कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

قدیر شولاپوری کا رنگِ سخن

تحریر: پروفیسر مقبول احمد مقبول
چٹگوپہ، ضلع بیدر (کرناٹک)
9028598414

مہاراشٹر کے شہر شولاپور کے شعری منظرنامے میں اردو شعر و سخن کے حوالے سے جو چند نام نمایاں نظر آتے ہیں ان میں ایک نام قدیر شولاپوری کا بھی ہے۔ قدیر شولاپوری اپنے وقت کے معروف استاد شاعر گزرے ہیں۔ انھوں نے غزلیں بھی کہی ہیں، نظمیں بھی لکھی ہیں، قطعات نگاری میں بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے ہیں۔ اس کے علاوہ بچوں کے لیے بھی نظمیں تخلیق کی ہیں۔ گیت نگاری سے بھی انھیں شغف رہا ہے۔ تقدیسی شاعری کی بات کی جائے تو انھوں نے حمد اور نعت گوئی میں بھی اپنے نقوش چھوڑے ہیں۔ قدیر شولاپوری کا ایک مجموعۂ کلام "بوئے پیراہن” کے نام سے 1991ء میں منظرِ عام پر آ کر ناقدینِ ادب سے داد و تحسین حاصل کر چکا ہے۔ اس مجموعے میں غزلیں، نظمیں اور قطعات شامل ہیں۔
یہ مجموعہ مختصر ضرور ہے لیکن اس میں موجود کلام دامنِ دل کھینچتا ہے۔ جیسا کہ اوپر مذکور ہوا کہ قدیر شولاپوری نے مختلف اصناف میں اپنی شعری صلاحیتوں کے جوہر دکھائے ہیں لیکن ان کے اصلی جوہر غزل نگاری میں کھلتے نظر آتے ہیں۔ ان کی غزل میں کہیں کلاسیکی رنگ ہے تو کہیں ترقی پسندی کی چھاپ دکھائی دیتی ہے۔ ان کا کلام عشقِ حقیقی کے رنگ سے بھی مزین ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کہیں کہیں عشقِ مجازی بھی اپنا جلوہ دکھاتا ہے۔
قدیر شولاپوری کے غزلیہ اشعار اس بات کی شہادت دیتے ہیں کہ انھیں اپنی بات اپنے ڈھنگ سے کہنے کا ہنر آتا تھا۔ کسی نے کہا ہے کہ انسان کا بہترین مطالعہ انسان ہے۔ ہر زمانے کے دانشور، شاعر و ادیب اور فلسفی انسان کی حقیقت کو سمجھنے اور سمجھانے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔ انسان کی حقیقت کے بارے میں جگر مرادآبادی نے کہا تھا:
گھٹے اگر تو بس اک مشتِ خاک ہے انساں
بڑھے تو وسعتِ کونین میں سما نہ سکے

قدیر شولاپوری کہتے ہیں:
اگر دیکھو تو ذرہ ہے اگر سمجھو تو صحرا ہے
بشر خاکی سہی پرواز میں یہ لا مکانی ہے

قدیر شولاپوری نے حکمت اور مصلحت سے کام لینے اور حالات کو سمجھ کر قدم اٹھانے کا پیغام دیا ہے۔ مثلاً:
ہمیشہ جیت ہی پر منحصر کب کامرانی ہے
کہیں پسپا بھی ہونا ہوش مندی کی نشانی ہے

درجِ ذیل شعر دیکھیں جس میں قدیر نے یہ پیغام دیا ہے کہ کامیابی ان کا مقدر ہوتی ہے جو وقت کی رفتار اور حالات کے تقاضوں کے پیشِ نظر اپنے اندر تبدیلی پیدا کر لیتے ہیں۔ شعر کا استعاراتی رنگ اسے ہمہ گیر بنا دیتا ہے۔
نظامِ مے کدہ بدلا ہے تم بھی مے خوارو
اب اپنے طور بدل ڈالو جام اٹھانے کے

قدیر شولاپوری لوگوں کے آپس میں ملنے ملانے کے عمل کو بھی بامقصد بنانے کی ترغیب دیتے ہیں۔ ظاہر ہے کہ ہر عمل میں خیر کا پہلو پیدا کر لیا جائے تو ہر طرف خیر ہی خیر ہوگا۔ جب چہار جانب خیر و فلاح کی فضا ہوگی تو دنیا امن و سکون کا گہوارہ بنے گی۔ تاریکیاں ختم ہوں گی اور ہر طرف اجالا ہی اجالا ہوگا۔ اس بات کو قدیر نے بڑے سادہ الفاظ میں بیان کیا ہے۔ کہتے ہیں:
ملنا برا نہیں ہے کسی سے، مگر قدیر!
ایسے ملو کہ جیسے دیے سے دیا ملے

قدیر شولاپوری کی شاعری کا جو پہلو زیادہ متاثر کرتا ہے وہ عزم و حوصلہ اور جواں مردی کا پہلو ہے۔ ان کے یہاں ایسے کئی شعر ہیں جن سے ان کی حوصلہ مندی کا اظہار ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر چند شعر ملاحظہ کریں:

جہاں میں عام کر دوں گا میں آئینِ جواں مردی
سپردِ خاک تہذیبِ غزالاں کر کے چھوڑوں گا

چراغِ قصرِ استبداد سے ضو چھین کر ہم دم
میں اس تاریک بستی میں چراغاں کر کے چھوڑوں گا

تو چمکتے جگنو کی روشنی میں لپکتے شعلے کی تازگی
ترے ٹمٹماتے چراغ کا مری انجمن میں گزر نہیں

سلامت ہے اگر سینوں میں ذوقِ ناوک اندوزی
ہما کا ذکر کیا ہو جائے گا عنقا شکار اپنا

سو بار بھنور میں گھِر آیا، سو بار بلا سے ٹکرایا
اک سیلِ رواں ہوں سیلِ رواں ٹھہراؤ مرا دستور نہیں

قدیر شولاپوری کی زنبیلِ سخن میں تغزل سے معمور اشعار بھی جا بہ جا نظر آتے ہیں۔ نمونے کے طور پر درجِ ذیل شعر ملاحظہ کریں:

تری یاد راحتِ جسم و جاں، ترا نام دل کا قرار ہے
انہی دو شراب کے گھونٹ سے مری زندگی میں خمار ہے

مری عاشقی کا جدا ہے رنگ، تری دلبری کے اور ڈھنگ
مجھے دو جہاں سے عزیز تو، تجھے دو جہان سے پیار ہے

نگاہیں اٹھ نہیں سکتیں حیا سے
مگر خنجر اٹھایا جا رہا ہے

تیسرا شعر تو داغ دہلوی اور امیر مینائی کے رنگ کا بہترین شعر ہے۔

قدیر شولاپوری خوب جانتے ہیں کہ صرف قافیہ پیمائی کا نام شعر نہیں ہے بلکہ شعر چیزے دیگر است۔ اس بات کو وہ خود بھی اپنی گرہ میں باندھ رکھتے ہیں اور اس کا اظہار کچھ اس انداز کرتے ہیں کہ ایک طرف خطاب خود سے بھی ہو اور لگے ہاتھ روئے سخن کسی اور کی طرف بھی معلوم ہو۔ ملاحظہ کریں:
خونِ دل بھی بھر لینا فکرِ شعر میں ورنہ
شعر کب سنورتے ہیں قافیے ملانے سے

کس نے کہہ دیا تم سے فنِ شعر آساں ہے
شعر شعر کیا ہوں گے قافیے ملانے سے

یقیناً شاعری کا فن اتنا آسان نہیں جتنا سمجھ لیا گیا ہے۔ امیر مینائی نے فنِ شاعری کی مشکلات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے بڑا لاجواب شعر کہا ہے:
خشک سیروں تنِ شاعر کا لہو ہوتا ہے
تب نظر آتی ہے اک مصرعِ تر کی صورت

امیر مینائی کے اس شعر سے معلوم ہوتا ہے کہ جسے شاعری کہتے ہیں وہ بڑا مشکل فن ہے۔ غزل کے شعر کہنا تو اور بھی مشکل ہے۔ ایک شعر میں معنی کا جہاں آباد کرنا ہوتا ہے۔ اس پر شعری نزاکتوں کا لحاظ رکھنا مستزاد ہے۔ غزل کے شعر کہنے کے بارے میں حیدرآباد کے شاعر روحی قادری نے کیا بلیغ شعر کہا ہے، ملاحظہ فرمائیں:
شعرِ غزل کے کہنا کوئی کھیل نہیں ہے بچوں کا
سیدھی سیدھی بات تو یہ ہے ٹیڑھی ہے یہ کھیر میاں

"فکرِ ہر کس بقدرِ ہمت اوست” کے مطابق ہر شاعر کوشش تو یہی کرتا ہے کہ بہتر سے بہتر کلام کہے، لیکن کامیابی کسی کسی شاعر ہی کو ملتی ہے۔ کسی کے کلام میں اگر چند شعر بھی ایسے مل جائیں جن کی بنیاد پر وہ اپنے علاقے میں بھی زندہ اور یادگار رہے تو بھی غنیمت ہے۔ اس کسوٹی پر جب ہم قدیر شولاپوری کی شاعری کو پرکھتے ہیں تو بلا مبالغہ یہ کہا جا سکتا ہے کہ ان کی زنبیلِ سخن میں ایسے کئی اشعار مل جاتے ہیں۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے