कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

وہ ہند میں سرمایۂ ملت کے نگہبان تھے

ڈاکٹر منظور عالم کے انتقال پر جامعۃ البنات سعید آباد کا تعزیتی پیام

حیدرآباد۔16/جنوری(راست)ڈاکٹر محمد منظور عالم بانی آئی او ایس و جنرل سکریٹری آل انڈیا ملی کونسل کے انتقال پر مولانا مفتی عبدالفتاح عادل سبیلی استاد جامعۃ البنات سعید آباد نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر منظور عالم ایک فرد کا نام نہیں ایک شخصیت کا نام نہیں بلکہ وہ اپنی جگہ ایک انجمن تھے۔ وہ ہند میں سرمایہ ملت کے نگہبان تھے۔ انہوں نے متعدد اداروں تنظیموں اور انجمنوں کی تعمیر و تشکیل کی تھی۔وہ صرف اپنے لیے نہیں بلکہ اپنی سوسائٹی سماج اور پورے ملک کے لیے سوچتے تھے۔ پسماندہ طبقات کو اوپر اٹھانے کے لیے ہر دم کوشش کیا کرتے تھے۔ ان کی شخصیت تھنک ٹینک کی طرح تھی ان کی پوری زندگی قوم و ملت کو فائدہ پہنچانے سے ہی عبارت ہے۔ وہ انسٹیٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز دہلی کے بانی آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری اور متعدد اداروں کے سرپرست و نظریہ ساز تھے۔ جامعۃ البنات سعید آباد اور ڈاکٹر سید معراج الدین صاحب سکریٹری جامعہ سے والہانہ تعلق رکھتے تھے اور مختلف موقعوں پر اپنے مشوروں اور سفارشات سے نوازتے رہتے تھے۔ وہ کئی بار جامعہ حاضر ہوئے۔ بر صغیر کے نامور عالم دین قاضی القضاۃ حضرت مولانا قاضی مجاہد الاسلام قاسمی سابق صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی جامعۃ البنات تشریف آوری کا ذریعہ ڈاکٹر منظور عالم صاحب ہی بنے۔ قاضی صاحب نے جامعہ کی خدمات کو سراہا اور مفید مشوروں سے نوازا۔ ڈاکٹر عالم نے مختلف انداز میں جامعہ کا تعاون فرمایا۔حقیقت بھی یہی ہے کہ اللہ تعالی نے ڈاکٹر صاحب کو گوناگوں صلاحیتوں سے نوازا تھا مولانا نے اسمبلی میں طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر منظور عالم نے ایک دور اندیش عالمی مفکر و مربی کی حیثیت سے زندگی گزاری سماج کے پسماندہ طبقات کو با اختیار بنانے کے لیے نہایت نمایاں رول ادا کیا ان کی وفات کا غم اندرون و بیرون ملک دنیا بھر کے تعلیمی سماجی علمی و تحقیقی حلقوں میں برسوں تک محسوس کیا جائے گا۔ انہوں نے نہ صرف ہندوستان بلکہ ہندوستان سے باہر دیگر متعدد ممالک کے اندر ایک فعال کردار ادا کرتے ہوئے عالمی مشیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ مختلف میدانوں میں ہزاروں نہیں لاکھوں لوگوں نے آپ سے فیض حاصل کیا۔ذاتی اعتبار سے بھی وہ غیر معمولی قیادت اور تنظیمی صلاحیتوں کے حامل تھے ملت کے حقیقی اور بے لوث ہمدرد تھے۔ کتابوں سے تو غیر معمولی شغف رکھا کرتے تھے جو بھی ان کے پاس ملنے جاتا تحفے کے طور پر وہ کتابوں کا ایک اچھا خاصا ذخیرہ عنایت فرماتے تھے۔ مولانا نے کہا کہ 2010 میں جب میں نے ان کے ادارے انسٹیٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز میں ملاقات کی تو بڑے پرتپاک انداز میں پیش آئے اور واپسی کے وقت اہم کتابوں پر مشتمل ایک بڑا کارٹون عنایت فرمایا جن میں مرویات امام ابن احمد بن حنبل رحمۃ اللہ علیہ بھی شامل ہے۔ اہل علم سے بڑا خاص لگاؤ رکھتے تھے بڑی محبت سے پیش آتے تھے منکسر المزاج اور سیدھی سادی زندگی گزارنے کے عادی تھے۔نرم لہجہ شیریں گفتگو اور دوسروں کو آگے بڑھانے کا جذبہ بدرجہ اتم موجود تھا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری کی حیثیت سے انہوں نے ملک اور قوم کے لیے گراں قدر اور ناقابل فراموش خدمات انجام دیے۔ اللہ تعالی ڈاکٹر صاحب کی مغفرت فرمائے جنت میں ان کے درجات کو بلند کرے جنت الفردوس میں اعلی سے اعلی مقام عطا فرمائے ان کے تمام پسماندگان کو صبر جمیل کی توفیق بخشے اور پروردگار عالم ان کا نعم البدل عطا فرمائے آمین

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے