कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

ایس آئی آر عمل میں ایک بھی اہل ووٹر محروم نہیں رہے گا: ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے

میڈیا سے عوامی بیداری مہم میں بھرپور تعاون کی اپیل

ناندیڑ: 7 جولائی(نمائندہ اعتبار) خصوصی جامع نظرِ ثانی (SIR) 2026 کے تحت ضلع بھر میں 30 جون سے بوتھ لیول افسران (BLO) کے ذریعے گنتی فارم پُر کرنے کا عمل جاری ہے، جو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے گا۔ اس عمل میں ایک بھی اہل ووٹر کو محروم نہیں رہنے دیا جائے گا۔ یہ یقین دہانی ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کرائی۔ضلع کلکٹر آفس میں منعقدہ اس پریس کانفرنس میں ایڈیشنل ضلع کلکٹر راج کمار مانے اور مختلف ذرائع ابلاغ کے نمائندے بھی موجود تھے۔ راہل کرڈیلے نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ ایس آئی آر مہم کے بارے میں عوام میں زیادہ سے زیادہ بیداری پیدا کرے تاکہ ہر اہل ووٹر اس عمل میں شریک ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ ضلع کے تمام اہل ووٹر گھر گھر پہنچنے والے بی ایل اوز کو مطلوبہ معلومات فراہم کریں اور خصوصی جامع نظرِ ثانی مہم میں بھرپور تعاون کریں۔ عوام کے تعاون سے یہ مہم مزید مؤثر انداز میں کامیاب ہوگی۔ضلع کلکٹر نے بتایا کہ مہم کے دوران ضلع انتظامیہ کے افسران خود بھی گھروں کا دورہ کر رہے ہیں اور گنتی فارم پُر کرنے کے ساتھ ان کی ڈیجیٹائزیشن کا کام بھی جاری ہے۔ اس مقصد کے لیے ضلع میں 3,088 بی ایل اوز، 310 بی ایل او سپروائزرز، 90 اسسٹنٹ ووٹر رجسٹریشن افسران اور 9 ووٹر رجسٹریشن افسران تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ ضرورت کے مطابق اضافی بی ایل اوز بھی مقرر کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ تسلیم شدہ قومی اور ریاستی سیاسی جماعتوں نے 10,909 بوتھ لیول ایجنٹس (BLA) بھی مقرر کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فارم کی میپنگ یا ڈیجیٹائزیشن کے دوران اگر کسی قسم کی تکنیکی دشواری پیش آئے تو ووٹر پریشان نہ ہوں بلکہ اپنے متعلقہ بی ایل او سے فوری رابطہ کریں۔ 2002 کی خصوصی جامع نظرِ ثانی میں شامل ووٹروں کو صرف اپنی معلومات کی تصدیق کرکے گنتی فارم جمع کرانا ہوگا۔ اہل ووٹروں کی سہولت کے لیے voters.eci.gov.in پر آن لائن فارم بھرنے کی سہولت بھی دستیاب ہے۔اس سے قبل ضلع کلکٹر آفس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ ایک اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں ایس آئی آر مہم کو مؤثر بنانے اور عوامی بیداری بڑھانے پر زور دیا گیا۔اس موقع پر ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے نے واضح کیا کہ ووٹر فہرست کی تطہیر کے عمل میں تمام اہل ووٹروں کے نام برقرار رکھے جائیں گے، جبکہ انتقال کر جانے والے، دوہرے اندراج رکھنے والے یا مستقل طور پر دوسرے مقام پر منتقل ہو جانے والے ووٹروں کے نام مقررہ ضابطوں کے مطابق حذف کیے جائیں گے۔انہوں نے مزید یقین دلایا کہ ڈیجیٹائزیشن کے دوران پیش آنے والی تمام تکنیکی دشواریاں بی ایل اوز کے ذریعے فوری طور پر دور کی جائیں گی۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے