किया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

رزق حلال کی فضیلت اور حرام کی ممانعت

تحریر:رضی اللہ (خیرآبادی) سیتاپوری یوپی(شریک تکمیلِ افتاء دارالعلوم وقف دیوبند)
( بذریعہ نامہ نگار محمد سرور شریف پربھنی )مورخہ 3 ستمبر 2024 بروز منگل

اللہ تبارک و تعالی نے مسلمانوں کو بالخصوص رزقِ حلال اور حرام کے درمیان تمیز کرنے کا حکم دیا ہے ، ایک مسلمان اور مؤمن یہ گوارا ہی نہیں کر سکتا ہے کہ اس کے پیٹ میں حرام کا ایک لقمہ تک بھی جائے، کیونکہ رزقِ حلال کمانا اور رزقِ حرام سے اجتناب کرنا اتنا ہی ضروری ہے جتنا کہ نماز روزہ اور دیگر فرائض پر عمل کرنا بلکہ کسبِ معاش میں حلال و حرام کی تمیز نہ رکھنا امن وسکون کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے مترادف ہے ۔ حلال و حرام کا تصور صرف چند امور تک ہی محدود نہیں رہتا بلکہ یہ انسان کی انفرادی اور اجتماعی زندگی کے ہر گوشہ پر محیط ہے اور یہ محض عارضی نہیں بلکہ مستقل اور دائمی ہے۔
انسان دنیا کی محبت میں پڑ کر حرام و حلال کا فرق مٹادیتا ہے ۔ دنیا داری نبھانے کے لئے ہی اسے مال و دولت و دیگر ضروریات زندگی سے سابقہ پڑتا ہے اور ایک دوسرے کو نیچا دکھانے اور اپنے آپ کو امیر کبیر ثابت کرنے کے لئے انسان رزقِ حلال کی راہ سے ہٹ کر کسبِِ حرام کی طرف چلتا ہے اور ایسا چلا جاتا ہے کہ اسے واپسی کی راہ تک نہیں دکھائی دیتی ہے، جب حرام مال بدستور اس کے پیٹ میں پڑتا رہتا ہے تو اس کے دل میں سیاہی بڑھتی چلی جاتی ہے، دنیا کی محبت غالب آجاتی ہے اور احکامِ خداوندی کو وہ پسِ پشت ڈال کر صرف مال وزر اکٹھا کرنے کی طرف راغب ہو جاتا ہے اور یہیں سے وہ رزقِ حرام کے اتھاہ اندھیروں میں گم ہو جاتا ہے جہاں سے واپسی کی کوئی راہ اسے نظر نہیں آتی ،حلال و حرام کے فرق کو مٹا کر دولت کمانے کے لئے لوگ کیا کچھ نہیں کرتے اور اس کے لئے وہ یہ نہیں دیکھتے کہ اس کا اثر ان پر اور ان کی اولاد پر کیا پڑ رہا ہے۔ بعض دفعہ انسان دولت کمانا چاہتا ہے مگر وہ محنت نہیں کرنا چاہتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ کسبِ معاش میں وہ حلال وحرام کے فرق کو مٹا ڈالتا ہے،جبکہ اللہ تبارک وتعالی فرماتا ہے : یٰۤاَیُّهَا النَّاسُ كُلُوْا مِمَّا فِی الْاَرْضِ حَلٰلًا طَیِّبًا ﳲ وَّ لَا تَتَّبِعُوْا خُطُوٰتِ الشَّیْطٰنِؕ-اِنَّهٗ لَكُمْ عَدُوٌّ مُّبِیْنٌ (سورہ بقرہ آیت: 168)
ترجمہ: اے لوگو! جو چیزیں زمین مین حلال اور پاکیزہ ہیں اس میں سے کھاؤ،اور شیطان کے نقشِ قدم پر مت چلو ،یقیناً وہ تمہارا کھلا ہوا دشمن ہے ۔
اسی طرح احادیثِ مبارکہ میں بھی رزق حلال کی فضیلت اور رزقِ حرام کی نحوست کو بیان کیا گیا ہے، اور بہت سخت وعید سنائی گئی ہے ایسے شخص کے بارے میں جو حرام کمانے اور کھانے سے نہیں بچتا، بلکہ اس کی نحوست کی وجہ سے وہ حلال و حرام کے درمیان امتیاز بھی نہیں کرپاتا جیساکہ بخاری شریف میں آپؐ کی پیشین گوئی موجود ہے :
عن ابی ھریرۃؓ عنِ النَّبيِّ صَلَّى اللهُ عليه وسلَّمَ قالَ: لَيَأْتِیَنَّ علَى النَّاسِ زَمانٌ لا يُبالِي المَرْءُ بِما أخَذَ المالَ أمِنَ الحَلالِ أمْ مِنَ الحَرامِ.
(بخاری شریف ج ١ ص 279 یاسر ندیم دیوبند)
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا، ایک زمانہ ایسا آئے گا کہ انسان اس کی پرواہ نہیں کرے گا کہ مال اس نے کہاں سے کمایا، حلال طریقہ سے یا حرام طریقہ سے۔
جیسا کہ ہم سب اپنے معاشرے میں دیکھ رہے ہیں ، رزقِ حلال و حرام کی تمیز بالکل مٹ چکی ہے،ہم اس سے بچنے کےلئے تیار ہی نہیں ہیں، یہی وجہ ہے کہ آج ہم مصیبتوں میں گھرے ہوئے ہیں اور ہماری دعائیں قبول نہیں ہورہیں،جیساکہ حضرت سعد ابن وقاصؓ کا واقعہ ہے کہ ایک مرتبہ انھوں نے عرض کیا: یارسول اللہ! صلی اللہ علیہ وسلم ، دعا فرمائیے کہ اللہ تعالیٰ مجھے مُستجَابُ الدَّعْوات کردے یعنی میری ہر دعا قبول ہو، تو حضور پر نورؐ نے فرمایا: اے سعد! اپنی خوراک پاک کرو، مستجاب الدعوات ہوجاؤ گے۔ اس ذات پاک کی قسم جس کے قدرت میں محمد مصطفٰی صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَسَلَّمَ کی جان ہے آدمی اپنے پیٹ میں حرام کا ایک لقمہ ڈالتا ہے تو چالیس دن تک اس کا کوئی عمل قبول نہیں کیا جاتا اور جس بندے کا گوشت سود اور حرام خوری سے اُگا اس کے لئے آگ زیادہ بہتر ہے۔(معجم الاوسط، من اسمہ محمد، ۵ / ۳۴، الحدیث: ۶۴۹۵)
اور آگ کیسی ہوگی اس کے بارے میں اللہ تعالی ارشاد فرماتا ہے: كُلَّمَا خَبَتْ زِدْنٰهُمْ سَعِیْرًا(بنی اسرائیل: ۹۷) یعنی جب کبھی وہ بجھنے لگے گی تو ہم اسے اور بھڑکا دیں گے۔
(شعب الایمان، الثامن والثلاثون من شعب الایمان، ۴ / ۳۹۶، الحدیث: ۵۵۲۷)
ان احادیث کو سامنے رکھتے ہوئے ہر مسلمان کو چاہئے کہ وہ حلال روزی کمائے اور حلال روزی سے ہی کھائے اور پہنے اسی طرح دوسروں کو بھی جو مال دے وہ حلال مال میں سے ہی دے ۔
مگر آج انسان ایک دم سے امیر اور دولت مند بننے کے چکر میں حلال و حرام اور نا پاک میں فرق بھول جاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس طرح کے کاروبار ایجاد ہو گئے ہیں جن کی بدولت انسان جلد امیر بن جاتا ہے مگر یہ حرام کا روبار ہوتا ہے ۔
شاہ ولی اللہؒ لکھتے ہیں :
راتوں رات امیر بننے کی خواہش نے ایسے کاروبار پیدا کر دیئے ہیں جن کی بدولت لوگ محنت سے کتراتے ہیں اور تھوڑی دولت والے اس قسم کے کاروبار کے ذریعے سے بے انتہا دولت کے مالک بننا چاہتے ہیں”
اس لئے ایسے سودی کاروبار سے حتی الامکان بچنے کی کوشش کرنی چاہئے ، ہمارے بزرگان دین رزق کے حلال ہونے میں کس قدر احتیاط کرتے تھے اس کا اندازہ صدیقِ اکبرؓ کے اس واقعہ سے لگایا جاسکتا ہے کہ ایک بار امیرالمؤمنین حضرت ابو بکر صدیق رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ کا غلام آپ کی خدمت میں دودھ لایا۔ آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے اسے پی لیا ۔ غلام نے عرض کیا، میں پہلے جب بھی کوئی چیز پیش کرتا تو آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ اس کے بارے میں دریافت فرماتے تھے لیکن اِس دودھ کے بارے میں کچھ دریافت نہیں فرمایا؟ یہ سن کر آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے پوچھا، یہ دودھ کیسا ہے؟ غلام نے جواب دیا کہ میں نے زمانۂ جاہلیت میں ایک بیمار پر منتر پھونکا تھا جس کے معاوضے میں آج اس نے یہ دودھ دیا ہے ۔ حضرت صدیق اکبررَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے یہ سن کر اپنے حلق میں اُنگلی ڈالی اور وہ دودھ اُگل د یا ۔ اِس کے بعد نہایت عاجزی سے دربارِ الٰہی میں عرض کیا ،’’ یااللہ! عَزَّوَجَلَّ، جس پر میں قادر تھا وہ میں نے کر دیا ، اس دودھ کا تھوڑا بہت حصہ جو رگوں میں رہ گیا ہے وہ معاف فرما دے۔
اللہ تعالی ہم سب کو بھی رزق حلال کمانے اور رزق حرام سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے آمین۔

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor aitebar news, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے