कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

محدود وسائل اور بے شمار قربانیوں کے باوجود اکولہ کے اردو میڈیم اسکول کے طالب علم نے 92.60 فیصد نمبرات سے کامیابی حاصل کرکے ایک روشن مثال قائم کردی

اکولہ:9؍مئی (راست) حاجی نگر، اکوٹ فائل، اکولہ کے ہونہار طالب علم خزیمہ اریب خان مبشر خان نے مہاراشٹر اسٹیٹ بورڈ آف سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری ایجوکیشن، پونہ کے SSC امتحان 2026 میں ٪ 92.60 فیصد نمبرات حاصل کرکے شاندار کامیابی اپنے نام کرلی۔ اس کامیابی نے نہ صرف خاندان اور ادارہ کا نام روشن کیا بلکہ اردو میڈیم طلبہ کے لیے ایک نئی امید، نیا حوصلہ اور ایک مثبت پیغام بھی دیا ہے۔خزیمہ اریب خان نے ملت تعلیمی کیمپس کے فعال CEO محترم سرفراز نواز خان صاحب کے زیر نگرانی چل رہے تعلیمی ادارہ سے تعلیم حاصل کی۔ ادارہ کے صدر مدرس مبین الرحمن کی بہترین منصوبہ بندی، اساتذۂ کرام کی مسلسل محنت، والدین کی قربانیاں اور طالب علم کی یکسوئی و انتھک جدوجہد،ساتھ ہی لواحقین کی دعائیں و رہنمائی اس نمایاں کامیابی کا اہم سبب قرار دی جارہی ہیں۔
طالب علم کا تعلق ایک محنت کش اور سادہ گھرانے سے ہے۔ والد محترم مبشر خان چند سال قبل بہتر مستقبل کی تلاش میں ملکاپور سے اکولہ منتقل ہوئے۔ کرایہ کے مکان میں رہتے ہوئے محدود آمدنی کے باوجود انہوں نے صبح سے شام تک سخت محنت کرکے نہ صرف گھر کا نظام چلایا بلکہ بچوں کی تعلیم کو اپنی اولین ترجیح بنائے رکھا۔ والدہ شاہین پروین نے بھی شوہر کا بھر پور تعاون کرتے ہوئے ،صبر، قناعت اور ذمہ داری کے ساتھ گھریلو حالات سنبھالتے ہوئے بچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دی۔والدین کا روزانہ کا معمول تھا کہ بچے کو مکمل تیاری کے ساتھ اسکول اور مکتب روانہ کرتے، پھر اسکول سے واپسی کے بعد خود اس کی پڑھائی پر توجہ دیتے، کمزوریوں کی اصلاح کرتے، حوصلہ افزائی کرتے اور اس کی ہر تعلیمی ضرورت پوری کرنے کی کوشش کرتے۔ یہی نہیں بلکہ وہ پابندی کے ساتھ اسکول جاکر اساتذہ سے بھی ملاقات کرتے، تعلیمی صورت حال کا جائزہ لیتے اور بچے کی ترقی کے لیے مسلسل فکر مند رہتے تھے۔والدین نے صرف نصابی تعلیم پر اکتفا نہیں کیا بلکہ ہر سال مختلف مقابلہ جاتی امتحانات میں بھی بچے کی شرکت کو یقینی بنایا، جہاں اس نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ ساتھ ہی بہترین اخلاق، نظم و ضبط، بڑوں کا احترام اور اچھی عادات پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی، جس کا اثر آج اس کی شخصیت میں نمایاں طور پر نظر آتا ہے۔تعلیمی حلقوں کے مطابق یہ کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ غربت کبھی کامیابی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنتی۔ اگر والدین کی توجہ، اساتذہ کی محنت اور طلبہ کا عزم شامل ہوجائے تو اردو میڈیم اداروں کے طلبہ بھی بڑے بڑے کارنامے انجام دے سکتے ہیں۔یہ کامیابی سماج کے والدین اور طلبہ کے لیے ایک مضبوط پیغام ہے کہ صرف مہنگے اسکول نہیں بلکہ محنت، نگرانی، اخلاقی تربیت اور تعلیمی ماحول ہی اصل کامیابی کی بنیاد ہوتے ہیں۔ والدین اگر بچوں کی تعلیم میں دلچسپی لیں، ان کے ساتھ وقت گزاریں اور ان کی رہنمائی کریں تو عام گھرانوں کے بچے بھی غیر معمولی کامیابیاں حاصل کرسکتے ہیں۔نتائج کا اعلان ہونے کے بعد سے رشتہ داروں ، تعلیمی حلقوں، مذہبی نمائندوں، سیاسی قائدین اور سماجی شخصیات کی جانب سے طالب علم اور اس کے والدین کو مسلسل مبارکباد پیش کی جارہی ہے۔اللہ رب العزت اس طالب علم کو مستقبل میں مزید نمایاں کامیابیاں عطا فرمائے، والدین کی قربانیوں کو قبول فرمائے، انہیں صحت و عافیت نصیب کرے اور دونوں جہاں میں سرخروئی عطا فرمائے۔ آمین۔

 

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے