कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

اردو صحافت و ادب کا درخشاں باب بند ہوگیا

فاروق سید کے انتقال پر ادبی و صحافتی حلقوں میں غم کی لہر

از قلم: صحافی محمد احسان سر
ملکاپور ضلع بلڈھانہ (مہاراشٹر )

اردو صحافت، بچوں کے ادب اور سماجی شعور کی ایک معتبر و متحرک آواز ہمیشہ کے لیے خاموش ہوگئی. معروف صحافی، ممتاز مقرر، ماہنامہ گل بوٹے اور ہفت روزہ اردو میلہ کے مدیر و مالک، خادمِ اردو فاروق سید کے انتقال کی خبر نے اردو دنیا کو سوگوار کردیا۔ ان کے سانحۂ ارتحال پر ادبی، صحافتی اور سماجی حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جارہا ہے. فاروق سید نہ صرف ایک بہترین صحافی اور مدبر مدیر تھے بلکہ وہ اردو تہذیب، بچوں کی تعلیم و تربیت اور سماجی بیداری کی ایک روشن علامت بھی تھے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی اردو زبان و ادب کی خدمت، نوجوان قلم کاروں کی رہنمائی اور معاشرے میں شعور بیدار کرنے کے لیے وقف کردی تھی. ان کی وفات کو اردو صحافت اور ادبی دنیا کا ایک ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا جارہا ہے. مرحوم کا تعلق شولاپور کے ایک غریب مگر باوقار خاندان سے تھا، لیکن اپنی محنت، صلاحیت، شائستگی اور خلوص کے بل پر انہوں نے نہ صرف ہندوستان بلکہ عالمی اردو حلقوں میں بھی منفرد مقام حاصل کیا. ان کی ادبی خدمات اور صحافتی بصیرت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے بچوں کے رسالہ گل بوٹے کے ذریعے نئی نسل میں اردو ادب کا ذوق پیدا کیا جبکہ اردو میلہ کے ذریعے صحافت کو ایک نئی جہت عطا کی.
فاروق سید ایک ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے. ان کی گفتگو میں علم کی گہرائی، زبان کی مٹھاس اور فکر کی سنجیدگی نمایاں ہوتی تھی. وہ جب کسی تقریب یا اسٹیج پر خطاب کرتے تو سامعین ہمہ تن گوش ہوجاتے. ان کی تقریروں میں ہمیشہ اخلاقیات، انسان دوستی، تعلیم اور تربیت کا پیغام نمایاں رہتا تھا. مہاراشٹر ضلع بلڈھانہ کے شہر
ملکاپور میں 20 اپریل 2025 منعقدہ ایک تقریب کے دوران ان کا یہ جملہ آج بھی لوگوں کے ذہنوں میں تازہ ہے:”تعلیم کے شور میں تربیت دم توڑ رہی ہے ۔”
یہ الفاظ ان کی فکری بصیرت اور سماجی شعور کا واضح ثبوت ہیں. مرحوم نہایت ملنسار، مخلص اور درد مند انسان تھے. وہ جہاں بھی جاتے، اہلِ قلم، صحافیوں اور دوست احباب کی خیریت ضرور دریافت کرتے. ان کے دل میں ہر انسان کے لیے محبت اور ہر ادبی شخصیت کے لیے احترام تھا. انہوں نے بے شمار نوجوان قلم کاروں کی حوصلہ افزائی کی اور اردو ادب کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا. ان کے انتقال کی خبر سے اردو صحافت، ادبی دنیا اور سماجی حلقوں میں غم کی فضا چھا گئی ہے. ہر آنکھ اشکبار اور ہر زبان پر ان کے لیے دعائے مغفرت جاری ہے. ان کے چاہنے والوں کا کہنا ہے کہ فاروق سید کا جانا صرف ایک فرد کا انتقال نہیں بلکہ اردو تہذیب، صحافت اور ادب کے ایک روشن چراغ کا بجھ جانا ہے. اللہ تعالیٰ مرحوم فاروق سید کی کامل مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے، ان کی قبر کو نور سے بھر دے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے. پسماندگان، اہلِ خانہ، دوست احباب اور چاہنے والوں کو صبر جمیل عطا فرمائے.آمین یا رب العالمین.

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے