किया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

۷۵ویں سالانہ تبلیغی اجتماع

تحریر: عارف عزیز(بھوپال)

ہندوستان میں مذہبی یا ملی جماعتوں کی کمی نہیں، بہت سی ایسی تنظیمیں ہیں جو اپنے اپنے طریقہ پر کام کررہی ہیں بیشتر جماعتوں کا دائرہ کار ایک شہر، علاقے یا ریاست تک محدود ہے، بعض ملک گیر پیمانے پر اپنی حیثیت واستعداد کے مطابق کام کررہی ہیں مختلف طریقوں سے امت مسلمہ کی خدمت انجام دینا، ان کی تعمیر واصلاح پر توجہ مرکوز رکھنا یا اسلام کا پیغام عوام الناس تک پہونچانا ان سبھی جماعتوں کا مقصد اور کام ہے لیکن تبلیغی جماعت کا اثر ورسوخ اور دائرہ سب سے الگ اور نہایت وسیع بلکہ ہمہ گیر ہے اور اس کو سب سے زیادہ فعال یعنی کام کرنے والی بلکہ عملی جماعت بھی کہا جاسکتا ہے۔
تبلیغی جماعت (دعوت واصلاح کی تحریک) کا آغاز آج سے کوئی ۹۰ سال پہلے نہایت خاموشی کے ساتھ ہوا، اس کے داعیوں میں نہ تو کسی قسم کی حرص وہوس کا جذبہ تھا نہ شہرت واقتدار کی فکر بلکہ وہ اس کے وسیلے سے امت کے بگاڑ کو دور کرنا اور اس کے اصلاح کا کام کرنا چاہتے تھے تاکہ دنیا میں مسلمان من حیث القوم نیک اور اچھے انسان بنیں اور موت کے بعد آنے والی ان کی حیات ابدی کا مسئلہ بھی حل ہوجائے۔
حضرت مولانا محمد الیاس صاحب کاندھلوی ؒ نے اس کام کا آغاز میوات کے اس علاقہ سے کیا جہاں غیر اسلامی رسوم، بدعات، جہالت اور دیگر معاشرتی برائیاں عام تھیں اور میواتی حضرات پر محنت کرکے انہیں اس لائق بنایا کہ وہ دین کی دعوت اور اپنی اصلاح کی فکر لیکر دوسرے شہروں، علاقوں اور ملکوں میں پہونچیں اور اپنی ٹوٹی پھوٹی زبان سے اسے اپنے دوسرے دینی بھائیوں کے سامنے پیش کرکے ان میں اصلاح کی فکر پیدا کریں اور مقامی ماحول سے باہر نکال کر ۲۴ گھنٹے ان کی تربیت اور احتساب کا ایک کورس کرائیں تاکہ وہ سمجھ سکیں کہ اسلامی زندگی کیا ہے اور ہم سے وہ کن عقائد ، اعمال اور جذبات کی متقاضی ہے۔
اللہ تعالیٰ تبلیغی جماعت کے بانیوں کو کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے وہ وقت کی ضرورت اور مفید اس کام کی بنیاد ڈالے گئے، شروع شروع میں اس خاموش تحریک کے بارے میں طرح طرح کی غلط فہمیاں پیدا ہوئیں اپنے اور پرایوں سب نے اسے احتساب کی نظر سے دیکھا لیکن جو بھی اس کے قریب آئے وہ اس کام کی ضرورت واہمیت سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے اس طرح دعوت واصلاح کا یہ کام نہ صرف ہمارے ملک میں بلکہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی پھیلتا گیا اور آج سارا عالم اس کی سرگرمیوں کا مرکز بنا ہوا ہے۔
تبلیغی جماعت کے بانیوں کے اخلاص اور امت مسلمہ کے تئیں حقیقی درد مندی کا ہی نتیجہ ہے کہ یہ کام بغیر کسی بگاڑ کے الحمدللہ جاری ہے جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ جب تک تم اپنی عزیز ترین شئے کی قربانی نہ کروگے انعام نہیں پاسکتے، تبلیغی جماعت کا کام اسی ربانی ہدایت کے مطابق چل رہاہے لوگ اپنے وقت، اپنی دولت، اپنی قابلیت وصلاحیت کی قربانی پیش کرکے نہ صرف اپنے شہر وعلاقوں میں بلکہ دوسرے شہروں اور ملکوں میں بھی جارہے ہیں پہلے تین دن کیلئے لوگوں کا نکلنا دشوار ہوتا تھا آج چالیس دن چار ماہ اور ایک سال کے لئے لوگ بلا تکلف اپنے کاموں کو پس پشت ڈال کر راہ خدا میں نکل جاتے ہیں ان کے پاس اپنا رخت سفر ہوتا ہے اور ایک طے شدہ نظام کے تحت وہ اپنا وقت گزارتے اور دوسروں کو اس کی دعوت دیکر ساتھ چلنے کی تلقین کرتے ہیں اور نکلتے ہیں ان کی تربیت واصلاح کا اہم کام بھی ہوتا ہے۔

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor aitebar news, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے