कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

ماں محبت، قربانی اور زندگی کا سرمایہ

تحریر: ابو خالد بن ناظر الدین قاسمی

ماں! کتنا پیارا لفظ ہے۔اس میں کتنی لطافت اور شگفتگی پوشیدہ ہے، یہ لفظ دلوں میں نئی روشنی جگا دیتا ہے، کانوں میں رس گھول دیتا ہے، خیالات کو آئینہ بنا دیتا ہے۔ ماں کے لفظ میں اپنائیت کی ایک دنیا سمٹی ہوئی ہے، شفقت و پیار کا دریا بہہ رہا ہے، درد و سوز کا ایک جہاں آباد ہے۔
واقعی، ماں ایک مقدس اور محترم وجود ہے۔ اس کی ممتا میں طہارت اور پاکیزگی ہے۔ اس کی محبت اور چاہت میں کوئی بناوٹ نہیں۔ ماں کی ہر ادا دلوں کو چھو لینے والی ہے۔ اس کا پاکیزہ کلام سراپا دلوں میں ہمیشہ جگہ بنائے رکھتا ہے۔ ماں کا پررونق چہرہ نگاہوں میں بسا رہتا ہے۔ اس کی زبان سے نکلنے والے الفاظ مٹھاس سے بھرے ہوئے، موتیوں کی طرح چمکتے ہیں، دلوں میں اترتے ہیں اور زندگی کو نور سے بھر دیتے ہیں۔
ماں کا نام سن کر خیالات کو تازگی ملتی ہے۔ اس کے وجود سے دلوں کو سہارا ملتا ہے۔ اس کے لمس سے بچے کی ساری تکالیف پل بھر میں کافور ہو جاتی ہیں۔ ماں کی جھیل سی آنکھوں میں خوشی کی لہر دیکھ کر روتا ہوا دل مسکرا اٹھتا ہے۔ اس کے ہونٹوں پر تبسم کے آبشار دکھائی دیں تو غم و اندوہ کا سیلاب تھم جاتا ہے۔ اس کی پیشانی پر روشن نقوش نظر آئیں تو اداس چہرہ کھل اٹھتا ہے۔
ایسا کیوں نہ ہو؟ ماں زخمی دلوں کا مرہم ہے، ماں درد کا درماں ہے، ماں مرض کا علاج ہے، ماں خوشیوں کی سوغات ہے۔
قرآن و حدیث کی روشنی میں والدین کا مقام
قرآن سے پوچھو: والدین کا مقام کیا ہے؟ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ﴿فَلَا تَقُلْ لَهُمَا أُفٍّ وَلَا تَنْهَرْهُمَا وَقُلْ لَهُمَا قَوْلًا كَرِيمًا﴾
یعنی والدین کو "اف” تک نہ کہو، انہیں نہ جھڑکو، ان سے نرم گفتگو کرو، بڑھاپے میں ان کا سہارا بنو۔
ان کی دعائیں بابِ اجابت کو جلد چھو لیتی ہیں۔ ان کی رضا میں اللہ کی رضا ہے، ان کی ناراضی میں اللہ کی ناراضی ہے۔ ماں باپ کے قدموں کا بوسہ تمہاری کامیابی کی ضمانت ہے۔ ان کے دعائیہ کلمات تمہاری عزت اور وقار ہیں۔
نوجوانو! آگے بڑھو، والدین کے قدم چوم لو، انہیں عزت دو، ان کی خدمت کرو، ان کی دعائیں لو۔ پھر دیکھو، تمہاری زندگی میں انقلاب آ جائے گا اور تمہاری روح کو ابدی سکون ملے گا۔
پیار ی بہنو! والدین کے دامن سے لپٹ جاؤ، ان کی بانہوں میں سما جاؤ، ان کے آنچل کو سائبان بنا لو، ان کے قدموں میں جھک جاؤ۔ تمہارا قد بڑا ہوگا، تمہیں زندگی کی ہر خوشی مل جائے گی۔ تم آنکھوں کا تارا بنو گی، سب تمہیں عزت دیں گے۔ شوہر، ساس اور بھائی بھی تمہیں مقام دیں گے۔ تمہاری دنیا و آخرت سنور جائے گی۔ جنت میں تمہیں کنیزِ فاطمہ زہرا رضی اللہ عنہا کے قافلے میں اٹھایا جائے گا۔
جوانو! ماں باپ کی بات مقدم رکھو۔ انہیں تنہائی میں نظر بند نہ کرو، الگ کھانے پینے کا انتظام نہ کرو، اجنبیوں جیسا سلوک نہ کرو۔ یہ سب گناہ ہیں۔ یاد رکھو! کل تمہیں بھی والدین بننا ہے۔
بہنو! نیا گھر بسانے کے بعد والدین کو مت بھولو۔ ان کی خدمت کرتی رہو۔ کبھی شوہر کو اس کے والدین کے خلاف نہ بھڑکاؤ۔ شوہر کے والدین بھی تمہارے والدین ہیں۔ تمہیں بھی ایک دن ماں بننا ہے، عقل سے کام لو۔
ماں باپ بقید حیات ہوں تو ان کے حقوق میں کوتاہی مت کرو۔ وفات کے بعد بھی ان کی یاد اور ایصالِ ثواب جاری رکھو۔ والدین سب سے بڑے محسن ہیں، ان کے احسانات کا بدلہ کوئی نہیں چکا سکتا۔
چلتی پھرتی ہوئی آنکھوں سے اذاں دیکھی ہے
میں نے جنت تو نہیں دیکھی ہے ماں دیکھی ہے

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے