कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

المعھد الاسلامی العربی: ایک نادر علمی و ادبی تجربہ

از فضیل اختر قاسمی بھیرہ ضلع مئو یوپی انڈیا
شریک: المعھد الاسلامی العربی لعموم الھند

الحمد للہ وحدہ، والصلاۃ والسلام علی من لا نبی بعدہ، اما بعد!
صناع لا ثانی و منعم حقیقی کا بے پایاں فضل و احسان ہے کہ اس نے مجھے المعھد الاسلامی العربی لعموم الھند و نیبال میں شمولیت کا شرف بخشا، جہاں علم و ادب کی کہکشاں جگمگاتی ہے اور عربی زبان کی ترویج و اشاعت کا بے مثال اہتمام کیا جاتا ہے۔ میں نے اس معھد کی علمی عظمت، رجال سازی اور عربی زبان میں مہارت کے چرچے سن رکھے تھے، لیکن گزشتہ سال تاخیر ہونے کی وجہ سے شرکت کی سعادت حاصل نہ کرسکا۔ یہی وجہ تھی کہ جب سالِ رواں اس کا اعلان ہوا تو میں شدت سے اس کے امتحان اور داخلے کا منتظر تھا، اور جب داخلے کا موقع ملا تو اشتیاقِ قلب نے میرے قدم خودبخود اس طرف بڑھا دیے اور بحمدللہ بذریعہ امتحان داخلہ ممکن ہوا۔
المعھد الاسلامی العربی میں داخلہ اور پہلا تأثر:
راقم السطور 18 فروری کو دیوبند کے جیسی مقدس و متبرک سرزمین کو الوداع کہتے ہوئے دوسری علمی و روحانی فضا میں پرواز کرنے کے لیے جامعۃ الھدایہ جے پور راجستھان کا سفر کیا جو خالص عربی زبان ادب کے لیے مخصوص تھی جب میں جامعہ کی علمی فضا میں داخل ہوا تو میں نے ایک ایسی علمی روحانیت کا احساس کیا جو میرے تصور سے بھی کہیں زیادہ بلند اور مثالی تھی۔ یہاں داخل ہوتے ہی محسوس ہوا کہ واقعی میں ایک علمی و ادبی بزم میں آگیا ہوں، جہاں وقت کا ضیاع ناممکن ہے اور ہر لحظہ ایک قیمتی گوہر کے مانند ہے۔ طلبہ کے لیے مخصوص ضوابط و اصول بنائے گئے ہیں جن کی پاسداری ہر حال میں لازم ہے۔ سب سے منفرد اور حیرت انگیز چیز یہ ہے کہ یہاں صبح بیدار ہونے سے لے کر رات سونے تک مکمل طور پر عربی زبان کا استعمال کیا جاتا ہے۔ اگر کوئی طالب علم کسی بھی لمحے اردو یا کوئی اور زبان بولتا ہوا کسی استاد کی نگاہ میں آجائے تو فورا اس پر جرمانہ عائد کیا جاتا، جو درحقیقت ایک تعلیمی تادیب اور تنبیہ کا نظام ہے۔
المعھد الاسلامی کی روحانی فضا میں عربی زبان کا مکمل غلبہ:
المعھد الاسلامی العربی میں مکمل عربی ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے طلبہ کو تین گروپوں میں تقسیم کیا گیا، تاکہ ہر طالب علم کی زبان دانی کے اعتبار سے اس کی تربیت ہوسکے۔ ہر مرحلے کے لیے نہایت ماہر اور جید اساتذہ مقرر کیے گئے، جو طلبہ کی استعداد کے مطابق انہیں عربی سکھانے میں مشغول رہتے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہاں کے اساتذہ ملک کے ممتاز و نامور مدارس میں تدریسی خدمات انجام دے رہے ہیں، اور ان میں سے اکثر اسی المعھد الاسلامی العربی کے فیض یافتہ ہیں، جو اس بات کی واضح دلیل ہے کہ المعھد الاسلامی العربی کی علمی نہریں تشنگانِ علوم کے لیے ایک مستقل منبع ہیں۔
روحانی و علمی ماحول:
یہاں کا نظام انتہائی منظم اور ترتیب یافتہ ہے۔ فجر کی نماز کے فوراً بعد طلبہ ذکر و اذکار کرتے ہیں، جس سے قلوب کو روحانی غذا میسر آتی ہے۔ اس کے بعد عربی زبان میں مکالمہ اور مباحثے کا سلسلہ شروع ہوتا ہے، جہاں طلبہ آپس میں عربی زبان میں تبادلہ خیال کرتے ہیں، اور پھر استاذ کے سامنے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
یہاں کے اس علمی ماحول میں ایک خاص روحانی کیفیت ہے، جہاں دن بھر عربی زبان کا ہی غلبہ رہتا ہے۔ اگر کوئی غیر متعلقہ شخص اس اثنا میں یہاں کا مشاہدہ کرے تو وہ یہی گمان کرے گا کہ وہ کسی عرب ملک کی کسی علمی درسگاہ میں کھڑا ہے۔ پورا دن عربی زبان کے لیے مخصوص ہوتا ہے، ہر گفتگو، ہر درس، ہر مکالمہ عربی میں ہوتا ہے۔
گزشتہ کل جب بندہ مطبخ میں کھانے کے لیے گیا تو مطبخ کا کارکن بھی بحمداللہ اسی ماحول میں ڈھل گیا ہے اور وہ بھی چائے کے بجائے الشائ کہنا شروع کردیا اور خود اس نے کہا کہ بھائی میں بھی عربی سیکھ رہا ہوں، ان شاءاللہ بہت جلد مطبخ کی ساری چیزوں کے نام عربی میں یاد کرلونگا۔ اس کے علاوہ بھی کئی ناحیہ سے اس کی خدمات نمایاں ہیں۔
مسابقات اور تحریری و تقریری مشقیں:
طلبہ میں علمی مسابقت پیدا کرنے کے لیے مختلف اوقات میں عربی زبان میں تحریری و تقریری مسابقے منعقد کیے جاتے ہیں، تاکہ ان کی علمی صلاحیتوں کو نکھارا جاسکے اور ان میں آگے بڑھنے کا جذبہ بیدار ہو۔ ان مسابقات میں طلبہ اپنی علمی قابلیت کا لوہا منواتے ہیں اور ان کے اندر عربی زبان میں مہارت حاصل کرنے کی لگن مزید بڑھ جاتی ہے۔
راقم السطور کا حاصلِ تجربہ:
راقم السطور کے لیے معھد کا یہ تجربہ ناقابل فراموش رہا۔ میں نے یہاں اب تک جو کچھ سیکھا، وہ الفاظ میں بیان کرنا شاید ممکن نہ ہو، لیکن اتنا ضرور کہہ سکتا ہوں کہ یہ المعھد الاسلامی العربی لعموم الھند و نیبال ایک علمی تحریک، ایک لسانی انقلاب اور عربی زبان کے احیا کی ایک زندہ علامت ہے۔ جہاں کے اساتذہ بے لوث، طلبہ پرعزم، اور تعلیمی نظام مثالی ہے۔
یہ المعھد الاسلامی العربی محض ایک تعلیمی ادارہ نہیں بلکہ ایک ایسا تربیتی مرکز ہے جہاں عربی زبان کو زندگی کا لازمی جز بنا دیا جاتا ہے۔ طلبہ کو صرف زبان نہیں سکھائی جاتی، بلکہ ان میں عربی زبان سے محبت اور اس پر عبور حاصل کرنے کا جذبہ بھی پیدا کیا جاتا ہے۔
میں اپنی اس قلیل مدت کی تعلیمی زندگی میں کسی بھی جگہ ایسا مثالی ماحول نہیں دیکھ سکا، اور خود عربی زبان و ادب کے ماہر اساتذہ سے بھی سنا کہ اس جیسا ماحول جہاں عربی زبان کے تئیں اس قدر سنجیدگی، محنت اور لگن کے ساتھ کام کیا جا رہا ہو۔ حقیقت یہ ہے کہ المعھد الاسلامی العربی ہندوستان کی سرزمین پر عربی زبان و ادب کی ایک درخشاں روشنی ہے، جس کی کرنیں دور دور تک پھیل رہی ہیں اور ان شاء اللہ یہ روشنی تاقیامت چمکتی رہے گی۔
یہ سب کچھ درحقیقت ادیب زماں استاذِ معظم حضرت مولانا محمد حماد کریمی ندوی صاحب مدّ ظلّہ العالی اور ان کے مشق و مکرم والد ماجد، ماہرِ لسان حضرت مولانا شرف عالم صاحب قاسمی ادام اللہ ظلالہ علینا کے اخلاص و للہیت، سعی مشکور و جُہد مشکور، اور عزیمتِ راسخہ و ہمتِ عالیہ کا ثمرہ ہے۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے