कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

ڈاکٹر ذاکر حسین پرائمری اسکول سیلومیں تقسیمِ انعامات کا عظیم الشان پروگرام

سیلو:31؍جنوری ( ضلع نامہ نگار اعتبار نیوز محمد سرور شریف پربھنی): پربھنی ایجوکیشن سوسائٹی پربھنی کے زیرِ انتظام ڈاکٹر ذاکر حسین پرائمری اسکول، سیلو ضلع پربھنی میں صدر مدرس محمد عبدالعلیم صوفی کی سرپرستی میں جشنِ یومِ جمہوریہ کی مناسبت سے منعقدہ مختلف تعلیمی، ثقافتی اور کھیلوں کے مقابلوں کی تقریبِ تقسیمِ انعامات نہایت تزک و احتشام کے ساتھ منعقد کی گئی۔ اس تقریب کے پہلے سیشن کا آغاز مدینہ فنکشن ہال میں صبح 9 بجے صدر مدرس محمد عبدالعلیم کی صدارت میں ہوا، جس میں مہمانِ خصوصی کے طور پر حافظ جنید صاحب ندوی نے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز جماعت سوم کے طالب علم زید شیخ خضر کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جبکہ مدیحہ ناصر شیخ نے ہدیہ نعت پیش کیا۔ صدرِ مجلس محمد عبدالعلیم صوفی نے والدین اور طلبہ سے مخاطب ہوتے ہوئے تعلیم کے میدان میں سخت محنت کی تلقین کی اور سرپرستوں کو ہدایت دی کہ وہ بچوں کو صبح جلد بیدار کرنے، صاف ستھرا لباس پہنانے اور ہوم ورک کی پابندی کروانے پر توجہ دیں۔تقریب کا دوسرا سیشن الحاج محمد رئیس قاسمی صاحب (خطیب و امام مدینہ مسجد، سیلو) کی صدارت میں منعقد ہوا، جس کا آغاز عمر اشفاق احمد جماعت ہفتم کےطالب علم کی تلاوت اور آسیہ شیخ اشرف کی نعتِ نبی ﷺ سے ہوا۔ اس موقع پر کلیم صاحب بیلدار (ضلع صدر بیلدار سماج سیوا سنگھ)، محمد اسحاق صاحب (پترکار)، اور سید حامد صاحب (نمائندہ اورنگ آباد ٹائمز) بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے، جبکہ کیریئر کونسلر امیر خان صاحب نے خصوصی شرکت کی۔ جناب امیر خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کے دور میں تعلیم ہی دنیا فتح کرنے کا ذریعہ ہے، انہوں نے والدین کو بیٹیوں کو اعلیٰ تعلیم دلوانے اور ان کے روشن مستقبل کے لیے قربانی دینے پر زور دیا۔امیر خان صاحب نے اپنے ولولہ انگیز خطاب میں ایک شعر کے ذریعے طلبہ کی ہمت افزائی کی:
’’ترقیوں کے دور میں زور اسی کا چل گیا
بنا کے اپنا راستہ جو بھیڑ سے نکل گیا‘‘
انہوں نے والدین کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی بیٹیوں کو پردے کی حدود میں رہتے ہوئے اعلیٰ تعلیم دلوائیں، کیونکہ آج سبزی فروشوں اور آٹو رکشہ ڈرائیوروں کی بیٹیاں بھی IAS اور IPS بن کر ملک کا نام روشن کر رہی ہیں۔
جناب سید حامد صاحب نے طلبہ کو اردو پڑھنے اور اخبار بینی، بالخصوص اورنگ آباد ٹائمز کے مطالعے کی تلقین کی تاکہ وہ اسلامی تعلیمات اور اسلاف کے واقعات سے جڑے رہیں۔صدارتی خطاب میں الحاج محمد رئیس قاسمی نے اسکول کی ہمہ جہت تعلیمی سرگرمیوں اور صدر مدرس کی کاوشوں کی بھرپور ستائش کی۔ پروگرام کے آغاز میں تمام مہمانوں کا استقبال شال اور گل پیش کر کے کیا گیا۔ اس عظیم الشان پروگرام کو کامیاب بنانے میں اسکول کے اساتذہ ارشاد خان، رضوان سر، محمد لئیق سر، احمد سر، حافظ محمد جنید ندوی، محمد شفیق اور محمد صابر کے ساتھ تمام معلمات نے انتھک محنت کی۔ تقریب میں کثیر تعداد میں طلبہ اور سرپرستوں نے شرکت کر کے بچوں کی حوصلہ افزائی کی۔ تمام طلبہ و طالبات کو خوبصورت سرٹیفکیٹ ،گولڈ میڈل، سلور میڈل اور دیگر انعامات سے نوازا گیا اس طرح پروگرام کا اختتام محترمہ شیخ روشن جہاں صاحبہ کے شکریہ پر عمل میں آیا۔

 

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے