कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

حوصلوں کی مثال: حافظ توفیق رفیق شیخ کی جدوجہد بھری تعلیمی زندگی

تحریر:عبدالرحمٰن عبدالستار ، ناندیڑ

مہرہ خرد (ضلع بلڈھانہ) کے حافظ توفیق رفیق شیخ، جو کبھی چھٹی جماعت میں ناکام ہوئے تھے، آج تعلیم اور محنت کی ایک روشن مثال ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور ان کے عزم و حوصلے نے یہ ثابت کردیا کہ اگر نیت صاف ہو اور محنت سچی ہو تو کوئی رکاوٹ انسان کو کامیابی سے نہیں روک سکتی۔
بچپن کا شوق اور حفظِ قرآن کی تکمیل:
بچپن ہی سے حافظ توفیق کے دل میں قرآن کریم حفظ کرنے کا شوق و ذوق موجزن تھا۔ وہ بہت دین دار، تقویٰ و توکل کے پیکر اور عاجزی و انکساری کے خوگر ہیں۔ ان کی زندگی کا خاصہ اللہ تعالیٰ پر کامل بھروسہ ہے۔ چھٹی جماعت میں ناکامی کے بعد انہوں نے اللہ کے فضل پر بھروسہ کرتے ہوئے دارالعلوم حسینیہ، اکولہ کا رخ کیا اور چار سال کی مسلسل محنت کے بعد ۲۰۱۰ء میں حافظِ قرآن بننے کا شرف حاصل کیا۔
مفلسی اور ذمہ داریوں کا بوجھ:
اساتذہ کرام چاہتے تھے کہ وہ عالم بنیں، مگر گھر کی خستہ معاشی صورت حال نے انہیں پڑھائی چھوڑ کر گھر کی ذمہ داریاں اٹھانے پر مجبور کردیا۔ انہوں نے کم عمری میں ہی امامت کا فریضہ سنبھالا اور بچوں کو قرآن پڑھانے لگے۔ روزی کمانے کے لیے کپڑے سینا، موبائل مرمت اور گاؤں گاؤں جا کر سم کارڈ بیچنا جیسے کام کیے۔ یہ جدوجہد ۲۰۲۱ء تک جاری رہی، مگر اللہ تعالیٰ نے انہیں کبھی مایوس نہ ہونے دیا۔
دوبارہ تعلیم کی طرف رجوع:
اللہ کے فضل و کرم سے ۲۰۲۱ء میں ان کی زندگی کا ایک نیا باب کھلا۔ شیخ حنیف نورالحسن اور دیگر احباب و خیرخواہوں کی رہنمائی سے انہوں نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف اوپن اسکولنگ (NIOS)کے ذریعے دوبارہ تعلیم شروع کی۔ این۔آئی۔او۔ایس ایک قومی تعلیمی ادارہ ہے جو تعلیم ادھوری رہ جانے والے طلبہ کو اپنی پڑھائی مکمل کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ اسی کے ذریعے حافظ توفیق نے ۲۰۲۱ء میں دسویں اور ۲۰۲۳ء میں بارہویں کا امتحان کامیابی سے پاس کیا۔
اعلیٰ تعلیم اور نمایاں کامیابیاں:
بعد ازاں انہوں نے حاجی جان محمد موتی والا اقرا جونیئر کالج آف ایجوکیشن، خلد آباد میں ڈی۔ایڈ کورس میں داخلہ لیا، جہاں پرنسپل خان نعیم خان نے ہر قدم پر ان کی رہنمائی کی۔ دورانِ تعلیم ہی اللہ تعالیٰ کے فضل سے انہوں نے سی۔ٹی۔ای۔ٹی کامیابی سے پاس کیا اور پھر ٹی۔اے۔آئی۔ٹی کے امتحان میں ۹۴ نمبرات لے کر شاندار کامیابی حاصل کی۔
جدید ذرائع اور دینی خدمات:
معاشی بحران کے دنوں میں حافظ صاحب نے ہمت نہ ہاری بلکہ یوٹیوب پر ایک چینل بنایا، جس پر وہ قرآن کریم کی تعلیم اور اصلاحی خطبات اپلوڈ کرتے رہے۔ یہ چینل اللہ کے فضل سے کامیاب ہوا اور انہیں یوٹیوب سلور بٹن ملا۔ قرآن و دینیات کی تعلیم کو مزید عام کرنے کے لیے انہوں نے "اسلامک روم” کے نام سے ایک اینڈرائڈ ایپ بھی تیار کی، جو طلبہ اور عوام کے لیے نہایت فائدہ مند ہے۔ حافظ صاحب کا عزم ہے کہ معلم بننے کے بعد بھی وہ مکتب کے طلبہ کو قرآن مجید پڑھانا جاری رکھیں گے۔
عاجزی و انکساری اور اللہ پر بھروسہ:
حافظ توفیق اپنی کامیابی کو صرف اور صرف اللہ تعالیٰ کا انعام اور فضل قرار دیتے ہیں۔ وہ اپنے والدین، اساتذہ اور خصوصاً اپنے مکتب کے ننھے منے طلبہ کی دعاؤں کو اپنی کامیابی کا اصل سرمایہ مانتے ہیں۔ ان کے اخلاق میں عاجزی، انکساری اور ملنساری جھلکتی ہے اور وہ ہر کام کے مقررہ وقت پر اللہ کے حکم سے پورا ہونے کے قائل ہیں۔
امام و خطیب کی خدمات اور سماجی تعاون:
حافظ توفیق کا وطن اصلی پمپری کورڈے، تعلقہ کھام گاؤں، ضلع بلڈھانہ ہے، لیکن اس وقت وہ مہرہ خورد، تعلقہ چکھلی میں جامع مسجد کے امام و خطیب کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس دوران مسجد کے متولی الحاج اشتیاق احمد دیشمکھ اور دیگر منتظمین و مصلیان نے ہر موقع پر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ یہ کہا جائے تو مبالغہ نہ ہوگا کہ اگر ان حضرات کا تعاون نہ ہوتا تو حافظ توفیق کی تعلیمی جدوجہد ادھوری رہ جاتی۔ اللہ رب العزت انہیں بہترین جزائے خیر عطا فرمائے۔
آج کی حقیقت، کل کے لیے تحریک:
یوں تو مہرہ خورد کے ہر ہیرے کی کہانی سینکڑوں لوگوں کے لیے تحریک ہے، لیکن حافظ توفیق کی کہانی کچھ زیادہ ہی سبق آموز ہے۔ انہوں نے اپنی جدوجہد کا آغاز بالکل صفر سے کیا۔ وسائل کی کمی تھی مگر حوصلہ اور لگن بے پناہ۔ شاید اسی لیے کہا گیا ہے:
’’صفر سے شروع کرنے والے کو ہارنے کا ڈر نہیں ہوتا۔‘‘
آج حافظ توفیق کی کامیابیاں نہ صرف مہرہ خورد بلکہ پورے علاقے کے نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ ان کی زندگی یہ پیغام دیتی ہے کہ محنت، صبر اور مستقل مزاجی کے ساتھ کوئی بھی منزل ناممکن نہیں۔
دعا کی درخواست:
اب انتظار ہے کہ جلد از جلد معاون معلم کی خالی آسامیوں کے اشتہار شائع ہوں اور ان شاءاللہ بہت جلد تقرری کے مواقع فراہم ہوں۔ تمام قارئین سے گزارش ہے کہ حافظ توفیق صاحب اور اہلِ مہرہ خورد کے سبھی امیدواروں کے لیے دعا فرمائیں۔
اللہ رب العزت ان کے اس شرف کو قبول فرمائے، ان کے سینے کو نورِ قرآن سے منور رکھے اور انہیں دین و دنیا میں برکتوں سے نوازے۔ آمین۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے