कया अप भी अपने न्यूज़ पेपर की वेब साईट बनाना चाहते है या फिर न्यूज़ पोर्टल बनाना चहाते है तो कॉल करें 9860450452 / 9028982166 /9595154683

وقف ترمیمی بل کے ممکنہ نقصانات اور قوم پراس کے اثرات

تحریر:سید شاہ واصف حسن واعظی
9235555776

وقف املاک کاقوم کی بہبودی میں ایک اہم کردارہ ہوتاہے۔دراصل یہ املاک مسلمانوں کی فلاح و بہبود، مذہبی، تعلیمی اور سماجی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتی رہی ہیں۔ صدیوں سے ان املاک کا نہ صرف مذہبی مقاصد سے استعمال کیا جاتا رہا ہے بلکہ مدارس، یتیم خانے، ہسپتال، رفاہی ادارے اور دیگر سماجی خدمات کیلئے بھی وقف کیا گیا ہے۔ تاہم حالیہ وقف ترمیمی بل کے ذریعے حکومت کو یہ اختیار حاصل ہو گیا ہے کہ وہ ان املاک کوعوامی مفاد کے نام پر اپنی تحویل میں لے سکتی ہے، جو مسلمانوں کے لیے ایک سنگین خطرے کا باعث بن سکتا ہے۔
مسلمانوں کو درپیش ممکنہ نقصانات:وقف املاک مسلمانوں کی مذہبی، تعلیمی اور سماجی ترقی میں ایک اہم ستون کی حیثیت رکھتی ہیں۔ ان پر قبضے کے نتیجے میں مسلمانوں کے کئی بنیادی ادارے خطرے میں پڑ سکتے ہیں۔یہ بل مساجد، مدارس اور درگاہوں کو متاثر کرے گا۔ وقف کی زمینوں پر قائم مساجد، مدارس، اور درگاہوں کی خودمختاری ختم ہو جائے گی اور ان کی دیکھ بھال حکومت کے کنٹرول میں ہوجائے گی۔اس سے یتیم خانے اور فلاحی ادارے بند ہو سکتے ہیں۔یتیم خانوں اور رفاہی اداروں کو مالی بحران کا سامنا کرنا پڑسکتاہے کیونکہ ان کا انحصار وقف کی جائیدادوں سے حاصل ہونے والی آمدنی پر ہوتا ہے۔
وقف بورڈز کی خودمختاری ختم ہو جائے گی:حکومت وقف بورڈز کے فیصلوں میں براہ راست مداخلت کر کے ان کے مالی اور انتظامی اختیارات کو محدود کر سکتی ہے۔وقف زمینوں کو سرکاری یا نجی منصوبوں کیلئے استعمال کیا جا سکے گا جس کے نتیجے میں مسلمانوں کی املاک ان کے ہاتھوں سے نکل جائیں گی اور وہ بے اختیار ہو جائیں گے۔
عبادت گاہوں کی بے حرمتی اور زوال:مسلمانوں کی مساجد اور دیگر مقدس مقامات ہمیشہ سے وقف املاک کا ایک لازمی حصہ رہے ہیں۔ اگر حکومت ان کو تحویل میں لے لیتی ہے تو کئی سنگین مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔مساجد کی مرمت اور دیکھ بھال حکومتی کنٹرول میں آ جائے گی۔ یہ خدشہ ہے کہ حکومت اپنی پالیسی کے مطابق ان کی تزئین و آرائش کرے گی اور مسلمانوں کی مرضی اور ضروریات کو نظر انداز کرسکتی ہے۔
بعض مساجد کو تاریخی ورثہ قرار دے کر ان کے استعمال پر پابندی لگائی جا سکتی ہے: کئی تاریخی مساجد کو اس قانون کے تحت عام نمازوں کیلئے بند کیا جا سکتا ہے یا ان کے استعمال کو محدود کیا جا سکتا ہے۔نئے مساجد اور اسلامی مراکز کے قیام پر مزید سختیاں عائد ہو سکتی ہیں۔پہلے ہی مسلمانوں کے عبادتی مراکز پر مختلف قسم کی پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں اور اس قانون کے بعد مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
تعلیمی اداروں پر اثرات:وقف املاک پر قائم مدارس اور اسلامی تعلیمی ادارے ہمیشہ سے مسلمانوں کے تعلیمی نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اس قانون کے نفاذ کے بعد ان اداروں کو کئی چیلنجزکاسامناکرپڑسکتاہے۔اس سے مدارس کی خودمختاری ختم ہو جائے گی۔ حکومت ان مدارس پر کنٹرول حاصل کر سکتی ہے، جس سے ان کے نصاب، اساتذہ کی تعیناتی اور دیگر امور میں مداخلت کا امکان بڑھ سکتا ہے۔اسلامی تعلیمات کو محدود کرنے کی کوششیں کی جا سکتی ہیں۔ اسلامی مدارس کو نشانہ بنا کر وہاں کے نصاب میں تبدیلیاں کی جا سکتی ہیں، جومسلمانوں کے مذہبی تشخص کو متاثر کر سکتا ہے۔مسلمانوں کے فلاحی ادارے مالی بحران کا شکار ہو سکتے ہیں۔ مدارس اور دیگر تعلیمی ادارے وقف کی آمدنی پر انحصار کرتے ہیں، اگر ان کی زمینیں چھین لی جاتی ہیں تو یہ ادارے مالی طور پر کمزور ہو جائیں گے جس سے ہزاروں طلبہ اور اساتذہ متاثر ہوسکتے ہیں۔
مسلمانوں کے معاشی اور سماجی بحران میں اضافہ:وقف املاک سے ہونے والی آمدنی مسلمانوں کی معیشت میں ایک کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ اگر یہ املاک سرکاری تحویل میں چلی جاتی ہیں تولاکھوں مسلمان بے روزگار ہو سکتے ہیں۔ وقف کی جائیدادوں سے کئی کاروبار اور روزگار کے مواقع وابستہ ہیں، جو اس قانون کے نفاذکے بعد ختم ہو سکتے ہیں۔علاوہ ازیں ہسپتال،اسکالرشپ پروگرام اوردیگر رفاہی کام جو وقف املاک کی آمدنی پر چلتے ہیں، بری طرح متاثر ہو سکتے ہیں۔مسلمانوں کا حکومت پر انحصار بڑھ جائے گاکیونکہ جب مسلمان اپنی ہی املاک سے محروم ہو جائیں گے تو وہ سرکاری امداد اور فنڈز پر انحصار کرنے پر مجبور ہوں گے جس سے ان کی خودمختاری مزید کم ہو جائے گی۔
ملی قیادت پر اثرات:یہ قانون نہ صرف مسلمانوں کی املاک پر قبضے کی راہ ہموار کرے گا بلکہ ان کی قیادت کو بھی شدید نقصان پہنچاسکتاہے۔حکومت اس قانون کی مخالفت کرنے والے علماء ، دانشوروں اور سماجی کارکنوں کے خلاف کارروائی کر سکتی ہے۔علماء اور مذہبی رہنماؤں پر مقدمات درج کیے جا سکتے ہیں۔ اگر وہ اس قانون کے خلاف آواز بلند کرتے ہیں تو ان پر مختلف الزامات لگا کر انہیں قانونی جنگ میں الجھایا جا سکتا ہے۔انکے خلاف گرفتاریوں اور مقدمات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ ملی قیادت کو کمزور کرنے کیلئے انہیں جیلوں میں ڈالا جا سکتا ہے یاان کے اداروں کو زبردستی بند کیا جا سکتا ہے ۔ان کے اداروں کو غیرقانونی قرار دیاجاسکتاہے۔ دینی مدارس، رفاہی تنظیمیں اور دیگر اسلامی اداروں کو حکومتی کنٹرول میں لے کر ان کی سرگرمیوں کو محدود کیا جا سکتا ہے۔مسلم تنظیموں کے مالی ذرائع ختم کیے جا سکتے ہیں۔حکومت ان کے فنڈز پر روک لگا سکتی ہے جس سے وہ مسلمانوں کی خدمت کرنے کے قابل نہیں رہیں گے۔ان پر ملک مخالف سرگرمیوں کا الزام لگایا جا سکتا ہے۔ بعض ملی تنظیموں پر دہشت گردی یا غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا جھوٹا الزام لگا کر انہیں نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ان کے اداروں کو حکومتی کنٹرول میں لے کر ان کے اثر و رسوخ کو کم کیا جا سکتا ہے۔ نتیجتاً مسلمانوں کی قیادت کمزور ہو جائے گی اور وہ اپنے بنیادی حقوق کیلئے مؤثر جدوجہد نہیں کر سکیں گے۔مسلمانوںکی شناخت ملک سے بالکل ختم ہوسکتی ہے۔
ممکنہ حکمت عملی اور حل:مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ اس خطرے کے خلاف متحد ہو کر مختلف سطحوں پر مؤثر حکمت عملی اپنائیں،قانونی جنگ لڑیں،وقف املاک کے تحفظ کیلئے عدالتوں میں مضبوط مقدمے دائر کیے جائیں،سیاسی بیداری پیدا کریں، سیاسی جماعتوں اور قائدین کو اس مسئلے پر متحرک کیا جائے تاکہ حکومت پر دباؤ ڈالا جا سکے۔سماجی سطح پر متحد ہوں،مسلم کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر اجتماعی جدوجہد کی جائے تاکہ حکومت کو اس قانون پر نظرثانی پر مجبور کیا جا سکے۔وقف ترمیمی بل مسلمانوںکیلئے ایک سنگین خطرہ ہے، اس لیے ضروری ہے کہ مسلمان اس کے خلاف بروقت اقدامات کریں اور اپنے حقوق کا بھرپور دفاع کریں۔

Misbah Cloth Center Advertisment

Shaikh Akram

Shaikh Akram S/O Shaikh Saleem Chief Editor Aitebar News, Nanded (Maharashtra) Mob: 9028167307 Email: akram.ned@gmail.com

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے