कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

عمران پرتاب گڑھی پر کفر کا فتویٰ: دین کی پاسبانی یا سستی شہرت کا شوق؟

از قلم : ڈاکٹر محمد عظیم الدین

شعر کسی اور کا، تحریف کسی اور کی، اور کفر کا فتویٰ عمران پرتاب گڑھی کے نام۔ ہمارے عہد کی عجلت پسندی شاید اسی کو کہتے ہیں۔ گزشتہ دنوں بریلی میں درگاہ زندہ شاہ مدار کے سجادہ نشین سید انتخاب عالم جعفری نے ۱۴ نومبر کو یوپی جے اے پریس کلب میں باقاعدہ پریس کانفرنس بلائی اور اعلان کیا کہ کانگریس کے راجیہ سبھا رکن اور مقبول شاعر عمران پرتاب گڑھی اسلام سے خارج ہو چکے ہیں، ساتھ ہی عوامی معافی اور تجدیدِ ایمان کا مطالبہ بھی کر ڈالا۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اس سخت فیصلے کی بنیاد ایک ایسے شعر کو بنایا گیا جس کا عمران پرتاب گڑھی کے کلام سے دور کا بھی واسطہ نہیں۔
وہ متنازع شعر، جس پر یہ سارا ہنگامہ کھڑا کیا گیا، یہ ہے:
"تیرے سکوں سے روشن ہے میری حیات
رب سے بڑھ کر ملی تجھ میں ہر بات”
حقیقت یہ ہے کہ یہ شعر نہ عمران پرتاب گڑھی کی مشہور نظم ”اے میرے والدِ محترم“ کا حصہ ہے اور نہ ان کے کسی مستند شعری مجموعے میں شامل ہے۔ یہ نظم انہوں نے حالیہ متعدد مشاعروں میں سنائی ہے اور سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہے۔ اس کی بے پناہ مقبولیت سے متاثر ہوکر کسی یوٹیوب چینل نے اسے کور سانگ کے طور پر دوبارہ ریکارڈ کیا اور اپنی مرضی سے اشعار میں ردوبدل کر دیا، جیسا کہ یوٹیوبرز اکثر کرتے ہیں۔ فتویٰ دینے والوں نے اسی ترمیم شدہ ویڈیو کو اصل کلام سمجھ کر ایک مسلمان عوامی نمائندے کے ایمان کا فیصلہ سنا دیا۔ کسی کے ایمان پر ہاتھ ڈالنے سے پہلے اتنی زحمت تو گوارا کرنی چاہیے تھی کہ جس شعر پر گرفت ہو رہی ہے، وہ واقعی شاعر کا اپنا ہے یا کسی اور کی کارستانی۔ اس جلد بازی نے پورے معاملے کو علمی تحقیق کے بجائے محض اخباری اور سوشل میڈیا کے شور شرابے تک محدود کر دیا۔
دوسرا اعتراض نظم کے اس اصل مصرعے پر اٹھایا جا رہا ہے: ”تیرا سایہ ہے صحنِ حرم“۔ اس پر باقاعدہ فتویٰ تو سامنے نہیں آیا، مگر سوشل میڈیا اور بعض حلقوں میں اسے خلافِ اسلام ثابت کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ دراصل اردو شاعری کا مزاج ہی تشبیہ، استعارے اور شاعرانہ اندازِ بیان سے عبارت ہے۔ شاعر نے اپنے والد کے سائے کو صحنِ حرم سے تشبیہ دے کر ان کی شفقت اور برکت کو بیان کیا ہے۔ اردو کی کلاسیکی روایت میں ”سائے“ کو پناہ، شفقت اور عقیدت کے استعارے کے طور پر برتنا کوئی نئی بات نہیں۔ خواجہ میر درد کا مشہور شعر ہے:
"بستے ہیں ترے سایہ میں سب شیخ و برہمن
آباد ہے تجھ سے ہی تو گھر دیر و حرم کا”
یہاں بھی سائے کا ذکر کسی خدائی دعوے کے لیے نہیں، محض پناہ اور برکت کے مفہوم میں آیا ہے۔ اگر ”صحنِ حرم“ کے لفظی معنی پکڑ کر یہ نتیجہ نکالا جائے کہ شاعر اپنے والد کو خدا کا درجہ دے رہا ہے، تو پھر غالب، میر، مومن، اور اقبال کے دیوانوں اور مجموعات میں بھی ایسی درجنوں مثالیں مل جائیں گی جنہیں بنیاد بنا کر کفر کے فتوے بانٹے جا سکتے ہیں۔ شاعری کے رمز کو سمجھنے کے لیے کسی بڑی سند کی ضرورت نہیں، بس ادب کا تھوڑا سا ذوق درکار ہے۔
سوشل میڈیا کی اس آندھی نے ہمارے بعض علما کی تحقیقی مزاج کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔ آج کل کوئی ویڈیو وائرل ہو جائے یا کوئی پوسٹ ٹرینڈ کرنے لگے، تو فوراً ردِ عمل سامنے آ جاتا ہے۔ نہ خبر کے ماخذ کی جانچ ہوتی ہے، نہ سیاق و سباق دیکھا جاتا ہے۔ عالمی شہرت یافتہ اسلامی درسگاہ جامعہ ازہر کی فقہی مجلس بھی خبردار کر چکی ہے کہ سوشل میڈیا کے رجحان کے پیچھے چل کر بلا تحقیق فتوے جاری کرنا یا پھیلانا فتنہ و فساد کا باعث بن سکتا ہے۔ شریعت کا اصل مزاج خیرخواہی، پردہ پوشی اور اصلاح ہے، مگر ایک ترمیم شدہ ویڈیو کو بنیاد بنا کر پریس کانفرنس کے ذریعے کسی کو کافر قرار دینا اور عوامی تماشا بنانا، دین کی خدمت کے بجائے سماجی انتشار کو ہوا دیتا ہے۔
سعودی مفتیِ اعظم سمیت کئی جید علما اس رویے پر تنقید کر چکے ہیں کہ بعض حلقے محض میڈیا کی توجہ اور سستی شہرت پانے کے لیے فتووں کا سہارا لیتے ہیں۔ کسی معروف شاعر یا رکنِ پارلیمان پر فتویٰ لگانا ٹی وی بحثوں اور اخباری سرخیوں کا سب سے آسان راستہ بن چکا ہے۔ لیکن جب تحقیق کی جگہ انٹرنیٹ کا شور اور خیرخواہی کی جگہ شہرت کی ہوس لے لے، تو نقصان کسی ایک فرد کا نہیں، خود فتوے کی ساکھ کا ہوتا ہے۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے