कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

یومِ اطفال کے موقع پر چند سوالات!

کیا ہمارے بچے اپنے روشن مستقبل کی طرف بڑھ رہے ہیں؟

از قلم: صدف الماس

آج 14 نومبر ہے، یومِ اطفال! یہ دن بچوں کے حقوق، ان کی تعلیم، تربیت اور روشن مستقبل کے حوالے سے ہمیں غور و فکر کی دعوت دیتا ہے۔ لیکن آج میں ایک ایسے مسئلے کی طرف توجہ دلانا چاہتی ہوں جو بحیثیت ایک معلمہ میرے لیے مسلسل تشویش کا باعث بنا ہوا ہے۔
میں ایک سرکاری اسکول میں بحیثیت ٹیچر اپنی خدمات انجام دے رہی ہوں۔ میرا جہاں پوسٹنگ ہے وہ میرے گاؤں سے تقریباً بارہ تیرہ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
وہاں مسلم بچوں کی تعلیمی صورتِ حال دیکھ کر دل بہت افسردہ ہوتا ہے۔ ان میں سے بیشتر بچوں کی حالت نہایت خستہ ہے نہ صفائی ستھرائی کا خیال، نہ پڑھائی میں دلچسپی، نہ ہی تعلیم کے تئیں کوئی سنجیدگی۔ کلاس روم میں اکثر یہ بچے سب سے پیچھے بیٹھتے ہیں، پڑھائی کے بجائے آپس میں باتوں میں لگے رہتے ہیں اور سب سے زیادہ افسوس ناک بات یہ ہے کہ ان کی حاضری بھی بہت کم رہتی ہے
یہ بچے مسلسل اسکول سے غیر حاضر رہتے ہیں، جس کی وجہ سے وہ نہ صرف اپنی پڑھائی میں پیچھے رہ جاتے ہیں بلکہ تعلیم کے بہت سے اہم مواقع سے بھی محروم ہو جاتے ہیں۔ میں ایسے بچوں کے سرپرستوں سے رابطہ کرتی ہوں، انہیں سمجھاتی ہوں کہ اپنے بچوں کو پابندی سے اسکول بھیجیں، لیکن افسوس کہ اکثر ان کی طرف سے کوئی خاطر خواہ ردعمل نہیں ملتا۔
میں اکثر سوچتی ہوں کہ یہ ننھے ننھے بچے، جن کی عمر اسکول اور مدرسے جانے، کچھ سیکھنے اور اپنے مستقبل کی بنیاد مضبوط کرنے کی ہے، آخر اپنا وقت کہاں گزارتے ہیں؟ جب یہ اسکول نہیں آتے تو کیا کرتے ہیں؟ ان کے والدین کو ان کے مستقبل کی فکر کیوں نہیں ستاتی؟
ایک اور افسوس ناک حقیقت یہ ہے کہ بہت سے بچے جیسے تیسے آٹھویں جماعت تک پہنچتے ہیں اور پھر تعلیم کو ہمیشہ کے لیے خیرباد کہہ دیتے ہیں۔ کچھ بچے دسویں جماعت تک تو پہنچ جاتے ہیں، لیکن ان کی تعلیمی کارکردگی اس قدر کمزور ہوتی ہے کہ یا تو وہ امتحان میں ناکام ہو جاتے ہیں یا بمشکل تھرڈ ڈویژن سے کامیابی حاصل کر پاتے ہیں۔ بہت کم بچے ایسے ہوتے ہیں جو اچھے نمبروں سے کامیاب ہو کر آگے کی تعلیم جاری رکھتے ہیں۔ باقی بچے تعلیم کا سلسلہ منقطع کرکے روزگار یا دوسرے کاموں میں لگ جاتے ہیں۔
آخر اس صورتِ حال کا ذمہ دار کون ہے؟ کیا صرف بچوں کو قصوروار ٹھہرایا جا سکتا ہے؟ یقیناً نہیں! اس کے لیے والدین، معاشرے اور تعلیمی نظام سے وابستہ تمام ذمہ دار افراد کو اپنی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا ہوگا۔
آج یومِ اطفال کے موقع پر میں ان بچوں کے والدین سے چند باتیں کہنا چاہتی ہوں:
خدارا! اپنے بچوں کی قدر کیجیے۔ یہ بچے آپ کی سب سے قیمتی امانت ہیں۔ انہیں صرف کھانا، کپڑا اور رہنے کے لیے چھت فراہم کرنا ہی آپ کی ذمہ داری نہیں، بلکہ ان کی تعلیم و تربیت اور بہتر مستقبل کی فکر کرنا بھی آپ کا فرض ہے۔
آپ آج جس بچے کو تعلیم سے محروم رکھ رہے ہیں، ممکن ہے کل وہی بچہ آپ کے بڑھاپے کا سہارا بننے کے بجائے خود زندگی کی بنیادی ضرورتوں کے لیے دوسروں کا محتاج ہو جائے۔
یاد رکھیے! بچوں کا بچپن دوبارہ لوٹ کر نہیں آتا۔ تعلیم حاصل کرنے کی عمر گزر جائے تو اس کی تلافی آسان نہیں ہوتی۔ آج اگر آپ نے ان کی تعلیم و تربیت پر توجہ نہیں دی تو کل پچھتاوے کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آئے گا۔
یہ بچے صرف آپ کے خاندان کا مستقبل نہیں بلکہ اس ملک اور قوم کا سرمایہ ہیں۔ اگر ہماری نئی نسل تعلیم سے دور ہوتی چلی گئی، اگر ہمارے بچے بنیادی تعلیم سے بھی محروم رہ گئے تو آنے والے وقت میں ہماری قوم کی تعلیمی، سماجی اور معاشی صورتِ حال کیا ہوگی؟
آخر کب تک ہمارے بچے تعلیمی پسماندگی کا شکار رہیں گے؟ آخر کب ہم اپنے بچوں کے مستقبل کو لے کر سنجیدہ ہوں گے؟
ضرورت اس بات کی ہے کہ والدین اپنے بچوں کو پابندی سے اسکول بھیجیں، ان کی صفائی ستھرائی، تعلیم اور تربیت پر توجہ دیں، اساتذہ سے رابطہ رکھیں اور ان کی تعلیمی پیش رفت کا جائزہ لیتے رہیں۔ اساتذہ اور معاشرے کے باشعور افراد کو بھی ان بچوں کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کے لیے آگے آنا ہوگا۔
قوموں کا مستقبل ان کے بچوں کے ہاتھوں میں ہوتا ہے، اور بچوں کا مستقبل آج ہماری ترجیحات میں ہونا چاہیے۔۔

 

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے