कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

ناندیڑ میونسپل کارپوریشن اور یونین بینک آف انڈیا کے درمیان سیلری اکاؤنٹ لنکیج اسکیم کا تاریخی معاہدہ

ملازمین کو بڑے مالی فوائد کا اعلان

ناندیڑ:16؍مئی ( نمائندہ اعتبار) ناندیڑ ناندیڑ واگھالہ شہر میونسپل کارپوریشن اور یونین بینک آف انڈیا کے درمیان ’’سیلری اکاؤنٹ لنکیج اسکیم‘‘ کے تحت مفاہمتی یادداشت (MoU) کی تقریب شاندار انداز میں منعقد ہوئی۔ناندیڑ واگھالہ میونسپل کارپوریشن کے افسران، ملازمین اور ریٹائرڈ عملے کے مالی مفادات کے تحفظ اور بینکنگ لین دین کو مزید آسان بنانے کے مقصد سے اس معاہدے پر ضلع کلکٹر آفس کے احاطے میں واقع پلاننگ ہال میں دونوں اداروں کے اعلیٰ عہدیداران کی موجودگی میں دستخط کیے گئے۔یہ تاریخی معاہدہ ہفتہ 16 مئی 2026ء کو منعقد ہوا، جس میں رکن پارلیمان اشوک چوہان بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ اس موقع پر میئر کویتا سنتوش مولے، میونسپل کمشنر ڈاکٹر مہیش کمار ڈوئیپھوڑے، ڈپٹی میئر دیپک سنگھ راوت، اسٹینڈنگ کمیٹی کے صدر وریندر سنگھ گاڈی والے، بی جے پی شہر صدر امرناتھ راجورکر، یونین بینک آف انڈیا کے جنرل منیجر لوکناتھ ساہو، ڈپٹی زونل ہیڈ نرنجن بارک، اسسٹنٹ جنرل منیجر ساون شیو، ریجنل منیجر پرمود پرہاتے، خواتین و اطفال بہبود کمیٹی کی صدر سدیچھا سونی پاٹل، نائب صدر نرنجنا لانڈگے، ایوان لیڈر مہیش کنک دندے، گروپ لیڈر س ، مجیب مختار، ایڈیشنل کمشنر نیلیش سنکے وار، گریش کدم، چیف اکاؤنٹ و فنانس آفیسر دھنراج پانڈے، ڈپٹی کمشنر ابھیجیت وائکوس، اجیت پال سنگھ سندھو، نتین گاڈھوے اور دیگر کارپوریٹرز و عہدیداران موجود تھے۔تقریب کے آغاز میں معزز مہمانوں کا استقبال کیا گیا، جس کے بعد چیف اکاؤنٹ و فنانس آفیسر دھنراج پانڈے نے ابتدائی کلمات پیش کرتے ہوئے اس معاہدے کے پس منظر اور ملازمین کو حاصل ہونے والے فوائد پر روشنی ڈالی۔ اس کے بعد یونین بینک کی جانب سے اسسٹنٹ جنرل منیجر ساون شیو اور بینک منیجر پورنیما منڈے نے اس اسکیم کے تحت فراہم کی جانے والی سہولیات پر تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی۔اس معاہدے کے تحت میونسپل کارپوریشن کے تمام افسران اور ملازمین کو یونین بینک کے ذریعے جدید اور ڈیجیٹل سیلری اکاؤنٹ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس اسکیم کو ملازمین کی فلاح و بہبود اور مالی تحفظ کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کے مطابق اکاؤنٹ میں کم از کم بیلنس رکھنے کی کوئی شرط نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ حادثاتی موت یا مستقل معذوری کی صورت میں ایک کروڑ روپئے تک کا مفت ذاتی انشورنس فراہم کیا جائے گا۔ہنگامی حالات میں ملازمین کو ان کی تنخواہ کی حد تک اوور ڈرافٹ یعنی پیشگی رقم حاصل کرنے کی سہولت بھی دی جائے گی۔ گھریلو قرض، گاڑی قرض اور ذاتی قرض کے لیے درخواست دینے پر پروسیسنگ فیس اور شرح سود میں خصوصی رعایت فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ لامحدود اے ٹی ایم ٹرانزیکشن، مفت پلاٹینم؍روپے ڈیبٹ کارڈ، مفت چیک بک، انٹرنیٹ بینکنگ اور ایس ایم ایس سہولیات بھی بلا معاوضہ مہیا کی جائیں گی۔ مزید یہ کہ معمولی انشورنس فیس پر 33 لاکھ روپئے تک کا ہیلتھ انشورنس بھی دیا جائے گا، جبکہ اس اکاؤنٹ کے تحت زندگی بیمہ، مدت بیمہ اور صحت بیمہ تینوں کا تحفظ حاصل ہوگا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میونسپل کمشنر نے کہا کہ اس معاہدے کا مقصد ملازمین کو فوری مالی خدمات فراہم کرنا اور ان کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے۔ یونین بینک کے اعلیٰ حکام نے بھی ملازمین کو بہترین اور تیز رفتار بینکنگ خدمات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔میئر کویتا سنتوش مولے نے کہا کہ یہ مہاراشٹر کی پہلی میونسپل کارپوریشن ہے جس نے ملازمین کے لیے اتنے وسیع فوائد کے ساتھ ایسا معاہدہ کیا ہے، اور آئندہ بھی اسی طرح کے مثبت اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
مہمانِ خصوصی اشوک راؤ چوہان نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس معاہدے سے ملازمین کی کارکردگی میں مثبت بہتری آئے گی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کئی بینکوں نے اپنی تجاویز پیش کی تھیں، مگر یونین بینک آف انڈیا بہترین ثابت ہوا۔ انہوں نے ڈیجیٹل بینکنگ کے بڑھتے رجحان کے پیش نظر آن لائن فراڈ سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر بھی زور دیا، اور بلدیہ کو چاہیے کہ حکومتی فنڈز پر مکمل انحصار کے بجائے اپنی آمدنی میں اضافہ کرنے کی سمت بھی کام کرے۔
تقریب کی نظامت پروفیسر سنتوش دیورائے اور بینک منیجر پورنیما منڈے نے کی، جبکہ شکریہ کی رسم اسسٹنٹ جنرل منیجر ساون شیو نے ادا کی۔ اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں دھنراج پانڈے، سجاتا واڈییار، ستپال سنگھ کولہاپورے، گجانن راسے، نیلیش شاتل وار، یش گنجکر، شارخ انور اور دتاتریہ گولپلّے سمیت دیگر عملے نے اہم کردار ادا کیا۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے