
ناندیڑ:15 دسمبر(نمائندہ اعتبار ) ہر سال 18 دسمبر کو ضلع انتظامیہ کی جانب سے ’’اقلیتی حقوق کے دن‘‘ کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اسی مناسبت سے 18 دسمبر 2023 ء بروز پیر کو ضلع مجسٹریٹ آفس ناندیڑ میں صبح 11 بجے گردوارہ سچکھنڈ بورڈ ناندیڑ کے کمیونٹی آفیسر مندیپ سنگھ ٹاک اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ ناندیڑ کے ایڈوکیٹ سید اریب الدین مقررین کے طور پر پروگرام سے خطاب کریں گے۔ ضلع مجسٹریٹ ابھیجیت راوت نے اقلیتی برادری کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی شرکت درج کرائیں۔اقوام متحدہ نے 18 دسمبر 1992ء کو قومی، نسلی، مذہبی اور لسانی اقلیتوں کے حقوق سے متعلق اعلامیہ کو اپنایا اور شائع کیا۔ اسی مناسبت سے قومی کمیشن نے اقلیتی شہریوں کو اپنی ثقافت، زبان، مذہب، روایات وغیرہ کو محفوظ رکھنے کی ہدایات دی ہیں۔ اسی مناسبت سے ضلع انتظامیہ کی جانب سے ہر سال 18 دسمبر کو ’’یوم اقلیتی حقوق‘‘ کے طور پر منایا جاتا ہے۔وزارت برائے اقلیتی ترقی، ممبئی کے 29 نومبر 2023 ء کے سرکلر کے مطابق اقلیتی شہریوں کو ان کے آئینی اور قانونی حقوق سے آگاہ کرنے کے لیے مختلف پروگرام منعقد کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ نیز اس دن کے موقع پر اقلیتوں کو ان کے آئینی اور قانونی حقوق سے آگاہ کیا جائے گا۔