कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

نقش مختصر افسانہ

از قلم محمود علی لیکچرر
8055402819

وہ روحانیت کے شناسا سمجھے جاتے تھے۔ چہرے پر عبادت کی چمک گفتگو میں معرفت کی خوشبو اور ہاتھ میں تسبیح تھی۔ ان کی ہر بات میں دنیا کی بے ثباتی کا ذکر ہوتا۔
میں نے یونہی پوچھ لیا "حضرت! سنا ہے آپ ایک گھر خریدنے والے تھے؟
کہنے لگے، "ہاں، گھر بہت اچھا ہے۔ مالک کا شوہر زندگی اور موت کی کشمکش میں ہے۔ عورت سخت مجبوری اور پریشانی میں ہے۔ میں نے اسے بازار سے پانچ لاکھ کم قیمت کی پیشکش کی ہے۔ ایسے سودے میں جلدی نہیں کرنی چاہیے مجبوری آخرکار قیمت گرا ہی دیتی ہے۔
یہ کہتے ہوئے ان کے ہونٹوں پر ہلکی سی مسکراہٹ تھی جیسے کوئی روحانی راز بیان کر رہے ہوں۔
میں نے پوچھا حضرت! آپ کس سلسلے سے وابستہ ہیں؟
فرمایا، "سلسلۂ نوریہ ہمارے بزرگوں نے دنیا پر ایسے نقوش چھوڑے ہیں جنہیں زمانہ آج تک نہیں مٹا سکا۔”
میں نے احترام سے سر جھکا لیا مگر نظریں ان کی تسبیح پر ٹھہر گئیں۔
مجھے یوں محسوس ہوا جیسے ہر دانہ خاموشی سے ایک ہی سوال دہرا رہا ہو
"روحانیت کا نقش دلوں پر بنتا ہے یا مجبور انسانوں کی جائیدادوں پر؟”
اس دن مجھے سمجھ آیا کہ انسان کی پہچان اس کے سلسلے، لباس یا تسبیح سے نہیں بلکہ اس لمحے سے ہوتی ہے جب اسے کسی بے بس انسان کی مجبوری میں اپنا فائدہ نظر آتا ہے یا اپنا فرض۔
میں وہاں سے اٹھا تو ذہن میں دو آوازیں گونج رہی تھیں
ایک نطشے کی، جو نقاب اوڑھے اخلاق پر سوال اٹھاتا ہے اور دوسری اقبال کی جو خودی کو عشق امانت اور خدمتِ خلق سے جوڑتے ہیں۔
میں نے پلٹ کر بزرگ کو نہیں دیکھا۔ ان کی تسبیح کے دانے شاید اب بھی گردش میں تھے مگر میرے ذہن میں ایک ہی سوال گردش کر رہا تھا
اگر عبادت انسان کے دل میں رحم پیدا نہ کرے اگر ذکر کسی مجبور کے حق کو سستا کر دے اور اگر روحانیت بے بس انسان کی مجبوری سے فائدہ اٹھانے کا ہنر سکھائے تو پھر فرق تسبیح کے دانوں میں نہیں انسان کے ضمیر میں تلاش کرنا چاہیے۔
شاید اسی لیے اقبال نے کردار کو عبادت سے جدا نہیں کیا اور نطشے نے اس اخلاق پر سوال اٹھایا جو صرف الفاظ میں زندہ رہ جائے۔
اس روز مجھے محسوس ہوا کہ اصل روحانیت وہ ہے جو کسی مجبور کے گھر کی قیمت کم نہیں کرتی بلکہ اس کے بوجھ کو کم کرتی ہے۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے