कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

ایک رفیق حقیقی : صادق احمد صدیقی

از: محمد عبد العلیم
(موظف مدرس مدینتہ العلوم ہائی اسکول ناندیڑ)

حال ہی میں ایک تعلیمی تقریب میں شریک ہوا جہاں مختلف اداروں کی کامیابیوں کا ذکر ہوا۔ کسی نے شاندار عمارتوں کا حوالہ دیا، کسی نے نصاب کی جدت کا اور کسی نے نتائج کی شرح کامیابی پر روشنی ڈالی۔ سب باتیں اپنی جگہ اہم تھیں، مگر میرے دل نے یہی کہا کہ ادارے کی اصل پہچان نہ عمارتوں میں ہے، نہ سہولتوں میں اور نہ ہی محض اعدادو شمار میں۔ ادارے کی اصل پہچان تو اس کے اساتذہ سے ہوتی ہے۔ وہ اساتذہ جو برسوں تک علم کے چراغ روشن کرتے رہیں، شاگردوں کے ذہن و دل میں نقوش چھوڑتے رہیں اور اپنے ساتھیوں کے لیے رفاقت ورہنمائی کی علامت بن جائیں۔ انہی اساتذہ میں ایک نمایاں نام ہے محترم صادق احمد صدیقی صاحب کا۔
31 اگست 2025 کو وہ مدینتہ العلوم جو نئیر کالج سے بہ حسن و خوبی وظیفہ پر سبکدوش ہوئے۔ صدیقی صاحب نے گزشتہ 32 برس تک اس ادارے میں فزکس لیکچرر کی حیثیت سے اپنی تدریسی خدمات انجام دیں۔ اس سے قبل وہ اوسہ مقام کے ایک کالج میں بھی تدریس کر چکے تھے، مگر ذاتی وجوہات کی بنا پر وہاں سے علیحدہ ہو کر اس ادارے کو اپنی منزل بنایا۔
میرا اور ان کا ساتھ تقریباً 1994 سے رہا۔ وہ مجھ سے کچھ برس پہلے ہی ادارے سے وابستہ ہو چکے تھے۔اساتذہ کی بڑی تعداد کے درمیان صدیقی صاحب اپنی صلاحیت، تقویٰ اور نیک سیرت کی وجہ سے سب پر نمایاں تھے۔جس طرح گلاب کو اپنی خوشبو منوانے کی ضرورت نہیں ہوتی ، اسی طرح ان کی شخصیت اپنی خوشبو سے سب کو متاثر کر دیتی تھی۔ ان کے ساتھ رفاقت نے ہمیشہ یہ احساس دلایا کہ علم اور کردار جب یکجا ہوں تو شخصیت کتنی دلنشین اور اثر انگیز ہو جاتی ہے۔ اگر چہ ہم دونوں کے درمیان کئی فرق تھے، لیکن دو چیزوں نے ہمیں قریب کر دیا: ایک ان کا الیکٹرانکس کا پس منظر اور دوسرے ہمارے مزاج کی حساسیت۔ یہی وجہ تھی کہ ابتدا ہی سے یہ رشتہ دیر پا اور پر خلوص محسوس ہوا۔
ہم نے کئی مواقع پر ایک ساتھ کام کیا، مگر ایک پروجیکٹ ہمیشہ یاد رہے گا۔ اُس زمانے میں اکثر اسٹریٹ لائٹس دن چڑھنے کے بعد بھی جلتی رہتی تھیں، جس سے توانائی ضائع ہوتی تھی۔ اس مسئلے کا حل سوچتے ہوئے ہم نے ایک آٹو میٹک ماڈل تیار کیا جو روشنی کو خود بخود بند کر دیتا تھا۔ یہ پروجیکٹ ضلعی سطح پر دو سر امقام حاصل کرنے کے بعد ریاستی سطح پر بھی منتخب ہوا۔ یہ کامیابی ہماری مشتر کہ محنت اور یکجہتی کی ایک خوبصورت مثال تھی۔
مدرسے سے کچھ فاصلے پر ایک ہی علاقے میں رہائش پذیر ہونے کی وجہ سے ملاقاتیں بھی بڑھیں۔ بارہا انہیں قریب سے دیکھنے، سمجھنے اور ان کے مزاج کو پرکھنے کا موقع ملا۔ ان کی شخصیت جتنی سادہ نظر آتی تھی، اتنی ہی پر کشش اور گہری بھی تھی۔ وہ کم سخن مگر بلند اخلاق کے حامل، وضع دار، شریف النفس، مخلص اور نرم دل انسان ہیں۔ بڑوں کا احترام اور چھوٹوں سے شفقت ان کی عادت رہی۔ کبھی ان کی زبان سے کسی کے لیے سخت جملہ سننے میں نہیں آیا۔ اگر کسی نے بے ادبی یا بد کلامی بھی کی تو وہ خاموش رہ کر حلم و بردباری کا ثبوت دیتے۔ دل آزاری سے ہمیشہ بچتے اور دوسروں کے دل جیتنے کے لیے خندہ پیشانی اور مسکراہٹ کو اپنا ہتھیار بناتے۔ ان کی مسکراہٹ اور انداز گفتگو سننے والے کے دل کو چھو لیتا تھا۔
ان کا حلقہ احباب محدود تھا لیکن انہی میں انہوں نے اپنا دل لگایا۔ ان کی زندگی کا معمول بڑا سادہ اور متوازن رہا: گھر سے اسکول اور اسکول سے گھر ۔ اسکول کے اوقات کے بعد کبھی انہیں فضول وقت گزارتے نہیں پایا گیا۔ اصول پسندی ان کی فطرت کا خاصہ تھی۔ سفر کے دوران موسم کے لحاظ سے دو یا چار پہیہ سواری منتخب کرتے، مگر حفاظتی اصولوں کی پابندی ان کے ہاں لازمی تھی۔ کبھی انہیں بغیر ہیلمیٹ دو پہیہ پر سفر کرتے نہیں دیکھا گیا۔
ان کی شخصیت کا ایک روشن پہلو دینی ذوق بھی ہے۔ وہ مطالعہ دین میں خاص دلچسپی رکھتے اور فارغ وقت کو اسی میں صرف کرتے۔ الحمد للہ انہوں نے حج کا فریٖضہ بھی ادا کیا اور اپنی گھریلو و خاندانی ذمہ داریاں نہایت خوبی سے نبھائیں۔ ان کی زندگی میں توازن ، وقار اور سادگی کا حسین امتزاج ملتا ہے، جو آج کے دور میں کم ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔
صادق احمد صدیقی صاحب نہ صرف ایک بہترین استاد رہے بلکہ ایک نیک سیرت، متواضع اور با اخلاق شخصیت بھی ہیں۔ ان کی تدریس میں روشنی تھی اور ان کی رفاقت میں سکون۔ وہ اپنے شاگردوں کے لیے رہنمائی اور اپنے ساتھیوں کے لیے ایک قابل اعتماد دوست رہے۔ ریٹائر منٹ محض ایک رسمی مرحلہ ہے، ورنہ حقیقت یہ ہے کہ صدیقی صاحب اپنی تدریسی خدمات، اپنے کردار اور اپنی خوشگوار یادوں کے ذریعے ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ ان کا نام اس ادارے کی تاریخ کے روشن ابواب میں ہمیشہ شامل رہے گا۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ انہیں صحت، عافیت اور سکون قلب کے ساتھ لمبی عمر عطا فرمائے، اور ان کی آئندہ زندگی بھی اسی طرح روشنی اور خوشبو سے بھری رہے جس طرح ان کی شخصیت رہی ہے۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے