कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

ناندیڑ میں حصولِ باراں کے لیے نمازِ استسقاء، ہزاروں افراد کی رقت انگیز دعائیں

تمام تصاویر: منور خان

ناندیڑ: 11 ستمبر (نمائندہ اعتبار ) ناندیڑ شہر کے عیدگاہ قدوائی نگر میں آج حصولِ باراں اور رحمتِ الٰہی کے نزول کے لیے نمازِ استسقاء کا روح پرور اہتمام کیا گیا، جس میں شہر اور اطراف کے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ وسیع و عریض عیدگاہ کا منظر اس وقت انتہائی پُرکیف اور رقت انگیز ہوگیا، جب بندگانِ خدا اپنے دامنِ عصیاں کو پھیلائے، اپنے گناہوں کی معافی و تلافی طلب کرتے ہوئے بارگاہِ رب العزت میں رحمت کی بارش کے لیے دستِ دعا بلند کرنے لگے۔نمازِ استسقاء سے قبل حضرت مولانا سعد عبداللہ نے بارش کے رک جانے کے اسباب اور انسانی اعمال کے درمیان تعلق کے موضوع پر جامع اور بصیرت افروز خطاب فرمایا۔ انہوں نے قرآن و سنت کی روشنی میں اللہ تعالیٰ کی رحمت، انسان کے اعمال اور توبہ و استغفار کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی اور حاضرین کو اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کرنے، اپنے گناہوں سے توبہ کرنے اور کثرت سے استغفار کرنے کی تلقین کی۔اس کے بعد نمازِ استسقاء ادا کی گئی۔ نماز کے بعد جب دعا کے لیے ہاتھ بلند ہوئے تو ایک منفرد اور روحانی منظر دیکھنے کو ملا۔ سنت کے مطابق نمازیوں نے دونوں ہاتھوں کی پشت آسمان کی جانب کرتے ہوئے بارگاہِ الٰہی میں رحمتِ باراں کے لیے عاجزی و انکساری کے ساتھ دعائیں مانگیں۔حضرت مولانا سعد عبداللہ کی نہایت رقت انگیز دعا نے ماحول کو مزید سوگوار اور روحانی بنا دیا۔ ہزاروں افراد آہ و زاری اور خشوع و خضوع کے ساتھ آمین کہتے رہے۔ ہر دل کی ایک ہی صدا تھی کہ اے پروردگار! اپنی رحمت کے دروازے کھول دے اور خشک زمین کو بارانِ رحمت سے سیراب فرما۔نمازِ استسقاء کے اہتمام کے سلسلے میں ناندیڑ واگھالہ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے بھی انتظامات کیے گئے تھے۔ عیدگاہ اور اس کے وسیع احاطے میں صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات کیے گئے، جبکہ وضو کے لیے پانی کی فراہمی کا بھی مناسب بندوبست کیا گیا تھا، جس کے باعث شرکائے نماز کو کسی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔اللہ تعالیٰ کی رحمت کے حصول اور نمازِ استسقاء کی قبولیت کی امید میں بعض افراد اپنے مویشی اور جانور بھی ساتھ لائے تھے۔ یہ منظر دیکھ کر محسوس ہورہا تھا کہ انسان ہی نہیں بلکہ مخلوقِ خدا کی ہر ذی روح رحمتِ الٰہی کی محتاج ہے۔نماز کے اختتام کے بعد دیگلور ناکہ علاقے میں شرکائے نماز کی بڑی تعداد کے باعث ٹریفک کا نظام کچھ دیر کے لیے متاثر ہوا اور آمد و رفت میں دشواریاں پیدا ہوئیں، تاہم پولیس محکمہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ٹریفک کے نظام کو معمول پر لانے کی کوشش کی اور صورتحال پر قابو پالیا۔نمازِ استسقاء کے فوراً بعد ناندیڑ کے آسمان پر اچانک گہرے بادل چھانے لگے۔ کافی دیر تک بادل آسمان پر منڈلاتے رہے اور شہریوں کی نظریں امید بھری نگاہوں سے آسمان کی جانب اٹھتی رہیں، تاہم شہر میں فوری طور پر خاطر خواہ بارش نہیں ہوئی۔ خبر لکھے جانے تک شہر کے بعض مقامات سے ہلکی بارش ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔اب ہر زبان پر یہی دعا ہے کہ اے اللہ! ہماری توبہ و استغفار کو شرفِ قبولیت عطا فرما، ہمارے گناہوں سے درگزر فرما، اپنی رحمت کے دروازے کھول دے اور نفع بخش، موسلا دھار اور رحمت والی بارش عطا فرما۔ خشک زمین کو پھر سے شاداب کر دے اور انسانوں، جانوروں اور تمام مخلوقات کو اپنی رحمت سے سیراب فرما۔آمین یا رب العالمین۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے