कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

اردو کے فروغ کا سفر اپنی ذات سے شروع ہو کر قومی سطح تک پہنچنا چاہیے: سید حسین اختر

پروفیسر سید فرید احمد نہری سے خصوصی ملاقات، اردو کی ترقی و ترویج کے لیے جامع لائحۂ عمل پر سیرحاصل گفتگو

بیڑ: 2؍اکتوبر(نامہ نگار)مہاراشٹرا اردو ساہتیہ اکادمی، ممبئی کے چیئرمین سید حسین اختر کی معروف ماہرِ تعلیم و اردو داں پروفیسر سید فرید احمد نہری سے ان کی رہائش گاہ پر خصوصی ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر اردو زبان و ادب کی ترقی و ترویج، نئی نسل میں اردو سے وابستگی پیدا کرنے، مقامی سطح پر اردو کے فروغ کے امکانات اور ریاستی و قومی سطح پر اردو کے لیے مؤثر لائحۂ عمل مرتب کرنے کے حوالے سے تفصیلی اور سیرحاصل گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد ناصر باغبان، اسسٹنٹ پروفیسر شعبۂ اردو، ملیہ سینئر کالج، بیڑ بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران سید حسین اختر اور پروفیسر سید فرید احمد نہری نے اس بات پر زور دیا کہ اردو کی ترقی محض اداروں، تنظیموں یا حکومتوں کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر اردو داں فرد کو اپنی سطح پر اس کے فروغ کے لیے عملی کردار ادا کرنا ہوگا۔ اردو کے تحفظ اور ترویج کے لیے ضرورت اس امر کی ہے کہ منصوبہ بندی کو محض تقریروں اور تجاویز تک محدود رکھنے کے بجائے اسے عملی اقدامات سے مربوط کیا جائے۔اس موقع پر اردو کے فروغ کے لیے مرحلہ وار حکمتِ عملی پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔ گفتگو میں یہ نقطۂ نظر سامنے آیا کہ اردو کی خدمت کا آغاز مقامی سطح پر اپنی ذات اور اپنے ماحول سے ہونا چاہیے؛ اس کے بعد ریاستی سطح پر منظم کوششوں کو فروغ دیا جائے اور بالآخر قومی سطح پر اردو کے وسیع تر مفاد کے لیے مربوط منصوبہ بندی کی جائے۔ اگر ہر فرد اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے اپنے گھر، تعلیمی ادارے، معاشرے اور گرد و پیش میں اردو کے استعمال اور فروغ کا آغاز کرے تو یہ چھوٹی چھوٹی کوششیں ایک بڑی تحریک کی شکل اختیار کرسکتی ہیں۔سید حسین اختر نے اردو کے موجودہ حالات، درپیش مسائل اور مستقبل کے امکانات کے حوالے سے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا، جبکہ پروفیسر سید فرید احمد نہری نے تعلیمی اور عملی میدان میں اردو کے فروغ کے لیے مختلف امکانات اور تجاویز پیش کیں۔ دونوں شخصیات نے اس امر پر اتفاق کیا کہ اردو کو نئی نسل سے جوڑنے، تعلیمی سرگرمیوں کو وسعت دینے اور اردو کے استعمال کو روزمرہ زندگی میں فروغ دینے کے لیے مسلسل اور سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ملاقات کے اختتام پر پروفیسر سید فرید احمد نہری نے سید حسین اختر کو اپنی تصانیف اور کتب کا تحفہ بھی پیش کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد ناصر باغبان کی موجودگی نے ملاقات کو مزید علمی و ادبی اہمیت عطا کی۔واضح رہے کہ سید حسین اختر مہاراشٹرا اردو ساہتیہ اکادمی، ممبئی کے چیئرمین اور ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑا یونیورسٹی، اورنگ آباد کے شعبۂ اردو و فارسی کے بورڈ آف اسٹڈیز کے رکن ہیں، جبکہ پروفیسر سید فرید احمد نہری ملیہ سینئر کالج، بیڑ کے سابق صدر شعبۂ اردو اور ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑا یونیورسٹی کے شعبۂ اردو و فارسی کے بورڈ آف اسٹڈیز کے رکن ہیں۔ ڈاکٹر محمد ناصر باغبان ملیہ سینئر کالج، بیڑ کے شعبۂ اردو میں اسسٹنٹ پروفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔یہ ملاقات اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے فکری تبادلے اور مستقبل کی عملی منصوبہ بندی کے حوالے سے ایک اہم علمی و ادبی نشست ثابت ہوئی۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے