कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

کتاب انسان کی شخصیت کو سنوارتی ہے: ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے

ناندیڑ:16؍مارچ (نمائندہ اعتبار) انسانوں میں مثبت تبدیلی پیدا کرنے کی طاقت کتاب پڑھنے میں ہوتی ہے۔ قوانین یا ضابطوں کی بنیاد پر تبدیلی پیدا نہیں کی جا سکتی بلکہ وہ خود ترغیبی سے ہی آتی ہے، اس لئے ہر شخص کو مطالعہ کی عادت کو فروغ دینا چاہئے۔ یہ بات ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے نے کہی۔وہ ناندیڑ گرنتھ اُتسو 2025 ءکے اختتامی موقع پر (15 مارچ) مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے۔ پروگرام کی صدارت ڈاکٹر اچیوت بن نے کی۔ اس موقع پر اسٹیج پر سابق ضلع پریشد صدر سنبھاجی راؤ دھولگنڈے، ضلع پلاننگ آفیسر ارجن جھاڑے، ضلع ٹریژری آفیسر وکرم دیشمکھ، تعلیمی آفیسر دلیپ بنسوڑے، ناشر نرمل کمار سوریہ ونشی، لائبریری آفیسر انل سوریہ ونشی، انسپکٹر پرتاپ سوریہ ونشی، راجیندر ہمبیرے، گووند وڈگاؤکر وغیرہ موجود تھے۔ضلع کلکٹر کرڈیلے نے کہا کہ مجھے بچپن سے مطالعہ کی عادت ہے۔ کتابوں پر کی گئی سرمایہ کاری زندگی میں بہت کچھ دے جاتی ہے۔ مصنفین اپنی تحریروں کے ذریعے بیک وقت ہزاروں لوگوں سے گفتگو کرتے ہیں۔ ہمیں تمام زبانوں کی کتابیں پڑھنی چاہئیں۔ مراٹھی زبان کو ایک عظیم ادبی ورثہ حاصل ہے۔ موبائل کے اس دور میں مطالعہ کرنا گویا بہاؤ کے خلاف تیرنے کے مترادف ہے، تاہم اس چیلنج کو قبول کرنا ضروری ہے۔انہوں نے بتایا کہ مصروفیات کے باوجود وہ مطالعہ کی عادت برقرار رکھے ہوئے ہیں اور اس وقت سیتو مادھو پگڈی کی تصنیف اور آنجہانی نرہر کُروندکر کے مقدمہ پر مشتمل کتاب ’’چھترپتی شیواجی‘‘ پڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ اس پروگرام میں سرکاری رسم کے طور پر نہیں بلکہ ایک قاری اور کتاب دوست کی حیثیت سے شریک ہوئے ہیں۔ مطالعہ کی تحریک کو فروغ دینا صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ سماج کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔اس موقع پر تعلیمی آفیسر دلیپ بنسوڑے نے کہا کہ اسکول کے طلبہ کو کتابیں دے کر ان میں مطالعہ کا شوق پیدا کیا جانا چاہئے۔ سابق ضلع پریشد صدر سنبھاجی راؤ دھولگنڈے نے کہا کہ لائبریری کے ملازمین بہت کم مشاہرہ پر کام کر رہے ہیں، اس لئے ان کے مشاہرے میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے لائبریری شعبہ کے مسائل حل کرنے کی بھی امید ظاہر کی۔اس پروگرام میں ضلع منصوبہ بندی آفیسر ارجن جھاڑے اور راجیندر ہمبیرے نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ صدرِ اجلاس ڈاکٹر اچیوت بن نے مراٹھی زبان کے استعمال کو بڑھانے کی اپیل کرتے ہوئے بتایا کہ’’بن ساہتیہ پرتشتھان‘‘ کی جانب سے گزشتہ پچیس برسوں سے ادبی انعامات دیئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مطالعہ کے شوق کی وجہ سے وہ عالمی ادبی کانفرنسوں اور دیگر پروگراموں کے لئے اب تک 55 ممالک کا دورہ کر چکے ہیں۔اس موقع پر گرنتھ اُتسو کے کامیاب انعقاد میں تعاون کرنے والوں اور قارئین کا بھی اعزاز کیا گیا۔ پروگرام میں عوامی کتب خانوں کے عہدیداران، ملازمین اور طلبہ بڑی تعداد میں موجود تھے۔ پروگرام کا تعارفی کلام گووند فاجگے نے پیش کیا، نظامت چندرکانت تگڑپھلّے نے انجام دی، جبکہ شکریہ ضلع لائبریری آفیسر انل سوریہ ونشی نے ادا کیا۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے