कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

تعددِ ازدواجِ رسولﷺ: حکمتیں، مقاصد اور سیرتِ طیبہ کے روشن پہلو۔حصہ اوّل و دوّم

Polygamy of the Prophet ﷺ: Wisdom, Objectives, and the Enlightening Dimensions of the Prophetic Seerah

تحریر:مسعود محبوب خان (ممبئی)
09422724040

حصّہ اوّل:
رسولِ اکرمﷺ کی سیرتِ طیبہ انسانی تاریخ کا وہ روشن باب ہے جس کے ہر پہلو میں حکمت، رحمت اور انسانیت کے لیے رہنمائی پوشیدہ ہے۔ آپﷺ کی عبادات ہوں یا معاملات، قیادت ہو یا معاشرت، اخلاق ہوں یا خاندانی زندگی، ہر شعبہ انسانیت کے لیے نمونۂ کامل ہے۔ انہی پہلوؤں میں ایک اہم موضوع آپﷺ کے تعددِ ازدواج کا بھی ہے، جسے بعض لوگ تاریخی حقائق اور اسلامی تعلیمات سے بے خبر ہو کر محض ذاتی خواہشات کے تناظر میں دیکھنے کی کوشش کرتے ہیں، جب کہ حقیقت یہ ہے کہ نبیِ کریمﷺ کی ہر ازدواجی نسبت عظیم دینی، سماجی، تعلیمی اور انسانی حکمتوں پر مبنی تھی۔ قرآنِ مجید نے رسول اللہﷺ کی زندگی کو "اُسوۂ حسنہ” قرار دیا ہے، لہٰذا آپﷺ کے ہر عمل کو اسی تناظر میں سمجھنا ضروری ہے۔
آپﷺ کی ازدواجی زندگی بھی وحیِ الٰہی کی نگرانی میں گزری، اس لیے اس میں کوئی ایسا پہلو نہیں جو محض شخصی خواہش یا دنیاوی مقصد پر مبنی ہو۔ قرآنِ مجید نے نبیِ اکرمﷺ کے بعض نکاحوں کا نہ صرف ذکر فرمایا ہے بلکہ ان کے پسِ پردہ کارفرما حکمتوں اور شرعی مقاصد کی بھی وضاحت کی ہے۔ بالخصوص سورۂ احزاب میں ازواجِ مطہراتؓ کے عظیم مقام، ان کی منفرد حیثیت، پردے کے احکام، "اُمہاتُ المؤمنین” کے اعزاز اور رسولِ اکرمﷺ سے متعلق بعض خصوصی احکام و ذمّہ داریوں کو تفصیل سے بیان کیا گیا ہے۔ ان آیات سے واضح ہوتا ہے کہ آپﷺ کی ازدواجی زندگی محض ایک شخصی معاملہ نہیں تھی، بلکہ وحیِ الٰہی کی رہنمائی میں انجام پانے والا نبوت کے عظیم مشن کا ایک اہم حصّہ تھی۔
اسی بنا پر نبیِ کریمﷺ کے بعض احکام عام مسلمانوں کے احکام سے مختلف تھے، جنہیں فقہِ اسلامی میں "خصائصِ نبویﷺ” کہا جاتا ہے۔ لہٰذا رسول اللہﷺ کے تعددِ ازدواج کو عام مسلمانوں کے لیے مقرر کردہ شرعی حدود پر قیاس کرنا علمی اور شرعی اعتبار سے درست نہیں۔ آپﷺ کے نکاح مخصوص الٰہی حکمتوں، دینی مصالح اور اُمّت کی تعلیم و تربیت کے عظیم مقاصد کے تحت انجام پائے، جنہیں عام افراد کی ازدواجی زندگی کا معیار یا نظیر قرار نہیں دیا جا سکتا۔
یہ ایک مسلمہ تاریخی حقیقت ہے کہ رسول اللہﷺ نے اپنی جوانی کا سب سے قیمتی حصّہ ایک ہی زوجہ، حضرت خدیجہؓ، کے ساتھ گزارا۔ اس وقت آپﷺ تقریباً پچیس برس کے تھے اور حضرت خدیجہؓ کی عمر تقریباً چالیس برس تھی۔ تقریباً پچیس سال تک آپﷺ نے دوسری شادی نہیں کی۔ اگر مقصد نفسانی خواہشات ہوتیں تو جوانی اس کا سب سے موزوں زمانہ تھا، مگر ایسا ہرگز نہیں ہوا۔ حضرت خدیجہؓ کے وصال کے بعد، جب اسلامی دعوت پھیل چکی تھی، مسلمانوں کی تعداد بڑھ رہی تھی اور مختلف قبائل سے تعلقات استوار کرنے، بیواؤں کی کفالت، معاشرتی اصلاح اور شریعت کی عملی تعلیم کی ضرورت پیدا ہوئی، تب آپﷺ کے متعدد نکاح مختلف حکمتوں کے تحت ہوئے۔
رسول اللہﷺ کے بیشتر نکاح ایسی خواتین سے ہوئے جو بیوہ یا مطلقہ تھیں اور جن کے سروں سے کفالت کا سایہ اٹھ چکا تھا۔ عرب معاشرے میں بیوہ عورت کی زندگی نہایت دشوار ہوتی تھی۔ آپﷺ نے ان خواتین کو عزّت، تحفّظ اور سماجی مقام عطا کیا۔ یہ عمل اس حقیقت کا عملی اعلان تھا کہ اسلام معاشرے کے کمزور، بے سہارا اور محروم افراد کو تنہا نہیں چھوڑتا بلکہ ان کی عزّت و وقار کی حفاظت کو عبادت سمجھتا ہے۔ رسولِ اکرمﷺ کے ہر نکاح کے پس منظر میں ایک یا ایک سے زیادہ دینی، سماجی، تعلیمی اور اصلاحی حکمتیں کارفرما تھیں۔ ہر ازدواجی تعلق اپنے اندر ایک منفرد پیغام اور اُمّت کے لیے ایک خاص مصلحت رکھتا تھا۔ اگرچہ کسی ایک نکاح کو صرف ایک ہی حکمت تک محدود کرنا درست نہیں، تاہم نمایاں پہلوؤں کو مختصراً اس طرح بیان کیا جا سکتا ہے:
حضرت سودہ بنت زمعہؓ: ہجرت کے بعد ایک بے سہارا اور عمر رسیدہ بیوہ کی کفالت، دلجوئی اور اسلامی معاشرے میں بیواؤں کی عزّت و تکریم کا عملی نمونہ پیش کرنا۔
حضرت عائشہ صدیقہؓ: اُمّت کے علمی ورثے کی حفاظت، خصوصاً خواتین سے متعلق شرعی احکام کی تعلیم و تبلیغ، اور سیرتِ نبویﷺ کے گھریلو پہلوؤں کو اُمّت تک پہنچانے کا عظیم فریضہ انجام دینا۔
حضرت حفصہ بنت عمرؓ: حضرت عمر بن خطابؓ کے ساتھ تعلق کو مزید مستحکم کرنا، نیز علم، عبادت اور قرآنِ مجید کی حفاظت میں ان کی نمایاں خدمات کے ذریعے اُمّت کی رہنمائی کا انتظام ہونا۔
حضرت زینب بنت خزیمہؓ: ایک نیک سیرت اور بیوہ خاتون کی کفالت، معاشرے کے کمزور طبقات کی سرپرستی، اور محتاجوں و مسکینوں کے ساتھ ہمدردی کی عملی مثال کو فروغ دینا۔
حضرت اُمِّ سلمہؓ: ایک صاحبِ فضیلت بیوہ اور ان کے یتیم بچّوں کی کفالت، نیز فقہ، مشاورت اور دینی بصیرت کے ذریعے اُمّت کی علمی و عملی رہنمائی کا سامان فراہم کرنا۔
حضرت زینب بنت جحشؓ: منہ بولے بیٹے سے متعلق جاہلی رسم کی اصلاح اور یہ واضح کرنا کہ متبنّی (منہ بولا بیٹا) حقیقی نسبی بیٹے کے حکم میں نہیں ہوتا، تاکہ اسلامی خاندانی قانون کی بنیادیں واضح ہوں۔
حضرت جویریہ بنت حارثؓ: اس نکاح کے نتیجے میں ان کے قبیلے کے بہت سے قیدی آزاد ہوئے، جس سے اسلام کی رحمت، حسنِ سلوک اور قبائلی تعلقات میں مثبت تبدیلی کی روشن مثال قائم ہوئی۔
حضرت اُمِّ حبیبہ رملہ بنت ابوسفیانؓ: حبشہ میں ہجرت کرنے والی ایک ثابت قدم مسلمان خاتون کی دلجوئی، ان کی کفالت، اور بعد ازاں قریش کے ایک بااثر خاندان کے ساتھ تعلقات میں نرمی اور خیر کے اسباب پیدا ہونا۔
حضرت صفیہ بنت حییؓ: سابقہ مخالف قبائل کے ساتھ نفرت کی دیواریں کم کرنا، اسلام کی مساوات اور عفو و درگزر کو عملی شکل دینا، اور یہ ثابت کرنا کہ عزّت و شرف کا معیار نسب نہیں بلکہ ایمان اور تقویٰ ہے۔
حضرت میمونہ بنت حارثؓ: حجاز کے مختلف قبائل کے ساتھ خیر سگالی اور باہمی تعلقات کو مضبوط بنانا، جس سے دعوتِ اسلام کے فروغ اور معاشرتی ہم آہنگی کے نئے مواقع پیدا ہوئے۔
ان تمام نکاحوں کا مجموعی مطالعہ اس حقیقت کو نمایاں کرتا ہے کہ رسولِ اکرمﷺ کی ازدواجی زندگی کسی شخصی خواہش کا اظہار نہیں تھی، بلکہ وہ نبوت کے عالمی مشن، اُمّت کی تعلیم و تربیت، معاشرتی اصلاح، کمزور طبقات کی کفالت، قبائلی عصبیت کے خاتمے اور اسلام کی آفاقی تعلیمات کے عملی نفاذ کا ایک روشن باب تھی۔
عرب معاشرہ قبائلی تقسیم کا شکار تھا۔ مختلف قبائل کے درمیان دشمنیاں نسلوں تک چلتی تھیں۔ رسول اللہﷺ کے بعض نکاح مختلف قبائل سے تعلق رکھنے والی خواتین سے ہوئے، جس کے نتیجے میں قبائل کے درمیان قربت پیدا ہوئی، دشمنیاں کم ہوئیں اور اسلام کی دعوت وسیع حلقوں تک پہنچی۔ یوں ازدواجی تعلقات محض خاندانی رشتے نہیں رہے بلکہ امن، اخوت اور قومی یکجہتی کا ذریعہ بن گئے۔ عرب معاشرہ قبائلی نظام پر قائم تھا، جہاں خاندانی اور ازدواجی رشتے محض نجی تعلقات نہیں بلکہ سیاسی، سماجی اور قبائلی اتحاد کا سب سے مضبوط ذریعہ سمجھے جاتے تھے۔ مختلف قبائل کے درمیان اعتماد، تعاون اور دیرپا تعلقات قائم کرنے میں نکاح کو غیر معمولی اہمیت حاصل تھی۔
رسولِ اکرمﷺ نے بھی بعض نکاح ایسے حالات میں فرمائے جن کے نتیجے میں مختلف قبائل کے ساتھ تعلقات میں قربت پیدا ہوئی، باہمی بداعتمادی میں کمی آئی اور اسلام کے پیغام کو نئے قبائل تک پہنچانے کے مواقع میسر آئے۔ اس طرح آپﷺ کی ازدواجی زندگی نے صرف خاندانی نظام ہی کو مضبوط نہیں کیا بلکہ دعوتِ اسلام کے فروغ، قبائلی عصبیت کے خاتمے، سماجی ہم آہنگی کے قیام اور مختلف طبقات کے درمیان اخوت و اعتماد کی فضا قائم کرنے میں بھی مؤثر کردار ادا کیا۔ یوں یہ نکاح نبوت کے عالمی مشن کا ایک اہم ذریعہ بنے، جن کے ذریعے اسلام کی رحمت، حکمت اور آفاقی دعوت معاشرے کے مختلف طبقات اور قبائل تک پہنچی۔
حصّہ دوّم:
اسلام نے عورت کو علم حاصل کرنے اور دینی احکام سیکھنے کا حق دیا۔ بہت سے گھریلو مسائل ایسے تھے جنہیں مرد صحابہؓ براہِ راست دریافت کرنے میں حیا محسوس کرتے تھے، جب کہ خواتین کے مخصوص احکام صرف ازواجِ مطہراتؓ ہی پوری وضاحت کے ساتھ بیان کر سکتی تھیں۔ خصوصاً حضرت عائشہؓ نے حدیث، فقہ، طب، وراثت، عبادات اور خاندانی معاملات میں اُمّت کی عظیم علمی رہنمائی فرمائی۔ ہزاروں احادیث انہی کے ذریعے اُمّت تک پہنچیں۔ اگر ازواجِ مطہراتؓ نہ ہوتیں تو اسلامی تعلیمات کا ایک بڑا عملی سرمایہ محفوظ نہ رہ پاتا۔
ازواجِ مطہراتؓ نے اسلامی علوم کے تحفّظ، اشاعت اور اُمّت کی علمی و عملی رہنمائی میں نہایت اہم اور تاریخی کردار ادا کیا۔ انہوں نے رسولِ اکرمﷺ کی حیاتِ مبارکہ کے ان گوشوں کو محفوظ کیا جو صرف گھریلو زندگی ہی کے ذریعے اُمّت تک منتقل ہو سکتے تھے۔ ان کی علمی خدمات کے نمایاں پہلو یہ ہیں:
• رسولِ اکرمﷺ سے مروی ہزاروں احادیث کی روایت، حفاظت اور اُمّت تک امانت و دیانت کے ساتھ منتقلی۔
• خواتین سے متعلق فقہی و شرعی مسائل، خصوصاً عبادات، طہارت، نکاح، طلاق، عدت اور خاندانی زندگی کے احکام کی وضاحت اور تعلیم۔
• تابعین اور بعد کی نسلوں کی علمی و اخلاقی تربیت، جنہوں نے ازواجِ مطہراتؓ سے علمِ حدیث، فقہ، تفسیر اور سیرت کا وافر حصّہ حاصل کیا۔
• رسول اللہﷺ کی گھریلو عبادات، شب و روز کے معمولات، اخلاقِ کریمانہ، عائلی زندگی اور سنّتِ نبویﷺ کے عملی پہلوؤں کو اُمّت تک محفوظ اور مستند صورت میں پہنچانا۔
اسی علمی ورثے کی بدولت اُمّتِ مسلمہ کو دین کے ان بے شمار احکام و آداب سے آگاہی حاصل ہوئی جو صرف ازواجِ مطہراتؓ ہی کے ذریعے محفوظ ہو سکتے تھے۔ اس اعتبار سے وہ نہ صرف اُمہاتُ المؤمنین تھیں بلکہ اسلامی علم و فقہ کی اوّلین معلمات اور اُمّت کی عظیم علمی رہنما بھی تھیں۔
رسول اللہﷺ کی ازدواجی زندگی نے اُمّت کو یہ سکھایا کہ شوہر اپنی بیویوں کے ساتھ حسنِ سلوک، محبت، عدل، شفقت اور احترام سے کیسے پیش آئے۔ آپﷺ گھر کے کاموں میں تعاون فرماتے، اہلِ خانہ کے ساتھ مسکراتے، ان کی دلجوئی کرتے، ان کے حقوق ادا کرتے اور کبھی ظلم یا سختی سے پیش نہ آتے۔ اس طرح اسلامی خاندانی نظام کا عملی نمونہ پوری انسانیت کے سامنے آیا۔ رسولِ اکرمﷺ نے اپنی ازدواجی زندگی میں عدل، مساوات اور حسنِ معاشرت کی وہ اعلیٰ ترین مثال قائم کی جو رہتی دنیا تک اہلِ ایمان کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ آپﷺ نے ازواجِ مطہراتؓ کے درمیان وقت کی تقسیم، نفقہ، رہائش، حسنِ سلوک اور دیگر ظاہری حقوق کی ادائیگی میں نہایت باریک بینی، دیانت اور انصاف کا مظاہرہ فرمایا، حتیٰ کہ کسی کے حق میں معمولی سی بھی کوتاہی سے اجتناب کرتے تھے۔
اس کے باوجود، چونکہ دلوں کے جذبات اور محبت کی کامل برابری انسان کے اختیار میں نہیں، اس لیے رسولِ اکرمﷺ اپنی بشری ذمّہ داری پوری کرنے کے بعد اللہ تعالیٰ کے حضور نہایت عاجزی سے یہ دعا فرمایا کرتے تھے:
اے اللہ! یہ وہ تقسیم ہے جس پر مجھے اختیار ہے، لہٰذا جس چیز پر میرا اختیار نہیں، اس کے بارے میں مجھے ملامت نہ فرمانا”۔ یہ دعا اس حقیقت کو نمایاں کرتی ہے کہ رسولِ اکرمﷺ نے اختیاری معاملات میں عدل و انصاف کی انتہاء تک پہنچنے کی کوشش فرمائی، جب کہ غیر اختیاری امور کو اللہ تعالیٰ کے سپرد کیا۔ اس طرح آپﷺ نے اُمّت کو یہ تعلیم دی کہ ازدواجی زندگی کی بنیاد محض محبت کے جذبات پر نہیں بلکہ انصاف، ذمّہ داری، حسنِ اخلاق اور حقوق کی مکمل ادائیگی پر قائم ہونی چاہیے۔
آپﷺ کے بعض نکاحوں میں غلامی کے نظام کی اصلاح اور انسانی مساوات کا پیغام بھی نمایاں تھا۔ ان سے یہ حقیقت واضح ہوئی کہ اسلام انسان کی عزّت کو نسب، رنگ، قبیلے یا سماجی حیثیت سے نہیں بلکہ تقویٰ اور کردار سے وابستہ کرتا ہے۔ دورِ جاہلیت میں عورت عمومی طور پر بہت سے بنیادی انسانی اور معاشرتی حقوق سے محروم تھی۔ اسے اکثر وراثت میں حصّہ نہیں دیا جاتا تھا، اس کی عزّت و وقار کو خاطر میں نہیں لایا جاتا تھا اور وہ قبائلی رسوم و رواج کے باعث متعدد سماجی ناانصافیوں کا شکار رہتی تھی۔ اسلام نے آ کر عورت کے مقام و مرتبہ کو نئی رفعت عطا کی اور اسے ایک باوقار، بااختیار اور ذمّہ دار شخصیت کی حیثیت سے متعارف کرایا۔
رسولِ اکرمﷺ کی سیرتِ طیبہ نے عملی طور پر یہ ثابت کیا کہ عورت ماں، بیٹی، بہن اور بیوی ہر حیثیت میں عزّت، محبت، احترام اور شرعی حقوق کی مستحق ہے۔ آپﷺ نے اپنے ارشادات اور اپنے طرزِ عمل کے ذریعے خواتین کے حقوق کی حفاظت، ان کے وقار کے احترام اور ان کے ساتھ حسنِ سلوک کی ایسی مثال قائم کی جو انسانی تاریخ میں ایک عظیم سماجی انقلاب کی حیثیت رکھتی ہے۔ ازواجِ مطہراتؓ اسی مبارک انقلاب کا روشن ترین نمونہ تھیں۔ انہوں نے نہ صرف خواتین کے بلند مقام اور دینی وقار کی نمائندگی کی بلکہ علم، تقویٰ، خدمتِ دین، دعوت و اصلاح اور اُمّت کی تعلیم و تربیت میں فعال کردار ادا کرکے یہ ثابت کیا کہ اسلام نے عورت کو معاشرے کا ایک باوقار، مؤثر اور باعزّت رکن بنایا ہے۔
رسول اللہﷺ کی ازدواجی زندگی کے ذریعے کئی ایسے احکام عملاً نافذ ہوئے جن کا تعلق نکاح، طلاق، عدت، پردہ، وراثت، خاندانی حقوق اور معاشرتی آداب سے تھا۔ ان احکام کی عملی صورت اُمّت تک ازواجِ مطہراتؓ کے ذریعے پہنچی، جس سے دین صرف نظری تعلیم نہ رہا بلکہ ایک مکمل عملی نظام بن کر سامنے آیا۔ قرآنِ مجید نے ازواجِ مطہراتؓ کو "اُمہات المؤمنین” قرار دیا۔ یہ صرف ایک اعزازی لقب نہیں بلکہ اُمّت کے لیے احترام، محبت اور ادب کا دائمی درس ہے۔ انہوں نے علم، عبادت، تقویٰ، صبر، ایثار اور دین کی خدمت میں وہ کردار ادا کیا جس کی مثال تاریخ میں کم ملتی ہے۔ ان کی زندگیاں اسلامی تہذیب، عورت کے وقار، خاندانی نظام اور دینی خدمت کی روشن مثالیں ہیں۔
بعض مستشرقین اور ناقدین نے رسول اللہﷺ کے تعددِ ازدواج کو اعتراض کا موضوع بنایا، لیکن جب تاریخی حقائق کا غیر جانبدارانہ مطالعہ کیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ یہ اعتراضات تعصب، سیاق سے بے خبری یا یک رخے مطالعے کا نتیجہ ہیں۔ اگر مقصد دنیاوی خواہشات ہوتیں تو:
• جوانی میں متعدد شادیاں ہوتیں، نہ کہ بڑھاپے کے قریب۔
• زیادہ تر کنواری خواتین سے نکاح ہوتے، نہ کہ بیوہ اور مطلقہ خواتین سے۔
• دعوت، تعلیم، اصلاحِ معاشرہ اور انسانی خدمت کے عظیم نتائج سامنے نہ آتے۔
یہ تمام حقائق اس بات کے واضح گواہ ہیں کہ رسول اللہﷺ کی ازدواجی زندگی کا محور اُمّت کی اصلاح، دین کی تکمیل اور انسانیت کی بھلائی تھا۔
اگر رسولِ اکرمﷺ کی ازدواجی زندگی کا مقصد محض نفسانی خواہشات کی تکمیل ہوتا تو اس کا اظہار آپﷺ کی جوانی کے دور میں زیادہ نمایاں ہونا چاہیے تھا، اور اکثر نکاح کنواری اور کم عمر خواتین سے ہوتے۔ لیکن تاریخی حقائق اس کے بالکل برعکس ہیں۔ آپﷺ نے اپنی عمر کا بہترین اور بھرپور حصّہ حضرت خدیجہؓ کے ساتھ ایک ہی نکاح میں گزارا، جب کہ بعد کے بیشتر نکاح بیوہ یا مطلقہ خواتین سے ہوئے، جن کے پس منظر میں معاشرتی اصلاح، انسانی ہمدردی، دینی مصلحتیں اور اُمّت کی تعلیم و تربیت جیسے اعلیٰ مقاصد کارفرما تھے۔
رسولِ اکرمﷺ کی ازدواجی زندگی کو دو الگ ادوار میں دیکھا جا سکتا ہے۔ پہلا دور نبوت سے پہلے کا ہے، جس میں آپﷺ نے ایک ہی زوجہ، حضرت خدیجہؓ، کے ساتھ طویل ازدواجی زندگی بسر کی۔ دوسرا دور نبوت کے بعد کا ہے، جب اسلام ایک عالمی دعوت کی صورت اختیار کر چکا تھا اور معاشرتی، تعلیمی، دعوتی اور سیاسی ذمّہ داریاں غیر معمولی طور پر بڑھ گئی تھیں۔ اسی مرحلے میں آپﷺ کے متعدد نکاح مختلف دینی اور اجتماعی مصالح کے تحت انجام پائے۔
یہ حقیقت بھی پیشِ نظر رہنی چاہیے کہ اُس زمانے کے عرب معاشرے میں تعددِ ازدواج ایک معروف اور رائج سماجی روایت تھی۔ تاہم رسولِ اکرمﷺ نے اس روایت کو محض برقرار نہیں رکھا بلکہ اسے اعلیٰ اخلاقی اقدار، معاشرتی اصلاح، بیواؤں اور یتیموں کی کفالت، قبائلی عصبیت کے خاتمے، دعوتِ اسلام کے فروغ اور اُمّت کی تعلیم و تربیت کا مؤثر ذریعہ بنا دیا۔ یوں آپﷺ کی ازدواجی زندگی انسانی خواہشات کی نہیں بلکہ نبوت کے عالمی مشن، الٰہی حکمت اور انسانیت کی فلاح کی آئینہ دار بن کر سامنے آتی ہے۔
رسولِ اکرمﷺ کی ازدواجی زندگی محض ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ ہر دور کے لیے عملی رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔ اس سے ہمیں متعدد ایسے اصول اور اقدار حاصل ہوتے ہیں جو ایک صالح فرد، مضبوط خاندان اور مثالی معاشرے کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ سب سے پہلے یہ حقیقت واضح ہوتی ہے کہ خاندان ایک مضبوط اور پُرامن معاشرے کی اساس ہے۔ جب خاندانی نظام محبت، عدل، احترام، ایثار اور باہمی ذمّہ داری کے اصولوں پر قائم ہو تو پورا معاشرہ استحکام اور خیر کا گہوارہ بن جاتا ہے۔ اسی طرح سیرتِ نبویﷺ یہ تعلیم دیتی ہے کہ بیواؤں، یتیموں اور دیگر کمزور طبقات کی کفالت اور دلجوئی صرف انفرادی نیکی نہیں بلکہ اسلامی معاشرے کی اجتماعی ذمّہ داری ہے۔ ایک مہذب اور صالح معاشرہ وہی ہے جو اپنے محروم اور بے سہارا افراد کو عزّت، تحفّظ اور سہارا فراہم کرے۔
یہ بھی واضح ہوتا ہے کہ علمِ دین کی اشاعت، دینی تعلیم و تربیت اور اخلاقی اقدار کے فروغ میں خواتین کا کردار نہایت اہم اور ناگزیر ہے۔ ازواجِ مطہراتؓ نے اپنے علم، تقویٰ اور بصیرت کے ذریعے اُمّت کی جس انداز سے رہنمائی فرمائی، وہ اس حقیقت کا روشن ثبوت ہے۔ سیرتِ رسولﷺ ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ معاشرتی اصلاح محض قوانین کے نفاذ سے ممکن نہیں ہوتی، بلکہ اس کے لیے اعلیٰ کردار، عملی نمونہ، اخلاقِ حسنہ اور ذاتی عمل کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔ رسولِ اکرمﷺ نے اپنے قول و عمل سے یہی نمونہ پیش فرمایا۔ یہ حقیقت بھی نمایاں ہوتی ہے کہ خاندانی اور سماجی تعلقات، اگر حکمت، حسنِ اخلاق اور خیر خواہی کے ساتھ استوار کیے جائیں، تو وہ دعوتِ دین، معاشرتی ہم آہنگی اور باہمی اعتماد کے فروغ کا ایک نہایت مؤثر ذریعہ بن سکتے ہیں۔ یہی وہ جامع تعلیمات ہیں جو سیرتِ نبویﷺ کو ہر زمانے کے لیے ایک زندہ، کامل اور قابلِ عمل نمونہ بناتی ہیں۔
آج کے دور میں جب خاندانی نظام کمزور ہو رہا ہے، خواتین کے حقوق پامال ہوتے ہیں، بیوائیں اور یتیم بے سہارا رہ جاتے ہیں اور معاشرتی تعلقات مفاد پرستی کا شکار ہیں، سیرتِ نبویﷺ ہمیں یہ درس دیتی ہے کہ خاندان محبت، ذمّہ داری، عدل، احترام اور ایثار پر قائم رہتے ہیں۔ اسلام نکاح کو محض ایک ذاتی معاہدہ نہیں بلکہ ایک سماجی، اخلاقی اور روحانی ذمّہ داری قرار دیتا ہے، جس کے ذریعے فرد، خاندان اور معاشرہ مضبوط ہوتے ہیں۔ سیرتِ رسولِ اکرمﷺ کا ہر باب انسانیت کے لیے ہدایت، رحمت اور رہنمائی کا روشن چراغ ہے۔ آپﷺ کی زندگی کا ہر پہلو اپنے اندر حکمتوں کا ایک وسیع جہان رکھتا ہے۔ خصوصاً تعددِ ازدواج کا باب ہمیں یہ حقیقت سمجھاتا ہے کہ انبیائے کرام علیہم السلام کی زندگی کا ہر عمل محض ذاتی معاملہ نہیں ہوتا، بلکہ وہ اللہ تعالیٰ کے مقرر کردہ عظیم مقصد اور انسانی رہنمائی کے ایک وسیع تر نظام کا حصّہ ہوتا ہے۔
رسولِ اکرمﷺ کی ازدواجی زندگی امت کی تعلیم و تربیت، معاشرتی اصلاح، بے سہارا افراد کی کفالت، خواتین کی دینی رہنمائی، قبائلی تعلقات کی بہتری اور احکامِ الٰہی کے عملی نفاذ کا ایک اہم ذریعہ بنی۔ اس لیے آپﷺ کے نکاحوں کو صرف ظاہری زاویے سے نہیں بلکہ سیرت کے مکمل تاریخی، سماجی اور دینی پس منظر میں سمجھنا چاہیے۔ حقیقت یہ ہے کہ نبیِ رحمتﷺ کی پوری زندگی انسانیت کے لیے رحمت، عدل اور خیر خواہی کا پیغام ہے، اور آپﷺ کی ازدواجی زندگی بھی اسی عظیم مشن کی ایک روشن کڑی ہے، جس میں اُمّت کے لیے تعلیم، معاشرے کے لیے اصلاح اور دینِ الٰہی کی تکمیل کی بے شمار حکمتیں پوشیدہ ہیں۔
رسولِ رحمتﷺ کی تعددِ ازدواج کو اگر سیرتِ نبوی، تاریخ، قرآن اور سنّت کی روشنی میں سمجھا جائے تو یہ حقیقت روزِ روشن کی طرح عیاں ہو جاتی ہے کہ آپﷺ کی ہر ازدواجی نسبت اپنے اندر بے شمار حکمتیں سموئے ہوئے تھی۔ ان کا مقصد معاشرتی اصلاح، بیواؤں کی کفالت، اُمّت کی تعلیم، قبائلی عصبیت کا خاتمہ، خواتین کی دینی تربیت اور اسلامی خاندانی نظام کی عملی تشکیل تھا۔ یہی وجہ ہے کہ آپﷺ کی ازدواجی زندگی کسی شخصی خواہش کی نہیں بلکہ نبوت کے عالمی مشن، رحمتِ عالمﷺ کی شفقت اور دینِ اسلام کی جامع حکمت کی ایک درخشاں مثال ہے۔ مسلمان کا فرض ہے کہ وہ اس موضوع کو احترام، تحقیق، اعتدال اور سیرتِ نبویﷺ کے مکمل تناظر میں سمجھے اور دوسروں تک بھی اسی علمی اور متوازن انداز میں پہنچائے۔
🗓 (30.07.2026)
✒️ Masood M. Khan (Mumbai)
📧masood.media4040@gmail.com

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے