناب محمد عبدالباسط صاحب نے ننھے معلمین و معلمات کا استقبال کیا، ان کی حوصلہ افزائی کی اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے استاد کے عظیم منصب اور معاشرے کی تعمیر میں اس کے اہم کردار پر بھی روشنی ڈالی۔
اسکول کی انتظامی ذمہ داریاں بھی طلبہ کے سپرد:
اس منفرد سرگرمی کا ایک نمایاں پہلو یہ بھی رہا کہ دہم جماعت کے طلبہ و طالبات نے صرف تدریس ہی نہیں بلکہ اسکول انتظامیہ کی مختلف ذمہ داریاں بھی سنبھالیں۔ خمیسہ محمد عبداللہ، خمیسہ محمد جنید نے ایک روز کے لیے صدرِ مدرس کے فرائض انجام دیے، جبکہ دہم جماعت کی طالبہ عائشہ مہدیہ بنت رئیس الدین انصاری نے سپروائزر کی ذمہ داریاں سنبھال کر اپنی انتظامی اور قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔یوں ایک روز کے لیے اسکول کا منظر کچھ یوں تھا کہ شاگرد استاد بنے، طالب علم معلم بنے اور کلاس روم عملی تربیت گاہ میں تبدیل ہوگیا۔
انتظامیہ کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی:
اس بامقصد اور منفرد تعلیمی سرگرمی کو کامیاب بنانے میں دی میمن مرچنٹس ایسوسی ایشن کی انتظامیہ اور اسکول کمیٹی کی سرپرستی بھی قابلِ تحسین رہی۔ اسوسی ایشن کے صدر جناب افضل سیٹھ پاڈلا، سیکریٹری خمیسہ غلام محمد مٹھو اور اسکول کمیٹی کے چیئرمین جناب موسیٰ یوسف ناگانی کی جانب سے تعلیمی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی اور ادارے کی تعلیمی ترقی کے لیے تعاون ہمیشہ قابلِ قدر رہا ہے۔یومِ اساتذہ کے اس منفرد پروگرام نے بھی اس امر کو نمایاں کیا کہ ادارے کی انتظامیہ، اسکول کمیٹی، صدرِ مدرس اور اساتذہ و معلمات باہمی تعاون کے ذریعے طلبہ کی تعلیمی و شخصی تربیت کے لیے کوشاں ہیں۔
یادگار تعلیمی تجربے کے ساتھ اختتام:
یومِ اساتذہ کی یہ سرگرمی محض ایک رسمی تقریب نہیں بلکہ طلبہ کی خود اعتمادی، قائدانہ صلاحیت، اظہارِ خیال، فیصلہ سازی، نظم و ضبط اور احساسِ ذمہ داری کو فروغ دینے کی ایک مؤثر تعلیمی کاوش ثابت ہوئی۔ تقریباً 95 طلبہ و طالبات نے ایک دن کے لیے استاد بن کر اس عظیم پیشے کی ذمہ داریوں، محنت اور اہمیت کو قریب سے محسوس کیا۔ اس منفرد سرگرمی نے انہیں یہ عملی سبق دیا کہ استاد صرف کتاب کا سبق نہیں پڑھاتا بلکہ کردار بناتا، صلاحیتیں نکھارتا اور مستقبل کی نسلوں کی تعمیر کرتا ہے۔یومِ اساتذہ کی تمام سرگرمیاں نہایت جوش و خروش، نظم و ضبط اور خوشگوار ماحول کے ساتھ اختتام پذیر ہوئیں۔اس طرح کی رپوٹ محمد یوسف سر نے دی۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے