
ناندیڑ :20؍مارچ ( راست)بلال نگر، ناندیڑ کے ساکن محمد اطہر کی لخت جگر امیمہ فاطمہ اور فرزند محمد ارہام نے اپنی زندگی کا پہلا روزہ رکھا۔ ان معصوم بچوں کی اس دینی لگن نے نہ صرف ان کے والدین بلکہ پورے خاندان کو خوشی کا احساس دلایا۔یہ ننھے روزہ دار سحری کے وقت بڑے جوش و خروش کے ساتھ بیدار ہوئے اور اپنے گھر والوں کے ساتھ سحری کھانے کی سعادت حاصل کی۔ دن بھر صبر و استقامت کے ساتھ روزہ رکھ کر شام کے وقت جب انہوں نے افطار کیا تو ان کی خوشی اور مسکراہٹ دیکھنے لائق تھی۔ گھر کے تمام افراد نے ان کی اس حوصلہ مندی کو سراہا اور ان کے پہلے روزے کی خوشی میں گلپوشی کی اور اپنی دعا ؤں سے نوازا۔ بچپن میں ہی عبادات سے جُڑنے اور اسلامی شعائر کو اپنانے کی یہ خوبصورت مثال اس بات کا ثبوت ہے کہ دین کی محبت دلوں میں رچ بس جائے تو عمر کی کوئی قید نہیں رہتی۔ یہ معصوم روزے دار جو آج پہلا روزہ رکھ کر خوشی سے سرشار ہیں، کل دین کا روشن چراغ بن کر جگمگائیں گے، ان شاء اللہ ۔