कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

ضلع پریشد اردو اسکول یسُورنا کے طالب علم کی ہوائی سفر کی کامیابی واپسی پر گاؤں میں پُرجوش استقبال

امراؤ تی :23؍مارچ (راست) امراؤ تی ضلع کے اچلپور پنچایت سمیتی کے تحت آنے والے ضلع پریشد اردو مڈل اسکول، یسُورنا کے ہونہار طالب علم سید تحمیل نورین سید صادق کا انتخاب “پرگیاونت (ذہین) طالب علم” کے طور پر بنگلور کے ہوائی تعلیمی دورے کے لیے کیا گیا تھا۔ یہ سنہری موقع ضلع امراؤتی کی چیف ایگزیکٹیو آفیسر محترمہ سنجیتا مہاپاترا کے انوکھے تعلیمی اقدام کے تحت فراہم ہوا۔ یہ تعلیمی سفر 14 مارچ 2026 کو روانہ ہوا تھا۔
اس تعلیمی دورے کے دوران طلبہ نے بنگلور (کرناٹک) کے مختلف تعلیمی اور سائنسی مراکز کا دورہ کیا اور جدید معلومات و تجربات حاصل کیے۔ 18 مارچ 2026 کی رات جب سید تہمیل نورین سید صادق اپنے گاؤں واپس پہنچے تو گاؤں والوں نے نہایت جوش و خروش اور خوشی کے ماحول میں ان کا شاندار استقبال کیا۔
اس موقع پر گاؤں کی سرپنچ (ایڈمنسٹریٹر) محترمہ سنجیوَنی تائی باڑو وانکھڑے، سابق پنچایت سمیتی صدر جناب نریندر بھاؤ پڈوڑے، سابق نائب صدر جناب شریدھر راؤ کاڑے، نائب سرپنچ جناب شریدھر نگھوَٹ، جناب ایس راجیش کاڑے، پولیس پاٹل جناب جیون جناردھن کاڑے، گرام پنچایت کے ممبر سید شوکت، اسکول مینجمنٹ کمیٹی کے صدر سید درانی ، نائب صدر عین اللہ خان پٹھان اور دیگر معززینِ گاؤں نے تحمیل کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔ اس کامیابی سے نہ صرف گاؤں بلکہ پورے اسکول کا نام روشن ہوا ہے اور دیگر طلبہ کے لیے بھی یہ ایک مثالی اور حوصلہ افزا مثال بن گئی ہے۔
تعریف و تحسین کا سلسلہ جاری:
اس نمایاں کامیابی پر اچلپور پنچایت سمیتی کے معزز گٹ وکاس ادھیکاری (BDO) جناب سدھیر راؤ اربٹ، گٹ شکشن ادھیکاری (BEO) جناب نند کشور کھرات، وستار ادھیکاری جناب شری رام چودھری، بھِلاویکر صاحب، مورے صاحب، نیز کیندر پرمکھ محترمہ ارچنا رہاٹے میڈم، دیوراؤ آمودے سر اور بِجْوے میڈم نے واٹس ایپ اور ٹیلیفون کے ذریعے اسکول اور طالب علم کو دلی مبارکباد پیش کی۔
اسکول انتظامیہ کمیٹی نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ معزز افسران کی مسلسل رہنمائی اور تعاون ہی اس کامیابی کی اصل وجہ ہے، اور ان کی حوصلہ افزائی سے اساتذہ اور طلبہ کا جذبہ مزید بلند ہوا ہے۔
یہ منفرد تعلیمی منصوبہ کیا ہے؟
ضلع پریشد اسکولوں کے ذہین اور باصلاحیت طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے انتظامیہ کی جانب سے مختلف تعلیمی پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں۔ انہی میں ایک منفرد اور قابلِ ستائش قدم “ہوائی سفر” کا پروگرام ہے، جس کا مقصد دیہی علاقوں کے طلبہ کو جدید دنیا سے روشناس کرانا اور ان کے خوابوں کو نئی اُڑان دینا ہے۔
اس پروگرام کے تحت مختلف مقابلوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں کامیاب ہونے والے نمایاں طلبہ کو بنگلور کے تعلیمی دورے کے لیے منتخب کیا گیا۔
گاؤں میں خوشی کی لہر:
سید تحمیل نورین نے اپنی مسلسل محنت، ذہانت اور لگن کی بدولت اس اعزاز کو حاصل کیا۔ ایک عام گھرانے سے تعلق رکھنے والے اور ضلع پریشد اسکول میں زیرِ تعلیم طالب علم کا ہوائی سفر کے لیے انتخاب ہونا، پورے یسُورنا گاؤں کے لیے فخر کی بات ہے۔ اس کامیابی نے ایک بار پھر ضلع پریشد اسکولوں کے معیارِ تعلیم پر مہرِ تصدیق ثبت کر دی ہے۔
یہ تعلیمی دورہ طلبہ کے لیے نہایت منفرد اور حوصلہ افزا ثابت ہو رہا ہے۔ خاص طور پر دیہی اور معاشی طور پر کمزور طبقات کے طلبہ کو بھی اس طرح کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں، جو ان کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔
یہ یقیناً ایک قابلِ تحسین اور مثالی اقدام ہے۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ یسُورنا کے اس اسکول میں 80 طلبہ زیرِ تعلیم ہیں اور صرف دو اساتذہ کے ذریعے تعلیمی نظام کامیابی سے چلایا جا رہا ہے۔ محدود وسائل کے باوجود استاد محمد رضوان عبدالعزیز سوداگر سر اور تعلیمی معاونہ زیبہ خانم ثنااللہ خان پٹھان کی محنت، رہنمائی اور مستقل کوششوں نے اسکول کو ضلعی سطح پر نمایاں مقام دلایا ہے۔طلبہ کی ہمہ جہتی ترقی کے لیے مختلف تعلیمی سرگرمیاں جاری ہیں، جن کے نتیجے میں طلبہ کو ایسے باوقار مواقع حاصل ہو رہے ہیں۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے