कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

بھوکر شہر میں جلسۂ عظمت قرآن و تقسیم انعامات کا کامیاب انعقاد

موجودہ نسل اسلام کے احیاء اور ملت کی آبیاری میں کلیدی کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے: امیر خادمین امت

بھوکر (ناندیڑ):26؍اگست ( راست) خادمین امت کے قرآن فہمی پروگرام-۱۷ ، اور رمضان سرگرمی کے تحت بھوکر کے طلباء و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی،جس کے لئے اولیائے طلباء اور ان کے اساتذہ قابل ستائش ہیں۔ 95 شرکاء نے قرآن مع ترجمہ مکمل پڑھا اور 150 شرکاء کے رمضان کارڈ کی نمبرس میں 23 شرکاء نے 2100 (%100) نمبرات حاصل کئے۔ ان شرکاء میں انعامات واسناد کی تقسیم کے لئے جلسۂ عظمت قرآن، امیر خادمین امت کی صدارت میں شاندار کامیابی سے اختتام پزیر ہوا۔خادمین امت کے معتمد عمومی برادر محمد اسماعیل، رکن شوری نور پاشاہ اور شیخ عمران کے علاوہ سماجی کارکن جناب محمد ذاکر انعامدار صاحب نے سہ نشین کو رونق بخشی۔ دختران امت کی تعلقہ صدر محترمہ عرشیہ باجی صاحبہ بھی موجود رہیں۔ ارکان دختران امت بھوکر تمنا تحرین محمد جاوید، رومانہ مسکان شیخ نجیب، مہرالنساء شیخ اور امرین ناز عبدالحمید نے اجلاس کے انعقاد میں سرگرم رول ادا کیا۔ بعد از تلاوت قرآن و نعت پاک افتتاحی کلمات ادا کرتے ہوئے تمنا تحرین محمد جاوید نے قرآن کی فضیلت اور ہماری ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ صرف ایک مرتبہ قرآن مع ترجمہ پڑھنا کافی نہیں ہے بلکہ ایک معمول بناتے ہوئے مسلسل قرآن سے جڑے رہنا لازمی ہے تاکہ نہ صرف ایمان تروتازہ رہے بلکہ فتنوں کے اس دور میں ارتداد اور مشرکانہ رسوم اور باطل ادیان سے ہم خود کو بچا سکیں۔ برادر محمد اسماعیل نے اپنے خطاب میں قرآن کو سمجھنے سمجھانے کی ضرورت و اہمیت کو بیان کیا اور شرکاء قرآن فہمی پروگرام سے اپیل کی کہ قرآن کی الفت کو دل میں بسالیں،علماء عظام کی کڑی محنتوں اور مشقتوں سے تیار تفاسیر کا مطالعہ کریں، دین سے محبت کو لازم کرلیں۔ امیر خادمین امت جناب عابد خان حمید خان نے اپنے صدارتی خطاب میں خود ان کے اپنے اسٹوڈنٹس جن سے ھال بھرا ہوا تھا کو بہت ساری ذمہ داریوں کا اعادہ کرتے ہوئے تمام مومنین پر قرآن کے جو حقوق ہیں ان کی ادائیگی کی اہمیت و فریضہ کو بالتفصیل بیان کیا۔ قرآن جس کے متعلق رسول اللہ ﷺ ،اللہ سے مسلمانوں کی شکایت کریں گے کہ ان لوگوں نے قرآن کو چھوڑ رکھا تھا۔وہیں داروغہ جہنم ملک، جب نبی ﷺ سے کہیں گے کہ اب کوئی مسلمان جہنم میں نہیں بچا سوائے ان کے جن کو قرآن نے روک لیا۔فرشتے حوض کوثر سے بھی ان لوگوں کو ہٹادیں گے جن کو قرآن نے روک لیا۔ اس طرح قرآن کے حقوق کی ادائیگی کتنی لازم ہے یہ بات عیاں ہوتی ہے۔ امیر خادمین امت نے موجودہ حالات اور مسلمانوں کی دینی بیزاری نیز خود ساختہ قائدین ملت کی بے بسی و بے حسی سے ملت کو درکار خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے وہ تمام افراد جو اللہ کے دین ، اللہ کی کتاب اور نبی رحمت ﷺ کی سنتوں سے ہٹ کر جس کسی قسم کا حکم دیں، یا کوئی اور راستہ بتائیں تو ان کی پیروی یا اتباع نہ کریں ،چاہے وہ افراد والدین کی شکل میں ہوں، اساتذہ کی صورت میں ہوں، جماعتوں، تنظیموں کی شکل میں ہو یا پھر علماء و اکابرین کی شکل میں ہوں۔ہمیشہ قرآن و سنت کو ہی مقدم رکھیں اور علمائے حق سے رجوع ہوں۔نبوی پیشن گوئیوں اور بشارتوں کی روشنی میں فی زمانہ جو حالات رونما ہورہے ہیں وہ آنے والے فتنوں کے سیلاب، اسلامی دور خلافت اور مومنین کی فتح و کامرانی کو بیاں کرتے ہیں۔ان حالات میں ہر طرح کے فتنوں سے بچنے کا داعیہ،تمام قسم کے خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت پیدا کرنا اور دین حق کے لئے فتح یا شہادت کے جذبے کو پروان چڑھانا ضروری ہے۔ آج جو نسل موجود ہے 10 سے 20 سال کے جو نوجوان ہیں ان میں اکثریت میں ایسی اوصاف موجود ہیں جو ان حالات کا سامنا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔اب والدین اور اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان کو بس اسلام کے سپاہی کی حیثیت سے تراشیں۔بعد از صدارتی خطاب انعامات و اسناد کی تقسیم عمل میں آئی اور اس طرح ایک کامیاب دعوتی پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔دعوت جو موجودہ نسل کو مستقبل میں اپنی دینی و ملی ذمہ داریوں کو ادا کرنے کی۔

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے