कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

مسلمانوں کے مستقبل کی فکر ضروری

تحریر:عارف عزیز (بھوپال)

اخلاقیات سے عاری مادہ پرست نسل کی افزائش مسلمانوں کا مقصد کبھی نہیں ہوسکتا، سرسید کے ایک ہاتھ میں قرآن اور دوسرے ہاتھ میں سائنس کا فلسفہ آج بھی اتنی ہی اہمیت کا حامل ہے، جتنا قیام علی گڑھ کے وقت تھا، ملک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کو اگر ایسی نسل کی فراہمی نہ ہوسکی، جن کی ذہنی نشو و نما اور ابتدائی تعلیم ہماری تہذیبی اور ثقافتی فضا میں ہوئی ہو تو من حیث القوم مسلمانوں کے لئے اپنا نظریاتی وجود برقرار رکھنا مشکل ہوجائے گا۔ کیونکہ ایسے ماحول میں جو نسل پروان چڑھے گی وہ اپنے لئے شاید روزگار کے بہترین مواقع تلاش کرلے لیکن ملت کی اجتماعی بہتری کے لئے اس میں سے ہمارے لئے خیر کا کوئی سامان پیدا ہوجائے اس کے امکانات بہت کم ہیں۔
تعلیم کے میدان میں جو مسلم تنظیمیں اس وقت کام کر رہی ہیں، انہیں چاہیے کہ تعلیم کے ماہرین کی مدد سے ایک ایسے نصاب تعلیم کی تکمیل کریں جو مروجہ نصاب میں معمولی اضافہ سے اس کی افادیت کو ہمارے تہذیب و تمدن سے ہم آہنگ کر دے جو عصری تقاضوں کو اپنی پوری شدت سے پورا کرنے کے ساتھ ساتھ ہماری زبان اور تہذیب کی بقا کی ضمانت بن جائے۔
یاد رکھیے! ہندوستان ایک زبردست معاشی اور سماجی انقلاب کی زد میں ہے، ایسے میں اگر بروقت ہم نے ہوش کے ناخن نہ لئے اور معاشی ناہمواریوں کو ختم کرکے اپنے بچوں کو تعلیم کے مواقع فراہم نہ کئے تو آنے والے وقتوں میں ملک و قوم کا سرمایہ ہونے کے بجائے یہ ملکی معیشت پر بوجھ بنتے جائیں گے اور ۲۱ویں صدی کا مادہ پرست آج کا معاشرہ ہمارا بوجھ ڈھونے کا متحمل نہیں ہوسکے گا۔
آج سے ۳۳ سال بعد جب ہندوستان کی آزادی کی صد سالہ تقریب منائی جارہی ہوگی، ہم میں سے بہت سے لوگ اس دنیا میں موجود نہیں ہوں گے اور ایک نئی پیڑھی ہماری جگہ لے لے گی۔ اُس وقت ملک کی حقیقی تصویر کیا ہوگی یہ یقین کے ساتھ نہیں کہا جاسکتا، اتنی امید ضرور ہے کہ ہندوستان اقوام عالم کی صفوں میں ایک باعزت مقام حاصل کر لے گا اور اس کا شمار دنیا کے ترقی یافتہ ملکوں میں ہورہا ہوگا۔ لیکن تشویشناک پہلو یہ ہے کہ اگر مسلمانوں نے فوری طور پر اپنے حالات کی درستگی کے لئے ٹھوس قدم نہ اٹھائے تو ہماری نئی نسل شدید احساس کمتری اور ندامت کا شکار ہوگی۔ مسلمان دنیا کے لئے نشان عبرت ہوں گے۔ جدید ہندوستان کی تاریخ اُن کی حالت زار پر ماتم کر رہی ہوگی۔
اگر ہم میں سے کچھ سادہ لوح لوگ سچر کمیٹی اور شری رنگاناتھن مشرا کمیشن کی سفارشات پر عمل درآمد کے انتظار میں ہیں تو ان کو سمجھ لینا چاہئے کہ اِس سراب سے اپنا پیچھا چھڑائیے، کمیشنوں اور کمیٹیوں کی سفارشات زندہ قوموں کی تقدیریں نہیں بدلتیں، یہ سب تو حکمرانوں کی ساحری ہے جو خواب غفلت سے بیدار ہوتی ہوئی قوموں کو دوبارہ سے غفلت میں لے جانے کے لئے ہوتی ہیں۔ آزادی کی ۷۳ سالہ تاریخ میں سبق لینے والوں کے لئے بہت کچھ ہے۔

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے