कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

قرآنِ کریم ہدایت سکون اور نجات کا عظیم خزانہ

خامہ بکف :محمد عادل ارریاوی

قرآنِ کریم اللہ ربّ العزت کی وہ عظیم اور مقدس کتاب ہے جو سراپا ہدایت رحمت اور نور ہے۔ یہ وہ پاکیزہ کتاب ہے جسے اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب نبی حضرت محمد صلی اللّٰہ علیہ وسلم پر نازل فرمایا تاکہ انسانیت کو اندھیروں سے نکال کر روشنی کی طرف لایا جائے۔ قرآنِ کریم کا ایک ایک حرف سچا برحق اور قیامت تک کیلئے رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔ اس میں نہ کوئی شک ہے اور نہ کوئی غلطی کیونکہ یہ ربِّ کائنات کا کلام ہے۔
قرآنِ کریم کی عظمت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس کا دیکھنا بھی عبادت ہے اس کو چھونا بھی باعثِ ثواب ہے اور اس کی تلاوت کرنا بھی عظیم اجر و ثواب کا ذریعہ ہے۔ جو شخص اخلاص کے ساتھ قرآن پڑھتا ہے اللہ تعالیٰ اس کے دل کو نور سے بھر دیتا ہے۔ قرآن کریم ایک کتاب ہی نہیں بلکہ ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے جو انسان کو جینے کا صحیح سلیقہ سکھاتا ہے۔ یہ ہمیں عبادات معاملات اخلاق محبت صبر شکر والدین کی خدمت رشتہ داروں کے حقوق اور انسانیت کی بھلائی کا درس دیتا ہے۔
قرآنِ کریم میں روحانی شفاء بھی ہے اور قلبی سکون بھی۔ جب انسان غم پریشانی بےچینی اور مصیبتوں میں گھرا ہوتا ہے تو قرآن کی تلاوت اس کے دل کو سکون عطا کرتی ہے۔ کتنے ہی لوگ ایسے ہیں جنہوں نے دنیا کی ہر چیز میں سکون تلاش کیا مگر حقیقی سکون انہیں قرآنِ پاک کی تلاوت میں ملا۔ قرآن پڑھتے وقت ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے اللہ تعالیٰ اپنے بندے سے گفتگو فرما رہا ہو۔ اس کی ہر آیت دل میں اترتی ہے اور روح کو تازگی بخشتی ہے۔
جو شخص قرآنِ کریم کو مکمل حفظ کرلیتا ہے اسے حافظِ قرآن کہا جاتا ہے۔ حافظِ قرآن کا مقام اللہ تعالیٰ کے نزدیک بہت بلند اور عظیم ہے۔ احادیثِ مبارکہ میں آتا ہے کہ قیامت کے دن حافظِ قرآن کے والدین کو ایسا روشن تاج پہنایا جائے گا جس کی روشنی سورج سے بھی زیادہ ہوگی۔ یہ کتنی بڑی سعادت ہے کہ ایک بچے کی دینی تعلیم اور حفظِ قرآن اس کے والدین کیلئے آخرت میں عزت و کامیابی کا ذریعہ بن جائے۔
آج افسوس کی بات یہ ہے کہ بہت سے مسلمانوں نے قرآن کو پسِ پشت ڈال دیا ہے۔ وہ دنیاوی مصروفیات میں اس قدر کھو گئے ہیں کہ قرآن پڑھنے کا وقت ہی نہیں نکالتے۔ حالانکہ جو لوگ قرآن سے دور ہوجاتے ہیں ان کے دل سخت ہوجاتے ہیں اور زندگی بےسکون ہوجاتی ہے۔ قرآن پڑھنے کا اصل مزہ وہی جان سکتا ہے جو روزانہ اس کی تلاوت کرتا ہو۔ جو لوگ قرآن نہیں پڑھتے وہ اس نور سکون اور لذت سے محروم رہتے ہیں۔
اگر تم چاہتے ہو کہ تمہارے مرنے کے بعد بھی تمہیں ثواب ملتا رہے لوگ تمہارے لئے دعائیں کریں اور تمہاری بخشش کا سامان بنتا رہے تو اپنے بچوں کو قرآنِ کریم کی تعلیم دو انہیں حافظِ قرآن بناؤ انہیں دین سکھاؤ۔ کیونکہ نیک اولاد والدین کیلئے صدقۂ جاریہ ہوتی ہے۔ جب وہ قرآن پڑھیں گے عمل کریں گے اور دوسروں کو سکھائیں گے تو اس کا ثواب والدین کو بھی پہنچتا رہے گا۔
قرآنِ کریم پڑھنے کے بےشمار فائدے ہیں۔ یہ دلوں کو زندہ کرتا ہے گناہوں کو مٹاتا ہے درجات بلند کرتا ہے گھروں میں رحمت نازل کرتا ہے اور انسان کو اللہ تعالیٰ کے قریب کردیتا ہے۔ اگر انسان قرآن کی حقیقت اور اس کی عظمت کو جان لے تو وہ کبھی اس سے دور نہ رہے۔
لہٰذا ہمیں چاہئے کہ ہم روزانہ قرآنِ کریم کی تلاوت کو اپنا معمول بنائیں۔ دن اور رات میں جتنا ہوسکے قرآن پڑھیں کم از کم چند صفحات ہی سہی مگر پابندی کے ساتھ پڑھیں۔ اگر کوئی تین پارے روزانہ پڑھ سکتا ہے تو یہ بہت بڑی سعادت کی بات ہے۔ یقیناً قرآنِ کریم کی برکت سے زندگی میں سکون دل میں اطمینان اور گھر میں رحمت پیدا ہوگی۔ اللہ تعالیٰ ہر مصیبت پریشانی اور آفت سے حفاظت فرمائے گا۔
اللہ ربّ العزت ہمیں قرآنِ کریم پڑھنے سمجھنے اس پر عمل کرنے اور دوسروں تک اس کا پیغام پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین یارب العالمین ۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے