कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

سنت ابراہیمی پر عمل ہی ہمارا راہِ عمل ہو

تحریر:عارف عزیز(بھوپال)

آج ۱۰ذی الحجہ ہے مسلمانان عالم کے لئے یہ عید کا دن ہے۔ اس دن پورا عالم اسلام قربانی کرتا ہے، سنت ابراہیمی پر عمل کرنے کی کوشش کرتا ہے اور اس کے ذریعہ وہ شریعت اسلامیہ سے ٹکرانے والی تمام تر خواہشات وجذبات کو قربان کردینے اور دین اسلام کی سربلندی کے لئے ہر چیز کو اللہ کے حضور بطور نذرانہ پیش کردینے کا اظہار کرتا ہے۔
قربانی محض ایک بے حقیقت رسم کا نام نہیں کہ کچھ مال خرچ کرکے ایک جانور خرید کر اسے ذبح کردیا جائے اور اس فریضہ کی ادائیگی سے سبکدوش ہوجایا جائے۔ اللہ کے دوست اور کعبۃ اللہ کے معمار اول کی قربانی اس درجہ کی نہیں تھی بلکہ ’’میری زندگی اور میری موت سب کچھ اللہ کے لئے ہے‘‘ آپ کا کہنا تھا اور اپنی پیاری اولاد کو اللہ کی راہ میں چھری کے نیچے لے آنا ان کا عمل تھا۔ افسوس کہ آج ہمارا قول وفعل ان کے قول وعمل سے کوئی مناسبت نہیں رکھتا ہم جن کی سنت زندہ کرنے کے لئے اللہ کے واسطے آج قربانی دے رہے ہیں وہ تو حکم خداوندی اور رضائے الٰہی کے لئے اپنی اولاد کی گردن پر چھری پھیر رہے تھے مگر آج ہم اپنی بے جا خواہشات کی قربانی دینے کے لئے تیار نہیں۔ قربانی کا موسم تو ایثار وتحمل، بے نفسی و بے لوثی اور خدمت وخلوص کا پیغام لے کر آتا ہے مگر ہم اس سے درس حاصل کرنے کے لئے تیا رنہیں، ہم دوسروں کی نادانیوں کا جواب نادانیوں سے دینا ضروری سمجھتے ہیں، ان کی ضد کا جواب اپنی ہٹ دھرمی سے دینا اپنا فرض تصور کرتے ہیں۔ حضرت ابراہیم خلیل اللہ کی قربانی اور شریعت اسلامی میں اس قربانی کی اتباع میں اس کا وجود ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ ہم امت اسلامیہ کی مصلحتوں کے لئے بڑی بڑی قربانیاں دینے کے لئے تیار رہیں۔ اپنے اندر سے انتقامی جذبات کو قربان کریں اور نفس کی خواہشات کو بھینٹ چڑھا دینے کا عہد کریں۔ آج کی قربانی ہمیں اسی تسلیم ورضا کی دعوت دیتی ہے جس کا مظاہرہ حضرت ابراہیم خلیل اللہ نے کیا تھا۔
مسلمان کے گھر میں پیدا ہوجانے یا مسلمان جیسا نام رکھ لینے سے انسان مسلمان نہیں ہوجاتا ہے بلکہ مسلمان وہ ہے جو اللہ کے احکام کے آگے سرتسلیم خم کردے، اس کے مطابق اپنی زندگی گزارنے لگے اور خدائی احکام کے آگے ہر طرح کی خواہش کو قربان کردے۔ کس قدر افسوس وبدنصیبی کی بات ہے کہ ہم مسلمان تو کہلاتے اور متبع شریعت ہونے کا دعویٰ تو کرتے ہیں مگر اللہ سے ڈرنے کے بجائے اللہ کے بندوں سے ڈرتے ہیں۔ اگر ہم واقعی متبع اسلام ہیں تو ہمیں ابراہیم واسماعیل علیہما السلام جیسی تسلیم ورضا کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ اپنے حبیب وآقائے نامدار محمد ﷺ کے اسوہ کی پیروی کرنی چاہئے اور ہمیں اپنی زندگی میں واضح تبدیلی لانی چاہئے۔
آج ہمارا معاشرہ طرح طرح کی برائیوں کا اسیر ہوچکا ہے۔ بچے بگڑ رہے ہیں اور لوگوں کے اخلاق بدتر ہوتے جارہے ہیں۔ جنگ جوئی، سود خوری، خود بینی، رشوت ستانی، جعل سازی، مکاری وفریب کاری عام ہوتی جارہی ہے۔ اتحاد واتفاق مفقود ہوتا جارہا ہے اور نفاق بڑھتا جارہا ہے ، دنیا پر حاکم ہونے کے بجائے دنیا ہم پر غالب آچکی ہے۔ ہر چیز کو ہم دنیاوی مفاد کے ترازو میں تولنے کے عادی ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے ہمارے اندر حسد وکینہ، بغض وعداوت اور نفرت وانتقام کا جذبہ پنپ رہا ہے، جرائم بڑھ رہے ہیں۔ خدمت خلق کا جذبہ جو اسلام اور مسلمانوں کا نشان امتیاز تھا ہم سے رخصت ہوچکا ہے۔ پڑوسیوں کے حقوق کی ادائیگی سے ہم لاتعلق ہوچکے ہیں۔ ہمارے پڑوس میں ، ہمارے محلے اورہماری بستی میں برائیاں عام ہوتی جارہی ہیں مگر اس کا قلع قمع کرنے کی ہم کبھی کوشش نہیں کرتے۔ بے شمارمسلمان مختلف معاشرتی برائیوں میں گرفتار ہیں مگر اس عذاب سے انہیں نجات دلانے کی ہم کوئی سعی وتدبیر نہیں کرتے، ہمارے معاشرے کے کچھ افراد برسرعام سرکشی میں لگ گئے ہیں مگر ان کی حالت میں سدھار لانے کی ہم کوشش نہیں کرتے، ہمارے قرب وجوار میں بہت سے یتیم بچے ہیں جنہیں پیٹ بھر کھانانصیب نہیں ہوتا، بہت سی محتاج بیوائیں ہیں جو تن پر کپڑے اور سوکھی روٹی کے ایک ٹکڑے کو ترستی ہیں، بہت سے غریب افراد ہیں جو فاقہ پر فاقہ کررہے ہیں مگر ہم نے کبھی ان کی خبر گیری کی فکر نہیں کی۔ کبھی ہم نے ان کی طرف اپنی نگاہ اٹھاکر نہیں دیکھا جبکہ ہماری کتاب ہدایت اور تعلیمات نبویؐ نے اپنے ماننے والوں کو ایسے لوگوں کی نگہداشت اور ان کی خدمت کی بے مثال تاکید کی ہے۔ مسلمانوں کا ایک امتیازی وصف امانت داری اور وفاداری ہے جس پر ہمیں کاربند رہنا چاہئے۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے