कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

معہدِ ملت مالیگاؤں علمی روایت اور اعترافِ خدمات کی درخشاں تقریب

پھلمبری :29؍جنوری( سیّد عبدالقدوس علی )مدرسہ معہدِ ملت، مالیگاؤں شہر کے قدیم اور ممتاز دینی اداروں میں شمار ہوتا ہے، جس نے دہائیوں سے علمِ دین کے فروغ اور باکردار علماء کی تیاری میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ اسی روشن علمی روایت کے تسلسل میں 25 جنوری 2026 کو معہدِ ملت کے وسیع و عریض میدان میں واقع مسجدِ نعمانی میں منعقدہ ختمِ بخاری کی پُروقار تقریب کے موقع پر ایک عظیم علمی و دینی خدمت کا اعتراف کیا گیا۔اس موقع پر مولانا سیّد حافظ عبدالقادر علی ملی صاحب کو ان کے دورِ طالبِ علمی (1971ء تا 1981ء) میں تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی اور بعد ازاں دردِ اُمت کے جذبے کے ساتھ انجام دی گئی دینی، تعلیمی اور سماجی خدمات کے اعتراف میں اعزازی سند اور ٹرافی سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز انہیں شیخ الاسلام مولانا محمود الحسنؒ اور بانیِ تبلیغ شیخ الحدیث مولانا زکریا کاندھلویؒ جیسے اکابر سے فیض یافتہ، محدثِ عصر شیخ الحدیث مولانا ادریس صاحب دامت برکاتہم العالیہ کے دستِ مبارک سے عطا کیا گیا۔مولانا سید حافظ عبدالقادر صاحب ملی طالبِ علمی کے زمانے ہی سے غیر معمولی ذہانت، فہم و فراست اور یکسوئی کے حامل رہے۔ اساتذۂ کرام بھی ان کی صلاحیتوں کے معترف تھے۔ آپ نے ابتدائی تعلیم اپنے آبائی شہر پھلمبری میں حاصل کی، بعد ازاں مدرسہ انوارالعلوم، اورنگ آباد سے علمی تشنگی بجھائی۔ مزید علم کے شوق نے آپ کو مالیگاؤں پہنچایا، جہاں آپ نے حفظِ قرآنِ مجید کی سعادت حاصل کی۔ کچھ عرصہ ڈابھیل، گجرات میں گزارنے کے بعد معہدِ ملت کی علمی فضا اور بالخصوص مولانا قاضی عبدالاحد ازہری ،شیخ الحدیث حنیف ملی اور شیخ الحدیث مولانا ادریس صاحب دامت برکاتہم جیسے شفیق اساتذہ کی محبت نے آپ کو دوبارہ مالیگاؤں سے وابستہ کر دیا۔ یہی سے آپ نے عالمیت کی تکمیل کی۔تحصیلِ علم کے بعد حصولِ رزق اور خدمتِ دین کے جذبے کے تحت آپ نے آشٹی، ضلع جالنہ میں امامت کے فرائض انجام دیے اور ساتھ ہی زینت العلوم آشٹی ضلع جالنه مدرسے میں تدریسی خدمات بھی پیش کیں۔ بعد ازاں اللہ تعالیٰ نے آپ کو سلوڑ میں خدمتِ دین کا وسیع میدان عطا فرمایا، جہاں آپ مرکز جامع مسجد سلوڑ میں امام مقرر ہوئے۔ اسی دوران آپ نے مدرسہ نورالعلوم سلیمیہ کی بنیاد رکھی اور بطور مہتمم ادارے کو مستحکم کیا۔ اس کے علاوہ آپ طویل عرصے سے مجلسِ علماء سلوڑ کے صدر کی حیثیت سے بھی دینی، سماجی اور اصلاحی خدمات انجام دے رہے ہیں، جس کے نتیجے میں علاقے میں اتحادِ علماء، دینی بیداری اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ حاصل ہوا۔ ادارے سے سبکدوشی کے بعد بھی آپ گزشتہ تقریباً 25 برسوں سے مرکز جامع مسجد سلوڑ میں امامت کے فرائض بحسن و خوبی انجام دے رہے ہیں۔خصوصی طور پر قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے مولانا حافظ عبدالقادر صاحب کو مسلسل 47 برس تک تراویح میں قرآنِ مجید سنانے کی سعادت عطا فرمائی، جو ان کی استقامت، اخلاص اور کلامِ الٰہی سے غیر معمولی وابستگی کا روشن ثبوت ہے۔یہ اعزازی سند اور ٹرافی دراصل ایک فرد کی نہیں بلکہ علم، عمل، اخلاص اور نصف صدی پر محیط دینی خدمت کے سفر کا اعتراف ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مولانا کی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، صحت و عافیت کے ساتھ دراز عمر عطا کرے اور ان کے فیض کو مزید عام فرمائے۔ آمین۔

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے