कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

سنگاریڈی سڑک حادثہ: ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق، ناندیڑ کی فضا سوگوار

ناندیڑ: 21 جولائی(نمائندہ اعتبار)بعض خبریں صرف پڑھی نہیں جاتیں بلکہ دل پر ایک بوجھ بن کر اترتی ہیں۔ تلنگانہ کے ضلع سنگاریڈی میں منگل کی علی الصبح پیش آنے والا سڑک حادثہ بھی ایسا ہی ایک المناک سانحہ ہے، جس نے ناندیڑ کے ایک گھر کی خوشیوں کو غم میں بدل دیا۔ ایک ہی خاندان کے تین افراد اس حادثے میں جاں بحق ہوگئے، جبکہ ایک نوجوان شدید زخمی ہو کر اسپتال میں زیر علاج ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق ناندیڑ کی باغبان کالونی، مسجد قباء کی گلی کے رہنے والے افراد ایک کار کے ذریعے حیدرآباد جا رہے تھے۔ قومی شاہراہ این ایچ۔161 پر سنگاریڈی کے بچو پلی علاقے کے قریب اچانک ایک موٹر سائیکل کار کے سامنے آ گئی۔ ڈرائیور نے ٹکر سے بچنے کی کوشش میں بریک لگائی، مگر کار بے قابو ہو گئی۔عینی شاہدین کے مطابق کار کئی مرتبہ الٹنے کے بعد پہلے ڈیوائیڈر سے ٹکرائی اور پھر سڑک کی دوسری جانب جا گری۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ کار بری طرح تباہ ہو گئی اور اس میں سوار مولانا محمد ندیم، ان کی والدہ شمیمہ بیگم اور چھ سالہ معصوم بیٹی انابیہ تسکین موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔اس حادثے میں مولانا محمد ندیم کے چھوٹے بھائی نوید شدید زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ کار میں موجود دیگر افراد کو معمولی چوٹیں آئیں۔ذرائع کے مطابق یہ خاندان عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے بعد حیدرآباد پہنچنے والے اپنے عزیزوں کے استقبال کے لیے روانہ ہوا تھا، مگر منزل تک پہنچنے سے پہلے ہی تقدیر نے ایک ایسا موڑ لیا کہ ایک ماں، ایک بیٹا اور ایک معصوم بچی ہمیشہ کے لیے اپنے پیاروں سے جدا ہو گئے۔ ایک ہی گھر سے تین جنازوں کے اٹھنے کی خبر نے اہل خاندان، رشتہ داروں، دوستوں اور متعلقین و جاننے والوں کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی سنگاریڈی پولیس موقع پر پہنچی اور ضروری قانونی کارروائی کے بعد میتوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے سرکاری اسپتال منتقل کیا، جبکہ زخمی کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ کارروائی مکمل ہونے کے بعد مرحومین کی میتیں ناندیڑ لائی گئی ، جہاں ان کا جلوس جنازہ رات دس بجے ان کے گھر(باغبان کالونی) سے نکلے گا اور کربلا میں نمازِ جنازہ ادا کی جائے گی اورمتصل قبرستان میں انہیں سپرد خاک کیا جائے گا۔اس المناک سانحے پر شہر کی سماجی، مذہبی اور عوامی شخصیات نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت، درجات کی بلندی، لواحقین کے لیے صبر جمیل اور زخمی کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ شہر بھر میں اس حادثے کا تذکرہ افسوس کے ساتھ کیا جا رہا ہے اور ہر آنکھ اس دعا کے ساتھ اشک بار ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو اپنی رحمت کے سائے میں جگہ عطا فرمائے اور اہل خانہ کو اس عظیم صدمے کو برداشت کرنے کی توفیق دے۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے