कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

بارش: طمانیت ِ جاں کا آسمانی پیغام

از قلم محمد یاسین قاسمی جودھپور ی (راجستھان)

فطرتِ کاملہ کے پرجمال مظاہر میں سے بارش ایک ایسی نعمتِ ربّانی ہے جو اپنے دامن میں راحت و سکون، تازگی و شادابی، اور سرور و انبساط کی بے شمار کیفیات سمیٹے ہوئے ہے۔ یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے نازل کردہ وہ فیضِ عام ہے، جو نہ صرف انسانوں بلکہ چرند و پرند، جمادات و نباتات، اور ہر جاندار و بے جان مخلوق کے لیے یکساں مفید، کارآمد، اور باعثِ تسکین ہے۔
بارش کو دیکھتے ہی دل میں جو ایک عجیب سی لہر، ایک خاموش سرشاری، اور ایک مانوس سی طمانینت دوڑ جاتی ہے، وہ محض بوندوں کی ٹپکاہٹ نہیں بلکہ خالقِ کائنات کی رحمت و محبت کا ایسا اظہار ہے جو ذہن کو صاف، دل کو نرم، اور روح کو منور کر دیتا ہے۔
اس موسمی جلوے میں ایک ایسا روح پرور اثر پوشیدہ ہے جو پژمردہ طبیعت کو شاداب، غمزدہ دل کو خوشحال، اور الجھے ہوئے ذہن کو منظم کر دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بارش کا ذکر محض موسم کی تبدیلی نہیں بلکہ دلوں کی کیفیات کے انقلاب کی علامت بن جاتا ہے۔
بارش بھی خدا تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہے، جو نہ صرف انسانوں بلکہ تمام ارضی مخلوقات کے لیے باعثِ راحت و برکت ہے۔ یوں سمجھیے کہ بارش میں ایک ایسی جاذبیت اور کشش مضمر ہے، جو دل کی گھٹن اور ذہنی کشمکش کا مداوا بن جاتی ہے۔ یہی وہ نعمتِ ربانی ہے، جس سے فیضیاب ہو کر پتھر دل انسان بھی موم کی طرح نرم پڑ جاتا ہے، اور وہ شخص جو غم و اندوہ میں ڈوبا ہوا ہو، جس پر جیسے غموں کا پہاڑ ٹوٹا ہو، اور جو دنیا کے پیچیدہ مسائل میں الجھ کر ذہنی دباؤ کا شکار ہو، وہ بھی اس موسمِ دلنواز میں ایک خاص فرحت و انبساط محسوس کرتا ہے، جو اس کے دل و دماغ کو تازگی عطا کرتا ہے، اور اسے لمحاتی سہی، مگر اطمینانِ قلب نصیب ہوتا ہے۔
یہ بات روزمرہ کے مشاہدات میں شامل ہے کہ جب کوئی شخص ذہنی دباؤ اور الجھنوں کا شکار ہوتا ہے تو زندگی اس کے لیے ایک بوجھ بن جاتی ہے۔ اگر بروقت اس کا مداوا نہ کیا جائے تو یہ اضطراب رفتہ رفتہ جسمانی و ذہنی صحت کو کھوکھلا کر دیتا ہے۔ ایسے میں بارش، ٹھنڈی ہوائیں، سبزہ زار، اور بادلوں کی گرج کسی نعمتِ غیر مترقبہ سے کم نہیں۔ یہ مناظر انسان کو اس کی ابتدائی اور فطری کیفیت کی جانب لوٹا دیتے ہیں، وہ کیفیت جہاں دل معصوم، ذہن آزاد اور روح سبک ہوتی ہے۔
اسی لیے جب برسات کا موسم ہو، نرم و نازک بوندیں زمین کو چوم رہی ہوں، ہواؤں میں خنکی اور سبزہ زاروں میں بہار ہو، اور ساتھ میں دوستوں کی خوشگوار ہم نشینی اور سیر و تفریح کا موقع بھی میسر آ جائے، تو دل بے اختیار ماضی کے اُس سنہری دور میں لوٹ جاتا ہے، جہاں بچپن کی شوخیاں، لڑکپن کی مستیاں، اور ہر فکر سے آزاد لمحے ہماری یادوں کا سرمایہ تھے۔
بچپن درحقیقت انسانی زندگی کا وہ روشن باب ہے جہاں فکرِ معاش، زمانے کی چالاکیاں، اور دنیا کی کشمکش کا کوئی دخل نہیں ہوتا۔ وہاں صرف خوشی، معصومیت اور بے فکری کی باد صبا چلتی ہے۔ بارش کا موسم بھی انسان کو چند لمحوں کے لیے اُسی بچپن کی سادگی اور فرحت کا ذائقہ دے دیتا ہے۔
ظاہراً ہر انسان آزاد نظر آتا ہے، مگر حقیقت یہ ہے کہ وہ فکرِ معاش، دنیا کے مطالبات، اور ذمہ داریوں کی زنجیروں میں جکڑا ہوا ہوتا ہے۔ ایسے میں اگر برسات کا دلکش موسم، ہریالی کی چادر اوڑھے زمین، سورج کی زرد و مرجھائی شعاعیں، اور بارش کے موتی جیسے قطرے انسان کے غموں کو بہا لے جائیں، تو گویا یہ منظر جنت کے لطفِ اصغر کی ایک جھلک بن جاتا ہے۔
واقعی زمین کی رونق ہریالی میں ہے، اور ہریالی بارانِ رحمت کی محتاج ہے۔ اسی بارش کے دم سے سیر و تفریح کی لذت مکمل ہوتی ہے، کیونکہ سیر و سیاحت انسانی زندگی کا ایک لازمی جز ہے۔ اسی لیے ایک شاعر نے کیا خوب کہا ہے:
سیر کر دنیا کی غافل، زندگانی پھر کہاں
زندگی گر کچھ رہی تو نوجوانی پھر کہاں
الغرض، بارش صرف آبی قطرات کی صورت میں زمین پر برسنے والا پانی نہیں بلکہ یہ فطرت کا نغمہ، قدرت کا پیغام، اور رحمتِ الٰہی کی رواں دواں تفسیر ہے۔ یہ دلوں کی بنجر زمین کو نرمی، آنکھوں کو طراوت، اور روح کو تازگی عطا کرنے والا ایسا آسمانی فیضان ہے جس کا ظہور محض موسمی تغیر نہیں بلکہ قلبی و ذہنی تطہیر کا موجب بھی ہوتا ہے۔
بارش کے موسم میں جو سرور، جو وجد، جو کیفیتِ فرحت اور لذتِ سیر محسوس ہوتی ہے، وہ صرف حواسِ خمسہ کی تسکین ہی نہیں بلکہ باطن کی تطہیر، اور حیاتِ انسانی کے اضطراب میں ایک گوناں گوں ٹھہراؤ کی علامت بھی ہے۔
ایسے میں اگر دل اس جادو اثر موسم سے حظ اٹھانے، لمحاتی ہی سہی، لیکن حقیقی آسودگی حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے، تو گویا انسان نے دنیا کی ہنگامہ خیزی میں سکون کا جزیرہ پا لیا۔ یہی بارش کا اصل پیغام ہے کہ لمحوں کی بارش، سالوں کی بے قراری کو دھو سکتی ہے۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے