कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

فہمیدہ ریاض کے افسانوی ادب میں محبت عورت اور سماجی بغاوت

از قلم شیخ محمود علی
لیکچرر سماجی تجزیہ کار آزاد قلم کار ناندیڑ مہاراشڑا ہندوستان
8055402819

فہمیدہ ریاض (1946ء–2018ء) پاکستان کی ممتاز شاعرہ، افسانہ نگار ناول نویس مترجم اور ترقی پسند ادیبہ تھیں۔ اردو ادب میں انہیں نسائی شعور آزادیِ اظہار انسانی حقوق سیاسی جبر اور جسم و جاں کے باہمی رشتے جیسے موضوعات پر جرأت مندانہ اور منفرد طرزِ اظہار کے باعث نمایاں مقام حاصل ہے۔
ان کی شاعری نے اردو ادب میں عورت کے روایتی تصور کو وسعت عطا کی۔ انہوں نے عورت کو محض حسن و جمال کی پیکر محبوبہ یا مرد کے تخیل کا موضوع بنا کر پیش کرنے کے بجائے ایک مکمل انسانی وجود کی حیثیت سے متعارف کرایا، جو اپنے احساسات جذبات خواہشات فکری آزادی اور انفرادی تشخص رکھتی ہے۔ ان کے ہاں عورت صرف محبت کا موضوع نہیں بلکہ محبت کا اظہار کرنے والی، اپنے وجود کا شعور رکھنے والی اور اپنے حقوق و اختیار کا مطالبہ کرنے والی ایک خودمختار شخصیت ہے۔
جون ایلیا کے شعر سے آغاز کرتے ہیں
تیرا خیال خواب خواب خلوت جاں کی آب و تاب جسم جمیل و نوجواں شام بخیر شب بخیر
جب روح نے جسم سے کہا: حضور! آپ کے بغیر میرا گزارہ نہیں!
اردو شاعری میں عشق کا ذکر ہو تو عموماً روح کو اتنی اہمیت دی جاتی ہے کہ جسم بیچارہ محفل کے باہر کھڑا اپنی باری کا انتظار کرتا رہتا ہے۔ شاعر محبوب کی زلفوں کو رات آنکھوں کو جام لبوں کو غنچہ اور وصل کو معراج کہتا ہے، لیکن یہ بتانے سے گریز کرتا ہے کہ اس معراج تک پہنچنے کے لیے جسم نام کی ایک معمولی سی سواری بھی درکار ہوتی ہے۔
ہمارے ہاں محبت کو روحانی بنانے کا رواج کچھ ایسا عام ہے کہ اگر کوئی شاعر محبوب کے قریب ہونے کی خواہش ظاہر کر دے تو اہلِ ذوق فوراً اس کے تصوف پر شبہ کرنے لگتے ہیں۔ گویا محبت اگر جسم سے گزر جائے تو اس کا روحانی درجہ کچھ کم ہو جاتا ہے۔ حالانکہ روح نے آج تک جسم کے بغیر کہیں آنے جانے کا کوئی قابلِ اعتماد انتظام دریافت نہیں کیا۔
فہمیدہ ریاض نے اسی ادبی احتیاط پسندی کی الماری کھولی اور اس میں رکھے ہوئے کئی پرانے تصورات کو باہر نکال کر دیکھا۔ انہیں شاید یہ بات پسند نہیں آئی کہ مرد شاعر صدیوں سے محبوب کی آنکھوں زلفوں اور لبوں پر شاعری کرتے رہیں، لیکن محبوب کی جنس کے بارے میں اس قدر محتاط رہیں کہ خود محبوب بھی اپنی شناخت کے لیے کسی دوسرے شاعر سے رجوع کرے۔
فہمیدہ نے عورت کے جذبۂ عشق کو اس کی اپنی زبان عطا کی۔ ان کے ہاں محبوب کوئی خیالی فرشتہ نہیں، نہ ہی کوئی ایسا کردار ہے جسے صرف تشبیہوں میں تلاش کیا جا سکے۔ وہ ایک جیتا جاگتا انسان ہے، جس کا وجود ہے، جس کی قربت ہے اور جس کی محبت میں جسم بھی شریک ہے۔بقول تابش دہلوی
ربط کیا جسم و جاں سے اٹھتا ہے پردہ اک درمیاں سے اٹھتا ہے
اب ظاہر ہے کہ اس قسم کی شاعری پڑھ کر ہمارے بعض اخلاقی نگرانوں کو پریشانی لاحق ہوئی۔ انہیں شاید یہ اندیشہ تھا کہ اگر عورت نے اپنے جذبات کا اظہار خود شروع کر دیا تو شاعری کی صدیوں پرانی انتظامیہ کا کیا بنے گا؟
فہمیدہ کی نظم ’’ابد‘‘ میں جسمانی سرشاری اور جذباتی کیفیت کا اظہار دیکھیے۔ یہاں جسم محض گوشت پوست کا ڈھانچہ نہیں بلکہ احساس کا ایک زندہ مرکز ہے۔ وہ اپنے تجربے کو کسی فلسفیانہ پردے میں چھپانے کے بجائے پوری شدت سے بیان کرتی ہیں۔
ان کے نزدیک عشق کوئی ایسا سرکاری خط نہیں جس میں اصل بات لکھنے سے پہلے دس مرتبہ تمہید باندھی جائے۔ محبت کا تجربہ اپنی پوری شدت کے ساتھ سامنے آتا ہے۔
اسی طرح نظم ’’زبانوں کا بوسہ‘‘ میں قربت کا ایک ایسا منظر تخلیق ہوتا ہے جہاں بوسہ محض دو ہونٹوں کا اتفاق نہیں رہتا بلکہ وقت یادداشت، تنہائی اور روحانی سرشاری کا ایک تجربہ بن جاتا ہے۔
یہاں ایک دلچسپ سوال پیدا ہوتا ہے کہ آخر جسم اور روح کو ایک دوسرے کا حریف کس نے بنایا؟ جسم کو خواہش کا مجرم اور روح کو پاکیزگی کا واحد ٹھیکے دار کس نے مقرر کیا؟
فہمیدہ ریاض کی شاعری اس تقسیم پر سوال اٹھاتی ہے۔ وہ گویا کہتی ہیں کہ انسان کو مکمل طور پر سمجھنا ہے تو اس کے جذبات، خواہشات، جسمانی تجربات اور ذہنی کیفیات کو الگ الگ خانوں میں رکھ کر نہیں دیکھا جا سکتا۔
ان کے مجموعوں ’’پتھر کی زبان‘‘ اور ’’بدن دریدہ‘‘ میں عورت کے وجود، سماجی جبر اور اظہار کی آزادی کے مختلف پہلو سامنے آتے ہیں۔
فہمیدہ کا اصل اختلاف صرف جسمانی محبت کو تسلیم نہ کرنے والوں سے نہیں تھا، بلکہ اس دوہرے اخلاقی معیار سے بھی تھا جس میں مرد کے جذبات کو فطرت اور عورت کے جذبات کو تہذیب کے لیے خطرہ سمجھ لیا جاتا ہے۔
یہ بھی خوب ہے کہ مرد اگر عشق میں بے قرار ہو تو اسے مجنوں کہا جاتا ہے، اور عورت اپنی بے قراری بیان کر دے تو معاشرے کو اچانک اخلاقیات کی فکر لاحق ہو جاتی ہے۔
گویا عشق کا بھی ایک صنفی محکمہ قائم ہے، جہاں مردوں کے لیے اظہار کی کھڑکیاں کھلی ہیں اور عورتوں کے لیے پردے کے پیچھے ایک درخواست فارم رکھا ہوا ہے۔
فہمیدہ ریاض نے اس درخواست فارم کو قبول کرنے سے انکار کیا۔
ان کی شاعری ہمیں یہ سوچنے پر مجبور کرتی ہے کہ پاکیزگی کا تعلق محض جسم سے انکار کرنے میں نہیں بلکہ انسانی جذبات کی سچائی، رضامندی، احترام اور دیانت داری میں بھی ہے۔
آخر انسان اگر محبت کرتا ہے تو اس میں اس کی روح بھی شریک ہوتی ہے اور جسم بھی۔ دونوں کو ایک دوسرے سے لڑانے کا فائدہ شاید ان لوگوں کو ہو جو محبت پر تقریر تو کرنا چاہتے ہیں، مگر محبت کے انسانی تجربے کو سمجھنے کی زحمت نہیں اٹھانا چاہتے۔
فہمیدہ ریاض نے کم از کم یہ تو کر دکھایا کہ اردو شاعری میں عورت کو صرف محبوبہ بن کر رہنے کے بجائے محبت کرنے والی خواہش رکھنے والی اور اپنے وجود کی تشریح خود کرنے والی شخصیت کا مقام دیا۔
اور یہ کوئی معمولی ادبی واقعہ نہیں تھا۔
خواجہ میر درد کہتے ہیں
ہووے کب وحدت میں کثرت سے خلل جسم و جاں گو دو ہیں باہم ایک
ہیں
لیکن کبھی کبھی میرے دل میں خیال جون ایلیا کا شاید اس سے سارے مضمون پر پانی پھر جائے گا
میں کہوں کس طرح یہ بات اس سے تجھ کو جانم
مجھی سے خطرہ ہے
آج کی سائینس تکنالوجی اور ڈیجیٹل دنیا میں محبت کے عہد و پیماں رابطے اب صرف مطلب تک ہی محدود رہ گئے
ورق الٹتے ہی لوگ کہانی بدل دیتے ہیں
یہ عہدِ ترکِ محبت ہے کس لیے آخر
سکونِ قلب ادھر بھی نہیں ادھر بھی نہیں
فیض احمد فیض

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے