कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

بچوں کے نمبر گنتے رہے، دھڑکنیں بھول گئے!

دہلی کی ’’احساس 2026‘‘ پالیسی، ہمارا تعلیمی نظام اور ایک نسل کی خاموش پکار

تحریر:ڈاکٹر اسد اللہ خان

کبھی کسی اسکول کے اُس بچے کو غور سے دیکھیے جو نتیجہ آنے کے بعد سب سے نظریں چرا کر خاموشی سے گھر لوٹتا ہے۔ کندھے پر بستہ ہے، ہاتھ میں رپورٹ کارڈ، آنکھوں میں ایک انجانا خوف، اور دل میں ایک ایسا سوال جسے پوچھنے کی ہمت وہ سارا سال جمع نہیں کر پاتا: ’’اگر میرے نمبر کم آ گئے تو کیا میرے اپنے بھی مجھے کم چاہیں گے؟‘‘
یہ سوال کسی ایک بچے کا نہیں۔ یہ ہمارے پورے تعلیمی نظام کے ضمیر پر دستک ہے۔
ہم نے اسکول بنائے، عمارتیں کھڑی کیں، کلاس روموں میں اسمارٹ بورڈ لگائے، نتائج کے گراف بلند کیے اور کامیابی کے اشتہاروں سے اخبار کے صفحے بھر دیے۔ مگر اس ساری ترقی کے شور میں ہم ایک معمولی سا سوال پوچھنا بھول گئے: جس بچے کو ہم پڑھا رہے ہیں، کیا وہ خوش بھی ہے؟
ہر بچے کا رپورٹ کارڈ ہمارے پاس محفوظ ہے۔ اس میں ریاضی کے نمبر ہیں، سائنس کا گریڈ ہے، حاضری کا فیصد ہے، اور کبھی کبھی ’’برتاؤ‘‘ کے خانے میں ایک رسمی سا تبصرہ۔ لیکن اس کارڈ میں کوئی خانہ نہیں جہاں لکھا ہو کہ بچہ کتنی راتیں خوف کے ساتھ سویا، کتنی بار اس نے اپنی ناکامی چھپانے کے لیے زبردستی مسکرانے کی کوشش کی، کتنی بار اسے دوسروں سے کمتر ہونے کا احساس دلایا گیا، اور کتنی بار وہ کچھ کہنا چاہتا تھا مگر سننے والا کوئی نہ ملا۔ ہم نے بچے کی ذہانت ناپنے کے پیمانے تو ایجاد کر لیے، اس کے دل کا حال جاننے کا سلیقہ پیدا نہ کر سکے۔
یہ کیسا معاشرہ ہے جہاں ایک بچے کے ننانوے نمبر جشن کا سبب بنتے ہیں، مگر اس کے اندر چھپی ننانوے پریشانیوں کو کوئی شمار نہیں کرتا؟
انیس نومبر 2026 کو دہلی حکومت نے تعلیمی اداروں میں ذہنی صحت اور نفسیاتی فلاح کے لیے ’’احساس 2026‘‘ کے نام سے ایک پالیسی جاری کی۔ یہ دارالحکومت کی اپنی نوعیت کی پہلی پالیسی ہے، جس کا اطلاق سرکاری، امداد یافتہ اور نجی اسکولوں کے ساتھ اعلیٰ تعلیمی اداروں پر بھی ہوگا۔ حکومت کے مطابق پینتالیس لاکھ سے زیادہ طلبہ، جن میں خصوصی ضرورتوں والے بچے بھی شامل ہیں، اس کے دائرے میں آئیں گے۔
یہ یقیناً ایک قابلِ خیرمقدم قدم ہے۔ مگر میرے نزدیک اس پالیسی کی اصل اہمیت اس کے انتظامی خاکے میں نہیں، اس اعتراف میں ہے کہ بچے کی ذہنی صحت صرف اس کا یا اس کے خاندان کا ذاتی معاملہ نہیں، بلکہ تعلیمی ادارے اور پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ یہ اعتراف بہت پہلے ہو جانا چاہیے تھا۔ آخر ہم کب تک بچے کے ٹوٹ جانے کے بعد اسے سنبھالنے کی کوشش کرتے رہیں گے؟ ہم ایسا نظام کیوں نہیں بنا سکتے جو اسے ٹوٹنے سے پہلے تھام لے؟
نیشنل کرائم ریکارڈز بیورو کی تازہ رپورٹ، جو اسی برس مئی میں جاری ہوئی، بتاتی ہے کہ 2024 میں ہندوستان میں 14,488 طلبہ نے خودکشی کی۔ یہ تعداد 2023 کے مقابلے میں 4.3 فیصد زیادہ اور اب تک کی سب سے بڑی ہے۔ 2015 سے 2024 کے درمیان طلبہ کی خودکشی کے واقعات میں باسٹھ فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا، جبکہ اسی مدت میں ملک میں مجموعی خودکشیوں میں اضافہ تقریباً اٹھائیس فیصد رہا۔ آج ملک کی ہر سو خودکشیوں میں سے ساڑھے آٹھ طلبہ کی ہیں۔
یہ محض ایک سرکاری جدول کا عدد نہیں۔ ہر عدد کے پیچھے ایک چہرہ ہے، ایک خاندان ہے، اور ایک ایسا سوال ہے جو اپنے پیچھے رہ جانے والوں کو عمر بھر بے چین رکھتا ہے۔
یہاں ایک احتیاط بھی ضروری ہے۔ ہر واقعے کی وجہ یکساں نہیں ہوتی۔ ذہنی صحت کے بحران پیچیدہ ہوتے ہیں، اور انہیں صرف امتحان کے دباؤ یا والدین کی توقعات سے جوڑ دینا درست نہیں۔ لیکن یہ حقیقت بھی نظرانداز نہیں کی جا سکتی کہ مسلسل تعلیمی دباؤ، ناکامی کا خوف، تنہائی، تضحیک اور مدد تک رسائی کی کمی بعض بچوں کی مشکلات کو کہیں زیادہ گہرا کر دیتی ہے۔
رپورٹوں کے مطابق مہاراشٹر ان ریاستوں میں سرِفہرست ہے جہاں یہ واقعات سب سے زیادہ درج ہوئے۔ اس لیے یہ سمجھنا کہ یہ مسئلہ صرف دہلی، کوٹا یا کسی بڑے کوچنگ مرکز کا ہے، اپنے آپ کو دھوکا دینا ہوگا۔ یہ مسئلہ ہمارے شہروں میں ہے، ہمارے محلوں میں ہے، ہمارے اسکولوں میں ہے، اور ممکن ہے ہمارے اپنے گھروں میں بھی ہو، مگر ہم اسے پہچان نہ پا رہے ہوں۔
’’احساس 2026‘‘ میں ہر پانچ سو طلبہ پر ایک کاؤنسلر کا تناسب تجویز کیا گیا ہے۔ ضلعی سطح پر ’’ویل بیئنگ سینٹر‘‘ قائم ہوں گے جہاں نفسیاتی جانچ، علاج اور ماہرِ نفسیات سے مشورے کی سہولت ہوگی۔ ہیلپ لائن، اساتذہ اور والدین کی تربیت، اور سنگین بحران کی صورت میں معاملے کو بتدریج اوپر لے جانے کا چھ درجوں پر مشتمل نظام بھی اس کا حصہ ہے۔ یہ سب اہم اقدامات ہیں۔
لیکن ذرا حساب لگائیے۔ اگر ایک کاؤنسلر ہر بچے کو مہینے میں صرف پندرہ منٹ دے تو اسے سوا سو گھنٹے درکار ہوں گے، یعنی تقریباً اس کے مہینے بھر کے سارے کام کے اوقات۔ پھر والدین سے ملاقاتیں، اساتذہ سے مشاورت، ریکارڈ، تربیتی نشستیں اور ہنگامی معاملات کہاں جائیں گے؟ عملی نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ توجہ صرف ان بچوں تک محدود رہ جاتی ہے جن کی شکایت سامنے آئے یا جو کسی واضح بحران میں ہوں۔
مگر اُس بچے کا کیا ہوگا جو کسی سے شکایت نہیں کرتا؟ جو کلاس میں خاموش بیٹھتا ہے، ہوم ورک وقت پر مکمل کرتا ہے، کبھی نظم و ضبط نہیں توڑتا، مگر اندر ہی اندر ایک ایسی جنگ لڑ رہا ہوتا ہے جس کی خبر کسی کو نہیں؟ ہماری تعلیم کا ایک بڑا المیہ یہی ہے کہ ہم شور مچانے والے بچے کو تو دیکھ لیتے ہیں، خاموشی سے بکھرنے والے بچے کو نہیں دیکھ پاتے۔
اس لیے کاؤنسلر کو نظام کا واحد ستون نہیں، اس کا مرکز بنانا ہوگا۔ اس کے گرد اساتذہ کا ایک تربیت یافتہ حلقہ ہونا چاہیے جو بچے کے رویے میں آنے والی تبدیلی، مسلسل اداسی، خوف اور تنہائی کی ابتدائی علامات پہچان سکے۔
ہمارے ملک میں پالیسیوں کی کمی نہیں، کمی ان کی روح کو عمل میں اتارنے کی ہے۔ ہم ضابطے پورے کرنے میں غیر معمولی مہارت رکھتے ہیں۔ رجسٹر مکمل ہے، دیوار پر ہیلپ لائن کا نمبر لکھا ہے، کاؤنسلنگ کمیٹی بن چکی ہے، ورکشاپ کی تصویریں فائل میں لگی ہیں اور رپورٹ اوپر بھیج دی گئی ہے۔ مگر سوال اپنی جگہ کھڑا ہے: کیا بچے کی زندگی میں کوئی تبدیلی آئی؟ کیا وہ اب اپنے استاد سے بلا خوف بات کر سکتا ہے؟ کیا اس کی ناکامی پر اس کی تذلیل بند ہوئی؟ کیا اس کے والدین نے اس کا دوسروں سے موازنہ کرنا چھوڑ دیا؟ اگر ان سوالوں کا جواب نفی میں ہے تو ہم نے ذہنی صحت کا نظام نہیں بنایا، صرف ایک اور سرکاری ضابطہ پورا کیا ہے۔
سرکاری اعداد خود اس فاصلے کی نشاندہی کرتے ہیں۔ دہلی کے سرکاری اسکولوں میں اس وقت 540 تعلیمی و پیشہ ورانہ رہنمائی کے کاؤنسلر ہیں، جن میں 348 مستقل اور 192 مہمان ہیں۔ پالیسی کے ہدف اور اس حقیقت کے درمیان کا فاصلہ ہی اس کا اصل امتحان ہوگا۔ کاؤنسلر کی مستقل تقرری، معقول تنخواہ اور مسلسل پیشہ ورانہ تربیت اس کی پہلی شرط ہے۔ اسی طرح اسکول جس بچے کو ضلعی مرکز بھیجے، اگر وہاں تین ہفتے بعد کی تاریخ ملے تو یہ حوالہ کاغذی کارروائی ہے، مدد نہیں۔ ذہنی بحران وقت کا انتظار نہیں کرتا۔
یہ بھی یاد رہے کہ دہلی اس راہ میں اکیلا نہیں۔ جولائی 2025 میں سپریم کورٹ نے ایک تاریخی فیصلے میں تمام تعلیمی اداروں کے لیے پندرہ عبوری رہنما اصول جاری کیے، جن کے تحت ہر ادارے کو ذہنی صحت کی پالیسی اپنانی ہے اور سو یا اس سے زیادہ طلبہ والے ہر ادارے میں کم از کم ایک تربیت یافتہ کاؤنسلر، ماہرِ نفسیات یا سماجی کارکن مقرر کرنا ہے۔ سی بی ایس ای نے بھی جنوری 2026 میں اپنے الحاق شدہ اسکولوں کے لیے ہر پانچ سو طلبہ پر ایک مستقل سماجی و جذباتی کاؤنسلر لازمی کر دیا ہے۔ یعنی مسئلے کی سنگینی قانون اور ضابطے کی سطح پر تسلیم کی جا چکی ہے۔ اب ضرورت یہ ہے کہ کاغذ پر لکھی ہمدردی کلاس روم میں محسوس بھی ہو۔
ایک معلم اور تعلیمی منتظم کی حیثیت سے میں پوری ذمہ داری سے کہتا ہوں کہ کاؤنسلر ایک ضروری مرہم ہے، مگر زخم کہیں اور لگ رہا ہے۔ جب تک ہمارا نظام بچے کی قدر کو ایک امتحان کے ایک دن کے نمبروں سے باندھے رکھے گا، ہر سال نئے کاؤنسلر بھی کم پڑیں گے۔
ہم نے کامیابی کی تعریف اتنی تنگ کیوں کر دی ہے؟ کیا ذہانت صرف ریاضی کے سوال حل کرنے کا نام ہے؟ کیا وہ بچہ جو خوبصورت تصویر بناتا ہے، اچھی تقریر کرتا ہے، کھیل کے میدان میں چمکتا ہے یا مشکل وقت میں اپنے دوست کا سہارا بنتا ہے، ہماری نظر میں کم ذہین ہے؟ اگر ایسا ہے تو خرابی بچے میں نہیں، ہمارے پیمانے میں ہے۔ ہر بچہ ڈاکٹر یا انجینئر نہیں بن سکتا، اور نہ ہی ہر بچے کو ایسا بنانا ضروری ہے۔ دنیا کو اچھے معالج اور انجینئر درکار ہیں تو اچھے استاد، فنکار، ادیب، ہنرمند، کسان، منتظم، اور سب سے بڑھ کر اچھے انسان بھی درکار ہیں۔
قومی تعلیمی پالیسی 2020 نے رٹے کی بجائے سمجھ، تخلیقی صلاحیتوں، ہم نصابی سرگرمیوں اور ہمہ جہت نشوونما پر زور دیا تھا۔ یہ سب دراصل ذہنی صحت ہی کی پالیسیاں ہیں، چاہے ان پر یہ عنوان نہ لکھا ہو۔ مگر کیا ہم نے واقعی اپنے کلاس روم بدلے، یا صرف پرانی کتابوں کے سرورق؟ آج بھی بیشتر اداروں میں بچے کی قابلیت کا فیصلہ چند گھنٹوں کے امتحان سے ہو جاتا ہے، اور ایک دن کی کمزور کارکردگی برسوں کے اعتماد پر بھاری پڑ جاتی ہے۔ ہمیں امتحان ضرور چاہیے، مگر ایسا امتحان نہیں جس میں بچہ پرچے سے زیادہ گھر والوں کے ردِعمل سے ڈرتا ہو۔
اپنی چار دہائیوں کی تدریسی زندگی میں میں نے بارہا دیکھا ہے کہ استاد کا ایک جملہ بچے کی زندگی کا رخ بدل دیتا ہے۔ ایک جملہ اسے بلند حوصلہ بنا سکتا ہے، اور ایک جملہ اسے برسوں کے لیے احساسِ کمتری میں مبتلا کر سکتا ہے۔ ہم اساتذہ کو نصاب مکمل کرنے، پرچے بنانے، کاپیاں جانچنے اور نتائج بہتر کرنے کی تربیت دیتے ہیں۔ مگر کیا انہیں یہ بھی سکھاتے ہیں کہ کسی خوفزدہ بچے سے کیسے بات کی جائے، کسی ناکام طالب علم کی عزتِ نفس کیسے بچائی جائے، اور کسی خاموش بچے کے دل تک کیسے پہنچا جائے؟
اچھا استاد صرف یہ نہیں جانتا کہ بچہ کیا نہیں جانتا؛ وہ یہ بھی سمجھنے کی کوشش کرتا ہے کہ بچہ کیا محسوس کر رہا ہے۔ میں اپنے اساتذہ سے ہمیشہ یہی توقع رکھتا ہوں کہ وہ بچے کی غلطی ضرور درست کریں مگر اس کی شخصیت کو مجروح نہ کریں، اس کی کمزوری کی نشاندہی ضرور کریں مگر اسے کمزور انسان ہونے کا احساس نہ دلائیں، اور اس سے محنت ضرور کروائیں مگر اس کی خود اعتمادی کی قیمت پر نہیں۔
کیونکہ ہر بچے کی زندگی میں کم از کم ایک ایسا بالغ ضرور ہونا چاہیے جس کے سامنے وہ بلا خوف کہہ سکے: ’’سر، میں پریشان ہوں‘‘، اور جواب میں اسے ڈانٹ نہیں، توجہ ملے۔
تعلیمی اداروں پر تنقید آسان ہے، مگر گھر کی ذمہ داری کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ ہمارے معاشرے میں والدین اپنے بچوں سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔ ان کی تعلیم کے لیے اپنی ضرورتیں کم کرتے ہیں، قرض لیتے ہیں، اضافی محنت کرتے ہیں اور اپنے خواب بچوں کے مستقبل سے وابستہ کر دیتے ہیں۔ اس قربانی کی قدر ہونی چاہیے۔ لیکن بعض اوقات یہی محبت غیر محسوس طریقے سے توقعات کے ایسے بوجھ میں بدل جاتی ہے جسے اٹھانا بچے کے بس میں نہیں رہتا۔
’’دیکھو، پڑوسی کا بیٹا کتنے نمبر لایا ہے!‘‘ ’’تمہاری بہن تو ہمیشہ اول آتی تھی!‘‘ ’’ہم نے تمہارے لیے کیا کچھ نہیں کیا!‘‘ ’’رشتہ داروں کو کیا جواب دیں گے؟‘‘ والدین یہ جملے بچے کی بہتری کے لیے کہتے ہیں، مگر کبھی یہ بھی سوچنا چاہیے کہ یہ الفاظ اس کے دل پر کیسے اترتے ہیں۔
بچے کو یہ احساس نہیں ہونا چاہیے کہ گھر میں اس کی عزت اس کے نتیجے کے ساتھ بڑھتی اور گھٹتی ہے۔ اسے یقین ہونا چاہیے کہ وہ کامیاب ہو یا ناکام، اس کے والدین اس کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ اولاد ہماری جاگیر نہیں، ہمارے پاس امانت ہے۔ ہمیں اس کی تربیت کا حق ضرور ہے، مگر اسے اپنے ادھورے خوابوں کے سانچے میں ڈھالنے کا حق نہیں۔ والدین کی محبت کا سب سے بڑا امتحان وہ دن ہوتا ہے جب بچہ ناکام ہو کر گھر لوٹتا ہے۔ اس دن اسے نصیحت سے پہلے قبولیت چاہیے، اور یہ جملہ: ’’کوئی بات نہیں، ہم تمہارے ساتھ ہیں، پھر کوشش کریں گے۔‘‘
ہمارے معاشرے میں ذہنی پریشانی کے اظہار کے ساتھ اب بھی ایک بے جا جھجک وابستہ ہے۔ جسم بیمار ہو تو ہم فوراً ڈاکٹر کے پاس جاتے ہیں، مگر جب بچہ مسلسل خوف، اداسی یا دباؤ میں ہو تو اسے کمزور، ضدی یا نافرمان سمجھ لیا جاتا ہے۔ یہ رویہ بدلنا ہوگا۔ دہلی کی وزیرِ اعلیٰ نے پالیسی کے اجرا پر بجا کہا کہ مدد مانگنا طاقت کی علامت ہے، کمزوری کی نہیں۔ یہ پیغام صرف اسکول کی ورکشاپ تک محدود نہ رہے؛ اسے گھروں، محلوں، مسجد کے منبر، مذہبی و سماجی اجتماعات اور دسترخوان کی گفتگو تک پہنچنا چاہیے۔ بچے کو یہ اعتماد ملنا چاہیے کہ اس کی پریشانی کا مذاق نہیں اڑایا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر اسے پیشہ ورانہ مدد ملے گی۔
دہلی کی یہ پالیسی پورے ملک کے لیے غور و فکر کا موقع ہے، خصوصاً مہاراشٹر جیسی ریاستوں کے لیے جہاں یہ اعداد سب سے زیادہ تشویش ناک ہیں۔ مگر ہر اچھی تبدیلی کے لیے سرکاری حکم کا انتظار ضروری نہیں۔ نجی اداروں کی انتظامیہ، جن میں میرے اپنے ادارے بھی شامل ہیں، آج سے بہت کچھ کر سکتی ہے: ہر اسکول میں تربیت یافتہ کاؤنسلر یا مستند ماہرین سے باقاعدہ رابطہ، ہر استاد کے لیے ابتدائی نفسیاتی مدد کی تربیت، امتحان کے دنوں میں خاص نگرانی، والدین کے لیے سال میں کم از کم دو تربیتی نشستیں، اور بچوں سے انفرادی گفتگو کو تدریس کا مستقل حصہ بنانا۔
لیکن ان سب سے اہم ہے کلاس روم کی فضا: ایسی فضا جہاں سوال پوچھنے پر مذاق نہ اڑایا جائے، غلط جواب پر تضحیک نہ ہو، کم نمبر لانے والا بچہ بھی خود کو قابلِ احترام سمجھے، اور ناکامی کو زندگی کا آخری فیصلہ نہیں، سیکھنے کے سفر کا ایک پڑاؤ سمجھا جائے۔
’’احساس‘‘ ایک خوبصورت لفظ ہے، مگر لفظ کی خوبصورتی اس وقت تک بے معنی ہے جب تک وہ ہمارے رویوں میں نظر نہ آئے۔ اس پالیسی کی کامیابی کاؤنسلروں کی گنتی، ورکشاپوں کی تعداد یا سرکاری رپورٹوں سے نہیں ناپی جائے گی۔ اس کا اصل امتحان دہلی کے کسی اسکول کی آخری بینچ پر بیٹھا وہ خاموش بچہ ہوگا جسے اب تک کسی نے غور سے نہیں دیکھا؛ جس کے چہرے پر مسکراہٹ ہے مگر دل میں خوف، جس کے پاس کتابیں ہیں مگر اپنے دل کی بات کہنے کو الفاظ نہیں۔ اگر ایک دن اس کا استاد اس کے پاس بیٹھ کر محبت سے پوچھے، ’’بیٹا، سب خیریت تو ہے؟‘‘، اور وہ بلا خوف اپنے دل کی بات کہہ سکے، تو سمجھ لیجیے کہ ’’احساس‘‘ نے اپنا سفر شروع کر دیا ہے۔
اسکول کی عمارتیں بلند ہونے سے قومیں بلند نہیں ہوتیں۔ قومیں اس وقت بلند ہوتی ہیں جب ان کے بچے اعتماد، وقار اور انسانیت کے ساتھ پروان چڑھتے ہیں۔ ہمیں ایسے بچے نہیں چاہئیں جو صرف امتحان کے سوالوں کے درست جواب دے سکیں؛ ہمیں ایسے انسان چاہئیں جو زندگی کے مشکل سوالوں کا سامنا بھی کر سکیں۔
آخر میں اپنے تمام ساتھی اساتذہ، والدین اور تعلیمی منتظمین سے صرف ایک سوال: اگر ہمارا بچہ امتحان میں کامیاب ہو جائے مگر زندگی سے خوفزدہ رہنے لگے، تو کیا ہم واقعی کامیاب ہوئے؟ اس سوال کا جواب کسی سرکاری پالیسی میں نہیں ملے گا؛ یہ جواب ہمیں اپنے ضمیر سے مانگنا ہوگا۔
خدارا! بچوں کے نمبر ضرور گنیے، مگر ان کے دل کی دھڑکنیں گننا مت بھولیے۔
ّّّّّ——————————————————————————————————————
نوٹ:اگر آپ یا آپ کا کوئی عزیز ذہنی دباؤ یا مایوسی سے گزر رہا ہے تو مدد موجود ہے۔ حکومتِ ہند کی ٹیلی مانس ہیلپ لائن 14416 پر چوبیس گھنٹے مفت رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے